باب

1 ۔ بنی لاوی کی مردم شماری ہارون اور موسیٰ کی اولاد یہ ہیں۔ جس روزخُداوند نے کوہِ سیِنا میں موسیٰ سے کلام کیِا۔ تب ہارون کی یہ اولاد تھی۔ 2 ۔ ہارون کے بیٹوں کے نام یہ ہیں ندب پہلوٹھا اور ابیہود اورالیعزر اور اِتمر ۔. 3 ۔یہ نام ہارون کے اُ ن بیٹوں کے ہیں۔ جو ممسُوح کاہِن تھے ۔ جن کے ہاتھ کہانت کرنے کے لئے پا ک کئے گئے 4 ۔اور ندب اور ابیہود خُداوند کے سامنے مرَ گئے ۔ جب اُنہوں نے دشتِ سیِنا میں خُداوند کے سامنے غیر شرعی آگ گزُرانی ۔ اور وہ بے اولاد تھے اور الیعزر اور اِتمر اپنے باپ ہارون کے حضُور کہانت کی خدمت کرتے تھے۔ 5 ۔اور خُداوند نے موسیٰ سے کلام کر کے فرمایا۔ 6 ۔کہ لاوی کے قبیلہ کو لا۔ اور اُنہیں ہارون کاہِن کے آگے کھڑا کر ۔ اور وہ اُس کی خدمت کریں۔ 7 ۔اور وہ خیمہ اجتماع کے آگے اُس کی اور جماعت کی حِفاظت کریں۔ اور مَسکن کی خدمت کے لئے کھڑے رہیں 8 ۔خیمہ اجتماع کا سب سامان اور جو کچھ بنی اِسرائیل کی جماعت کی طرف سے ہے اُن کا ذِمہ ہو۔ اور وہ مَسکن کی خِدمت میں تیار رہیں۔ 9 ۔اور تُو لاویوں کو ہارون اور اُس کے بیٹوں کے سپُرد کر ۔ کیونکہ وہ بنی اِسرائیل کے درمیان سے اُسے بطور نَذرانہ دئیے گئے ہیں۔ 10 ۔اور تُو ہارون اور اُس کے بیٹوں کو مقُرر کر تاکہ کہانت کہ خدمت کریں۔ اور اگر کوئی غیر مخصُوص شخص نزدِیک آئے۔ تو و ہ قتل کیِا جائے گا۔ 11 ۔ اور خُداوند نے موسیٰ سے کلام کر کے فرمایا۔ 12 ۔ کہ بنی اِسرائیل میں سے میَں نے لاویوں کو سب پہلوٹھوں کے بدلے جو بنی اِسرائیل میں رحم کو کھولیں لے لیِا ہے ۔ سو لاوی میرے ہوں گے۔ 13 ۔ کیونکہ سب پہلوٹھے میرے ہیں۔جس دِن میں نے ملکِ مصر میں سارے پہلوٹھے مارے تو میَں نے بنی اِسرائیل میں اِنسان اور حیوان کے سب پہلوٹھوں کو اپنے لئے مخصُوص کیِا پس وہ میرے ہوں گے میَں خُداوند ہوں۔ 14 ۔ اور خُداوند نے دشتِ سیِنا میں موسیٰ سے کلام کر کے فرمایا۔ 15 ۔کہ بنی لاوی کا اُن کے آبائی گھرانوں اور خاندانوں کے مطُابِق شُمار کر۔ہر ایک مرَد ایک مہینہ اور اُس سے زیادہ کا گنِا جائے۔ 16 ۔تب موسیٰ نے بموجب خُداوند کے فرمان کے جیسا اُس نے فرمایا تھا شُمار کیِا۔ 17 ۔سو لاوی کے بیٹوں کے یہ نام تھے۔ جیرسون اور قہات اور مراری ۔ 18 ۔ اور جیرسون کی اولاد اپنے گھرانوں کے مطُابق یہ تھی۔ لبِنی اور سمعی۔ 19 ۔ اور قہات کے اولاد اپنے گھرانوں کے مطُابق عمرام اور اضہار اور حبِرون اور عُزی ایل۔ 20 ۔ اور مراری کی اولاد اپنے گھرانوں کے مطُابق محلی اور موُشی تھے ۔ سو یہ لاویوں کے خاندان اُن کے آبائی گھرانوں کے تھے۔ 21 ۔ لاوی کے گھرانوں کے فرائض جیرسون سے لبِنی کا گھرانااور سمعی کا گھرانا تھا۔ یہ دونو ں جیرسونیوں کے گھرانے تھے۔ 22 ۔ اُن میں سے کل مرَدوں کا شُمار ایک مہینہ اور اُس سے زیادہ کے سات ہزار پانچ سَو تھا۔ 23 ۔ اور جیرسون کے گھرانے مَسکن کے پیچھے مغرب کی جانِب ڈیرا کریں۔ 24 ۔ اور جیرسونیوں کے آبائی گھرانوں کا رئیس الیاسف بِن لاایل ہوگا۔ 25 ۔اور خیمہ اجتماع میں سے بنی جیرسون اِن چیزوں کی حِفاظت کریں گے۔ مَسکن اور اِن کے غلاف اور اُس کے پردہ اور خیمہ اجتماع کے دروازے کے پردہ۔ 26 ۔ اور صحن کے پردوں اور مَسکن اور مذبح کے گرِد صحن کے دروازہ کا پردہ اور سب رسیّوں کی جو کام میں آتی ہیں 27 ۔ اور قہات سے عُمرامیوں اوراضہاریوں اور حبرونیوں اور عُزی ایلیوں کے گھرانے تھے۔ قہاتیوں کے گھرانے یہ تھے۔ 28 ۔ اُن کے سب مرَدوں کا شُمار ایک مہینہ اور اُس سے زیادہ کے آٹھ ہزار تین سَو تھا۔ مقَدس کی حِفاظت اِ ن کے ذِمہ ہوگی۔ 29 ۔ اور بنی قہات کے گھرانے مَسکن کی ایک طرف جنُوب کی جانِب ڈیرے لگائیں۔ 30 ۔اور قہاتیوں کے گھرانوں کے آبائی گھرانا کا رئیس الیصفن بِن عُزی ایل ہوگا۔ 31 ۔ اور وہ اِن چیزوں کی حِفاظت کریں گے۔ صندُوق اور میز اور شمعدان اور مذبح اور مقَدس کا سامان جِن سے وہ خدمت کرتے ہیں اور پردہ اور سب اُس کی خدمت کی چیزیں۔ 32 ۔اور لاویوں کے رئیسوں کا رئیس کاہِن الیعزر بِن ہارون اُن کا جو مقَدس کی حِفاظت کرتے ہیں سردار ہوگا۔ 33 ۔اور مراری سے محلیوں اور موُشیوں کے گھرانے تھے۔ یہ مراری کے گھرانے تھے۔ 34 ۔ اُن کے سب مرَدوں کا شُمار ایک مہینہ اور اُس سے زیادہ کے چھ ہزار دو سَو تھا۔ 35 ۔ اور مراری کے گھرانوں کے آبائی گھرانے کا رئیس صُوری ایل بِن ابی خیئل تھا۔اور وہ مَسکن کی ایک طرف شمال کی جانِب ڈیرے لگائیں۔ 36 ۔اور بنی مرَاری کے سپُرد اِن چیزوں کی حِفاظت ہوگی۔ مَسکن کے تختے اور پُشتی بان اور اُس کے ستُون اور اُس کے پائے اور اُس کا سب سامان جو خدمت کے لئے ہے۔ 37 ۔اور صحن کے ستُون جو اُس کے گرِد ہیں اور اُس کے پائے او ر اُس کی میخیں اور اُس کے رسّے۔ 38 ۔ اور مَسکن کے آگے خیمہ اجتماع کے سامنے مشرق کی طرف موسیٰ اور ہارون اور اُس کے بیٹے ڈیرا کریں بنی اِسرائیل کے درمیان مقَدس کی حِفاظت اُن کے ذمہ ہوگی۔ جو غیر مخصُوص شخص نزدِیک آئے وہ مارا جائے گا۔ 39 ۔ سب لاویوں کا شُمار اُن کے مطُابق جِنہیں موسیٰ اور ہارون نے خُداوند کے حُکم کے بموجب گنِا ۔ تمام مرَد ایک مہینہ اور اُس سے زیادہ کے بائیس ہزار تھے۔ 40 ۔ اور خُداوند نے موسیٰ سے فرمایا کہ بنی اِسرائیل کے سارے پہلوٹھے بیٹے ایک مہینہ اور اُس سے زیادہ کے گنِ ۔ اور اُن کے ناموں کی تعداد کا شُمارکر۔ 41 ۔ اور تُو لاویوں کو میرے لئے بنی اِسرائیل کے سارے پہلوٹھوں کے بدلے لے۔ میَں خُداوند ہوں اور لاویوں کے چوپایوں کو بنی اِسرائیل کے چوپایوں کے سب پہلوٹھوں کے بدلےلے۔ 42 ۔تب موسیٰ نے جیسا اُسے خُداوند نے فرمایا۔ بنی اِسرائیل میں سب پہلوٹھوں کو گنِا۔ 43 ۔ تو پہلوٹھے مرَد ایک مہینہ اور اِس سے زیادہ کے جو اپنے ناموں کے شُمار کے موافق گنِے گئے۔ بائیس ہزار دو سو تہتر تھے۔ 44 ۔ اور خُداوند نے موسیٰ سے کلام کر کے فرمایا۔ 45 ۔ کہ بنی اِسرائیل کے سارے پہلوٹھوں کے بدلے لاویوں کو اور اُن کے چوپایوں کے بدلے لاویوں کے چوپایوں کو لے۔ اور لاوی میرے ہوں گے۔ میَں خُداوند ہُوں۔ 46 ۔ مگر بنی اِسرائیل کے پہلوٹھوں میں جو دو سو تہتر لاویوں سے زیادہ ہیں۔ اُن کے فدِیہ کے لئے۔ 47 ۔ فی کس پانچ مِثقال مقَدس کے مِثقال کے موُافق لے ایک مِثقال میں بیس جیرہ ہیں۔ 48 ۔اور تُو یہ چاندی جو اُن میں سے زیادہ کا فِدیہ ہے ہارون اور اُس کے بیٹوں کو دے۔ 49 ۔ تو موسیٰ نے فدِ یہ کی چاندی اُن سے لی جو اُن سے جِن کا فدِیہ لاویوں سے کیِاگیا زیادہ تھے۔ 50 ۔اُس نے بنی اِسرائیل کے پہلوٹھوں سے ایک ہزار تین سو پینسٹھ مثقال چاندی مقَدس کے مثقال کے مطُابق لی۔ 51 ۔ اور موسیٰ نے یہ فدِیہ کی چاندی ہارون اور اُس کے بیٹوں کو دی۔ خُداوند کے فرمان کے مطُابق جیسا کہ خُداوند نے موسیٰ کو حکم دِیا تھا۔