باب

1 ۔ ترتیبِ قبائل اور خُداوند نے موسیٰ اور ہارون سے کلام کر کے فرمایا۔ 2 ۔ کہ بنی اِسرائیل کا ہر ایک آدمی اپنے جھنڈے کے پاس اور اپنے آبائی علم کے تلے خیمہ اجتماع کے کچھ فاصلہ پر اُس کے گرِد ڈیرا لگائے۔ 3 ۔اور مشرق کی طرف یہوُداہ کے ڈیرے کے جھنڈے کے لوگ بمطابق اپنے لشکروں کے خیمے لگائیں۔ اور بنی یہوُداہ کا رئیس نحسُون بِن عمینداب ہوگا۔ 4 ۔اور اُس کے لشکر کی تعداد چو ہتر ہزار چھ سو تھی۔ 5 ۔اور اُس کے پاس اشکار کا قبیلہ ڈیرا کرے اور بنی اشکار کا رئیس نتن ایل بِن ضغر ہوگا۔ 6 ۔اور اُس کے لشکر کی تعداد چّون ہزار چار سَو تھی۔ 7 ۔پھر زبُولون کا قبیلہ اور بنی زبُولون کا سردار الیاب بِن حیلون ہوگا۔ 8 ۔اور اُس کے لشکر کی تعداد ستاون ہزار چار سَو تھی۔ 9 ۔سب جو یہوُداہ کے ڈیرے میں اُن کے لشکروں کے مطُابق شُمار کئے گئے۔ ایک لاکھ چھیاسی ہزار چار سَو تھے۔ یہ پہلے کوُچ کریں گے۔ 10 ۔اور جنُوب کو روبَن کے ڈیرے کا جھنڈا اپنے لشکروں کے مطُابِق۔ اور بنی روبِن کا رئیس الیصور بِن شدیور ہوگا۔ 11 ۔اور اُس کے لشکر کا شُمار چھیا لیس ہزار پانچ سَو تھا۔ 12 ۔اور اُس کے پاس شمعون کا قبیلہ ڈیرا کرے۔ اور بنی شمعون کا رئیس شدّی کا بیٹا سلومی ایل ۔ 13 ۔اور اُس کے لشکر کا شُماراُنسٹھ ہزار تین سو تھا۔ 14 ۔پھر جد کا قبیلہ اور بنی جد کا رئیس الیاسف بِن دعوئیل۔ 15 ۔ اور اُس کے لشکر کا شُمار پینتالیس ہزار چھ سو پچاس تھا۔ 16 ۔ سب جو روبِن کے ڈیرے میں اُن کے لشکروں کے مطُابِق شُمار کئے گئے ۔ ایک لاکھ اکاون ہزار چار سَو پچاس تھے۔ دُوسرے یہ کوُچ کریں گے۔ 17 ۔ تب خیمہ اجتماع لاویوں کے ڈیرے کے ساتھ ڈیروں کے درمیان آگے جائے اور جیسے اُنہوں نے ڈیرے لگائے ویسے ہی وہ ہر ایک جگہ اپنے جھنڈوں کے مطُابق کوُچ کریں گے۔ 18 ۔ اور مغرب کو افرائیم کے ڈیرے کا جھنڈا اپنے لشکروں کے مطُابق اور بنی اِفرائیم کا رئیس الیسمع بِن عمیہُود ہوگا۔ 19 ۔اور اُس کے لشکر کا شُمار چالیس ہزار پانچ سَو تھا ۔ 20 ۔اور اُس کے پاس مَنّسی کا قبیلہ اور بنی مَنسّی کا رئیس جملی ایل بِن فدِا ہصُور ہوگا۔ 21 ۔اُس کے لشکر کا شُمار بتیس ہزار دو سَو تھا۔ 22 ۔ تب بِنیمین کا قبیلہ اور بنی بِنیمین کا رئیس اَبدان بِن جدعُونی تھا۔ 23 ۔ اور اُس کے لشکر کا شُمار تیس ہزار چار سو تھا۔ 24 ۔سب جو اِفرائیم کے ڈیرے میں اُن کے لشکروں کے مطُابق شُمار کئے گئے۔ایک لاکھ آٹھ ہزار ایک سَو تھے ۔ تیسرے یہ کوُچ کریں گے۔ 25 ۔اور شمال کی طرف دان کے ڈیرے کا جھنڈا اپنے لشکروں کے مطُابق اوربنی دان کا رئیس اخیعزر بِن عمیشدی ہوگا۔ 26 ۔اور اُس کے لشکر کا شُمار باسٹھ ہزار سات سَو تھا 27 ۔اور اُس کے پاس آشر کا قبیلہ ڈیرا کرے اور بنی آشر کا رئیس فجعی ایل بِن عکران ہوگا۔ 28 ۔اور اُس کے لشکر کا شُمار اِکتالیس ہزار پانچ سو تھا۔ 29 ۔اور پھر نفتالی کا رئیس اخیرع بِن عینان ہو۔ 30 ۔ اور اُس کے لشکر کا شُمار تریپن ہزار چار سو تھا۔ 31 ۔وہ سب جو دان کے ڈیرے میں گنِے گئے ۔ ایک لاکھ ستاون ہزار چھ سَو تھے ۔یہ اپنے جھنڈوں کے مطُابِق آخر میں کوُچ کریں گے۔ 32 ۔یہ بنی اِسرائیل کا شُمار بموُجب اُن کے آبائی گھرانوں کے ہے۔ سارے ڈیروں کا شُمار اُن کے لشکروں کے مطُابق چھ لاکھ تین ہزار پانچ سَو پچاس تھا۔ 33 ۔لیکن لاوی جیسا خُداوند نے موسیٰ حُکم دِیا تھا ۔ بنی اِسرائیل کے ساتھ نہ گنِے گئے۔ 34 ۔تب بنی اِسرائیل نے سب کچھ جو خُداوند نے موسیٰ کو فرمایا تھا کیِا۔ وہ اپنے جھنڈوں کے مطُابق ڈیرے لگاتے اور ایسا یہ اپنے خاندانوں اور آبائی گھرانوں کے مطُابِق کُوچ کرتے تھے۔