باب

1 ۔ ناپاک اشخاص کا برتاؤ اور خُداوند نے موسیٰ سے کلام کر کے فرمایا۔ 2 ۔ بنی اِسرائیل کو حکم کر کہ ہر ایک مبُروص اور ہر ایک جریان کے مریض کو اور ہر ایک کو جو مرُدہ کے سبب ناپاک ہیں وہ خیمہ گاہ سے باہر نکال دیں۔ 3 ۔مرد ہو یا عورت باہر نکالی جائے تم اُنہیں خیمہ گاہ سے باہر نکال دو۔تاکہ وہ اپنے ڈیروں کو جہاں میَں اُن کے درمیان رہتا ہوںناپاک نہ کریں۔ 4 ۔تو بنی اِسرائیل نےایسا ہی کیِا۔ اور اُنہیں خیمہ گاہ سے باہر نکال دِیا۔ جیسا کہ خُداوند نے موسیٰ کو حُکم دِیا ۔ بنی اِسرائیل نے ویسا ہی کیِا۔ 5 اور خُداوند نے موسیٰ سے کلام کر کے فرمایا۔ 6 ۔بنی اِسرائیل سے کہہ کہ اگر کوئی مرد یا عورت کوئی گنُاہ کرے ۔ جو اِنسان کرتے ہیں اور خُداوند کے حکم کی نافرمانی کرے تو وہ اِنسان تقصیر وار ہوگا۔ 7 ۔وہ اپنے گنُاہ کا جو اُس نے کیِا اِقرار کرےاور اپنے گنُاہ کا پُورا عوض دےاور اُس پر پانچواں حِصہ زیادہ کرے اور جس کا وہ قصوروار ہُؤا ہے۔اُس کے حوالے کرے۔ 8 ۔ اگر اُس شخص کا کوئی وَلی نہ ہوجِسے قصوُر کا معاوضہ دِیا جائے ۔ تو تقصیر کا معاوضہ خُداوند کو دِیا جائے اور وہ کاہِن کا ہوگا۔ علاوہ کفّارہ کے اُس مینڈھے کے جس سے قصُور کا کفّارہ دِیا جائے۔ 9 ۔اور بنی اِسرائیل کی سب مقُدس چیزوں سے جو اُٹھانے کی قُربانی کے طور پر وہ کاہِن کے پاس لائیں وہ اُسی کی ہوں گی۔ 10 ۔اور ہر ایک آدمی کی پاک کی گئی چیزیں اُس کی ہوں گی۔ اور اگر کوئی اِنسان کاہِن کو کوئی چیز دے تو وہ اُس کی ہوگی۔ 11 ۔غیرت کی شریعتاور خُداوند نے موسیٰ سے کلام کر کے فرمایا۔ 12 ۔بنی اِسرائیل سے خطاب کر اور اُن سے کہہ ۔ کہ اگر کسی آدمی کی عورت گمراہ ہوجائے اور اپنے شوہر سے بےوفائی کرے۔ 13 ۔اور کوئی مرد اُس کے ساتھ ہم بِستر ہُوا ہو اور یہ بات اُس کے خاوند سے پوشیدہ ہو اور اُس کی ناپاکی چُھپی رہے۔ اور اُس پر کوئی گواہ نہ ہو اور وہ پکڑی نہیں گئی۔ 14 ۔اور شوہر کو غیرت کا خیال آئے اور اُسے اپنی بیوی سے بدگمانی ہو کہ وہ ناپاک ہے یا وہ غیرت کے خیال سے اپنی بیوی سے بَد گمان ہوخواہ وہ واقعی ناپاک ہُوئی یا نہیں۔ 15 ۔تو وہ مرد اپنی عورت کو کاہِن کے پاس لائے اور اُس عورت کی قُربانی کے لئے جَو کے آٹے کے ایفہ کا دسواں حِصہ لائے ۔ اُس پر تیل نہ ڈالے نہ اُس پر لوبان رکھےکیونکہ یہ غیرت کی نذرہےیعنی یہ یاد دہی کی نذرہے جس سے گنُاہ یاد دِلایا جاتا ہے۔ 16 ۔تب کاہِن اُس عورت کو آگے لائے اور خُداوند کے سامنے اُسے کھڑی کرے۔ 17 ۔اور کاہِن ایک مِٹی کے برتن میں مقُدس پانی لے اور مَسکن کے فرش کی گرد لے کر اُس پانی میں ملائے۔ 18 ۔اور کاہِن اُس عورت کو خُداوند کے سامنے کھڑی کرے اور اُس کا سر ننگا کرے اور یاد دہی کی نَذر کی قُربانی جو غیرت کی نَذر کی قُربانی ہے ۔ اُس کے ہاتھوں پر رکھے اور کاہِن کے ہاتھ میں وہ کڑوا پانی ہو جو لعنت کا باعث ہوگا۔ 19 ۔اور کاہِن عورت کو قسم دے کر کہے کہ اگر کوئی مرد تیرے ساتھ ہم بِستر نہیں ہُؤا ۔ اور اگر تُو اپنے خاوند کی ہوتی ہوئی کسی اور کے ساتھ ناپاک نہیں ہُوئی ۔ تو اِس کڑوے پانی کی تاثیر سے جو لعنت کا باعث ہے تُو بچی رہے گی۔ 20 ۔لیکن اگر تُو اپنے خاوند کی ہوتی ہُوئی کسی اور پر مائل ہُوئی ہےاور اُس کے ساتھ ناپاک ہُوئی ۔ اور غیر نے تیرے ساتھ صحبت کی۔ 21 ۔ تب کاہِن عورت کو لعنت کی قسم دے کر کہے ۔ کہ تیرے لوگوں میں خُداوند تجھے لعنت اور سوگند کرے۔ خُداوند ایسا کرے۔ کہ تیری ران سڑ جائے اور تیرا پیٹ سُوج جائے۔ 22 ۔اور یہ پانی لعنت لانے والا ہے۔ تیری انتڑیوں میں داخِل ہو کر تیرے پیٹ کو سُجائے اور تیری ران کو سڑائے ۔ تب عورت کہے۔ آمین۔ آمین۔ 23 ۔پھر کاہِن اُن لعنتوں کو قلمبند کرے اور کڑوے پانی سے انہیں دھوئے۔ 24 ۔اور کاہِن یہ کڑوا لعنت لگانے والا پانی اُس عورت کو پلائے۔ تو یہ لعنت لگانے والا پانی کڑواہٹ پیدا کرنے کے لئے اُس کے اندر داخل ہوگا۔ 25 ۔مگر اُس سے پہلے کاہِن اِس کے ہاتھ غیرت کی نَذر کی قُربانی لے کر خُداوند کے سامنے اُسے ہلائے اوراُسے مَذبح کے نزدیک لائے۔ 26 ۔اُس کی یاد دہی کی نذ کی قُربانی سے کاہِن ایک مُٹھی لے اور اُسے مذبح پر جلائے۔بعد اُس کے وہ پانی اُس عورت کو پلائے۔ 27 ۔اور جب وہ اُسے وہ پانی پلا چُکے گا۔ تو اگر وہ ناپاک تھی اور اُس نے اپنے خاوند سے بےوفائی کی تھی ۔ تو وہ لعنت کا پانی اُس کے اندر داخِل ہو کر کڑواہٹ پیدا کرے گا۔ تب اُس کا پیٹ سُوج جائے گا۔ اور اُس کی ران سڑجائے گی۔ اور وہ عورت اپنے لوگوں میں لعنت کا نشانہ ہوگی۔ 28 ۔اور اگر وہ عورت ناپاک نہیں ہُوئی تھی بلکہ پاک تھی۔ تو و ہ تندرُست رہے گی اور اُس سے اولاد ہوگی۔ 29 ۔یہ غیرت کی شریعت ہے جب کہ کوئی عورت اپنے خاوند کی ہوتی ہُوئی گمراہ ہواور ناپاک ہوجائے۔ 30 ۔ یا جب مرَد کو غیرت کا جوش ہو اوروہ اپنی بیوی سے بدگمانی کرے اور اُسے خُداوند کے سامنے کھڑا کرے اور اُس سب شریعت کے مطُابق کاہِن اُس کے ساتھ عمل کرے ۔ 31 ۔تو مرد اپنے گنُاہ سے پاک ہوگااور گنُاہ اُس عورت کے سر پر ہوگا۔