باب

1 ۔اور خُداوند نے موسیٰ اور ہارون سے کلام کر کے فرمایا۔ 2 ۔ کہ لاویوں کر درمیان سے سب بنی قہات کا اُن کے خاندانوں اور آبائی گھرانوں کے مطُابق شُمار کرو۔ 3 ۔تیس برس کی عُمر سے اُوپر پچاس برس تک جو لشکر میں شامل ہو خیمہ اجتماع کی خدمت کرے۔ 4 ۔اور خیمہ اجتماع میں نہایت مقُدس چیزوں کے متُعلق بنی قہات کی یہ خدمت ہوگی۔ 5 ۔ جب خیمہ گاہ کا کُوچ ہو تو ہارون اور اُس کے بیٹے آئیں اور پردے کو اُتاریں۔ اور اُسے صندُوقِ شہادت پر لپیٹیں۔ 6 ۔ اور اُس پر تحس کی کھالوں کا غلاف ڈالیں اور اُس کے اُوپر کپڑا سارا آسمانی رنگ کا بچِھائیں اور اُس کے چوبیں ڈالیں۔ 7 ۔ اور نَذر کی روٹی کی میز کے اُوپر آسمانی رنگ کا کپڑا بچِھائیں۔ اور اُس پر خوانچے اور کٹورے اور آفتابے اور تپاون کے پیالے رکھیں۔ اور دائمی روٹی اُس پر ہو۔ 8 ۔تب اُس پر قرمزی رنگ کا کپڑا بچِھائیں۔ اور تحس کی کھالوں کےغلاف میں اُنہیں لپیٹیں اور اُس کی چوبیں ڈالیں۔ 9 ۔ اور آسمانی رنگ کا کپڑا لیں۔ اور اُس میں روشنی کا شمعدان اور اُس کے چراغ اور اُس کے گلگیر اور اُس کی رکابیاں اور اُس کے سب برتن جِن سےخدمت کی جاتی ہے لپیٹیں۔ 10 ۔اور اُنہیں اور سب برتنوں کو تحس کی کھالوں کے غلاف میں ڈالیں۔ اور اُنہیں ایک چوب پر رکھیں۔ 11 ۔اور سونے کے مذبح پر آسمانی کپڑا بِچھائیں اور تحس کی کھالوں کے غلاف میں اُنہیں لپیٹیں اور اُس کی چوبیں ڈالیں۔ 12 ۔اور خدمت کے سب برتنوں کو جِن سے مقَدس میں خدمت کی جاتی ہےلے کر آسمانی کپڑے میں لپیٹیں اور اُنہیں تحس کی کھالوں کے غلاف سے ڈھانپیں۔ اور اُنہیں ایک چوب پر رکھیں۔ 13 ۔اور مذبح کی راکھ نکال ڈالیں اور اُس پر ارغوانی کپڑا بِچھائیں۔ 14 ۔اور اُس پر سب برتن جن سے خدمت کی جاتی رکھیں۔ سیخیں اور انگیٹھیاں اور بیلچے اور پیالے اور مذبح کے تمام برتن۔ اور تحس کی کھالوں کے غلاف سے اُسے ڈھانپیں اور اُس کی چوبیں ڈالیں۔ 15 ۔جب خیمہ گاہ کے کُوچ کے وقت ہارون اور اُس کے بیٹے پاک چیزوں کو اور اُس کے سامان کو ڈھانپ چُکیں۔ تو اُس وقت بنی قہات اُٹھانے کو آئیں۔ لیکن پاک چیزوں کو نہ چھوئیں تاکہ ہلاک نہ ہوں۔ خیمہ اجتماع سے یہی چیزیں بنی قہات اُٹھائیں گے۔ 16 ۔ اور یہ چیزیں الیعزر بِن ہارون کاہِن کے سپُرد ہوں گی۔ روشنی کا تیل اور خُوشبودار بخُور اور دائمی نَذر کی قُربانی اور مسح کا تیل اور سب مَسکن کی سپُردگی اور جو پاک چیزیں اُس میں ہیں اور اُس کا سامان۔ 17 ۔اور خُداوند نےموسیٰ اورہارون سے کلام کر کے فرمایا۔ 18 ۔ کہ تم بنی قہات کے خاندانوں کے قبیلہ کو لاویوں کے درمیان سے ہلاک نہ ہونے دو۔ 19 ۔ بلکہ اُن سے ایسا کرو تاکہ وہ جیتے رہیں۔ اور جب قُدس الاقدس کے نزدِیک آئیں تو مر نہ جائیں ۔ہارون اور اُس کے بیٹے اندر جائیں اور وہ اُن میں سے ہر ایک کی خدمت اور بوجھ مقُرر کریں۔ 20 ۔ وہ ایک لمحہ کے لئے بھی اندر جا کر پاک چیزوں پر نظر نہ کریں ورنہ مر جائیں گے۔ 21 ۔اور خُداوند نے موسیٰ سے کلام کر کے فرمایا۔ 22 ۔کہ سب بنی جیرسون کا بھی اُن کے آبائی گھروں اور خاندانوں کے مطُابق شُمار کر۔ 23 ۔تیس برس کی عُمر سے لے کر اُوپر پچاس تک۔ سب جو لشکر میں داخِل ہوں۔ اُنہیں خیمہ اجتماع کی خدمت کے لئے گن۔ 24 ۔اور جیرسونیوں کے خاندانوں کی خدمت کام کرنے میں اور بوجھ اُٹھانے میں یہ ہوگی۔ 25 ۔ وہ یہ چیزیں اُٹھائیں گے۔ مَسکن کے پردے اور خیمہ اجتماع اور اُس کا غلاف اور تحس کی کھالوں کا غلاف جو اُس کے اُوپر ہےاور خیمہ اجتماع کے دروازہ کاپردہ۔ 26 ۔اور صحن کے پردہ اور مَسکن اور مذبح کے گرِد کے صحن کے دروازہ کا پردہ اور رَسّے اور باقی سامان جو اُس کی خدمت کے لئے ضُروری ہےاور سب کچھ جو اُس کے واسطے کرنا ہوگا وہ کریں گے۔ 27 ۔ بنی جیرسون کی سب خدمت بوجھ اُٹھانے کی اور باقی کام کرنے کی اور اپنے بوجھوں کی حِفاظت کے حُکم کی ہارون اور اُس کے بیٹوں کے کہنے کے مطُابق ہوگی۔ 28 ۔ خیمہ اجتماع میں بنی جیرسون ؔ کے خاندانوں کی یہ خدمت اور اُن کی حِفاظت اِتمر بِن ہارون کاہِن کے ماتحت ہوگی۔ 29 ۔اور تُو بنی مراری کا اُن کےخاندانوں اور آبائی گھروں کے مطُابَق شُمار کر۔ 30 ۔ تیس برس کی عُمر سے لے کر پچاس تک ۔ سب جو لشکروں میں شامل ہوں۔اُنہیں خیمہ اجتماع کی خدمت کے لئے گن۔ 31 ۔اور اُن کے بوجھ اور خیمہ اجتماع کی تمام خدمت سے اُن کے لئے یہ مقُرر ہیں۔ مسَکن کے تختے اور اُس کے پُشتی بان اور اُس کے ستُون اور اُس کے پائے۔ 32 ۔اور صحن کے ستُون جو اُس کے گرِد ہیں اور اُن کے پائے اور اُن کی میخیں اور اُن کے رسّے سب برتن اور باقی خدمت کی چیزیں۔اور اُنہیں سب سامان جس کا اُٹھانا اُن کے لئے مقُرر ہے نام بنام سپُرد کر۔ 33 ۔ یہ مراری کے خاندانوں کی خدمت ہے ۔ خیمہ اجتماع میں اُن کی سب خدمت ہارون کاہِن کے بیٹے اِتمر کے ماتحت ہوگی۔ 34 ۔ خدمت گزُار لاویوں کا شُمار تب موسیٰ اور ہارون اور جماعت کے رئیسوں نے بنی قہات کا اُن کے خاندانوں اور آبائی گھرانوں کے مطُابق شُمار کیِا۔ 35 ۔تیس برس کی عُمر سے لے کر پچاس برس تک سب جو لشکر میں شامل تھے ۔خیمہ اجتماع کی خدمت کے لئے۔ 36 ۔ تو اُن میں سے جو اپنے خاندانوں کے مطُابِق گنے گئے ۔وہ دو ہزار سات سو پچاس تھے ۔ 37 ۔قہاتیوں کے خاندانوں سے یہی وہ ہیں جو گنِے گئے کہ خیمہ اجتماع کی خدمت کریں۔ خُداوند کے حُکم کے بموجب جو موسیٰ کی زُبان سے تھا ۔ موسیٰ اور ہارون نے اُنہیں گنا۔ 38 ۔اور بنی جیرسون بھی اپنے خاندانوں اور اپنے آبائی گھرانوں کے مطُابِق گنے گئے۔ 39 ۔ تیس برس کی عُمر سے لے کر پچاس تک سب جو لشکر میں داخِل تھے خیمہ اجتماع کی خدمت کے لئے۔ 40 ۔اور وہ اپنے خاندانوں اور آبائی گھرانوں کے مطُابِق دو ہزار چھ سو تیس گنے گئے۔ 41 ۔یہ وہ ہیں جو بنی جیرسون کے خاندانوں سے خیمہ اجتماع کی خدمت کے لئے گنے گئے موسیٰ اور ہارون نے اُنہیں خُداوند کے حُکم کے بموجب گنا۔ 42 ۔اور بنی مراری بھی اپنے خاندانوں اور آبائی گھرانوں کے مطُابِق گنے گئے۔ 43 ۔تیس برس کی عُمر سے لے کر پچاس برس تک سب جو لشکر میں داخِل تھے۔خیمہ اجتماع کی خدمت کے لئے۔ 44 ۔اوروہ اپنے خاندانوں کے مطُابق تین ہزار دو سو تھے۔ 45 ۔یہ وہ ہیں جو بنی مراری کے خاندانوں سے گنے گئے ۔جِنہیں خُداوند کے حُکم کے مطُابق جو موسیٰ کی زُبان سے تھا ۔ موسیٰ اور ہارو ن نے گنا۔ 46 ۔تو لاویوں میں سے سب جِنہیں موسیٰ اور ہارون اور اِسرائیل کےرئیسوں نے اُن کے خاندانوں اور آبائی گھرانوں کے مطُابِق شُمار کیِا۔ 47 ۔تیس برس کی عُمر سے لے کر پچاس تک سب جو خیمہ اجتماع میں کام کرنے کی خدمت اور بوجھ اُٹھانے کی خدمت کے لئے داخِل ہُوئے۔ 48 ۔اُن کا شُمار آٹھ ہزارپانچ سَو اَسی تھا۔ 49 ۔خُداوند کے حُکم کے مطُابق جو موسیٰ کی زُبان سے تھا وہ سب مطُابِق اپنی خدمت اور بوجھ کے گنے گئے۔اُنہیں موسیٰ نے جیسا خُداوند نے اُسے فرمایا تھا شُمار کیِا۔