باب

1 ۔داؤد اَور مفیبوست اَور داؤد نے کہا۔ آیا کوئی ساؤل کے گھر سے باقی ہَے؟ تاکہ مَیں اُس پر یونتن کی خاطِر مہربانی کرُوں۔ 2 ۔ اَور ساؤل کے گھر کا ایک خادِم ضیبا نامی تھا۔ جب وہ داؤد کے پاس بُلایا گیا۔ تو بادشاہ نے اُس سے کہا۔ کیا تُوضیبا ہَے؟ وہ بولا تیرا خادِم مَیں ہی ہُوں۔ 3 ۔ تو بادشاہ نے اُس سے کہا۔ کیا کوئی ساؤل کے گھر سے باقی ہَے۔ تاکہ مَیں اُس پر خُدا کا رحم ظاہر کرُوں۔ ضیبا نے بادشاہ سے کہا۔ کہ یونتن کا بیٹا جو دونوں پاؤں سے لنگڑاتا ہَے، باقی ہَے۔ 4 ۔ تو بادشاہ نے اُس سے کہا وہ کہاں ہَے؟ ضیبا نے بادشاہ سے کہا۔ کہ وہ لُود بار میں مکِیربِن عمّی ایل کے گھر میں ہَے۔ 5 ۔ چُنانچہ داؤد بادشاہ نے آدمی بھیجے۔ اَور لُود بار سے مکِیربِن عمّی ایل کے گھر سے اُسے بُلوالِیا۔ 6 ۔ جب مفیبوست بِن یونتن بِن ساؤل داؤد کے پاس پُہنچا۔ تو مُنہ کے بَل گِرا اَور سجدَہ کِیا۔ داؤد نے کہا اَے مفیبوست! اُس نے کہا۔ دیکھ تیرا خادِم حاضِر ہَے۔ 7 ۔ تو داؤد نے اُس سے کہا، مت ڈر۔ کیونکہ مَیں تیرے باپ یونتن کی خاطِر تُجھ پر مہربانی کرُوںگا اَور حُکم کرُوں گا۔ کہ تیرے باپ ساؤل کے تمام کھیت تُجھے واپس دِئےے جائیں۔ اَور تُو ہمیشہ میرے دسترخوان پر کھانا کھائے گا۔ 8 ۔ تب اُس نے سجدَہ کِیا اَور کہا۔ تیرا خادِم کون ہَے؟ کہ تُو میرے جیسے مَرے ہُوئے کُتّے پر نِگاہ کرے۔ 9 ۔ تب بادشاہ نے ساؤل کے نوکر ضیبا کو بُلایا اَور اُس سے کہا۔ کہ سب کُچھ جو ساؤل اَور اُس کے گھر کا تھا مَیں نے تیرے آقا کے بیٹے کو عطا کِیا۔ 10 ۔ پس تُو اَور تیرے بیٹے اَور تیرے چاکر اُس کے لئے زمین کی کھیتی کریں اَور پیداوار لیں کہ تیرے آقا کے بیٹے کے اخراجات کے لئے ہو۔ اَور تیرے آقا کا بیٹا مفیبوست ہمیشہ میرے دسترخوان پر کھانا کھائے گا۔ اَور ضیبا کے پندرہ بیٹے اَور بیس چاکر تھے۔ 11 ۔ تب ضیبا نے بادشاہ سے کہا۔ سب جو کُچھ میرے مالِک بادشاہ نے اپنے خادِم کو حُکم دِیا ہَے۔ تیرا خادِم اُس کے مُطابِق کرے گا۔ پس مفیبوست داؤد کے دسترخوان پر بادشاہ کے بیٹوں میں سے ایک کی مانند کھانا کھاتا تھا۔ 12 ۔ اَور مفیبوست کا ایک چھوٹا بیٹا مِیکا نامی تھا۔ تو ضیبا کے گھر کے سب لوگ مفیبوست کے خادِم ہُوئے۔ 13 ۔ اَور مفیبوست نے یرُوشلیم میں قیام کِیا۔ کیونکہ وہ ہمیشہ بادشاہ کے دسترخوان پر کھانا کھاتا تھا۔ اَور دونوں پاؤں سے لنگڑاتا تھا۔