1
۔ہَیکل بنانے کا قَصد اَور ایسا ہُوا جب بادشاہ اپنے گھر میں بیٹھا تھا۔ اَور خُداوند نے اُسے اُس کے سارے دُشمنوں سے ہر ایک طرف سے آرام دِیا۔
2
۔ تو بادشاہ نے ناتن نبی سے کہا۔ دیکھ۔ مَیں صنوبر کی لکڑیوں کے گھر میں رہتا ہُوں اَور خُداوند کا صندُوق کھالوں میں رہتاہَے۔
3
۔ ناتن نے بادشاہ سے کہا۔ جا اَور جو کُچھ تیرے دِل میں ہَے وہ کر۔ کیونکہ خُداوند تیرے ساتھ ہَے۔
4
۔ اَور اُسی رات خُداوند ناتن سے ہم کلام ہُوا اَور کہا۔
5
۔ جا اَور میرے خادِم داؤد سے کہہ۔ خُداوند یُوں فرماتا ہَے کیا تُو میرے رہنے کے لئے ایک گھر بنائے گا؟
6
۔ جس دِن سے کہ مَیں بنی اِسرائیل کو مِصر سے نِکال لایا آج تک مَیں کِسی گھر میں نہیں رہا۔ بلکہ خَیمہ میں اَور مَسکِن میں پِھرتا رہا ہُوں۔
7
۔ تمام جگہوں میں جہاں جہاں مَیں بنی اِسرائیل کے ساتھ پِھرتا رہا۔ کیا مَیں نے اِسرائیل کے قبیلوں میں سے کِسی کو جِسے مَیں نے حُکم دِیا۔ کہ میری قوم اِسرائیل کی چوپانی کرے۔ کَبھی کلام کرکے کہا۔ کہ تُم نے میرے لئے صنوبر کا گھر کیوں نہیں بنایا؟
8
۔ پس تُو میرے خادِم داؤد سے کہہ۔ کہ ربُّ الافواج یُوں کہتاہَے۔ کہ مَیں نے تُجھے بھیڑ سالے میں سے بھیڑوں کے پیچھے سے لِیا۔ تاکہ تُجھے اپنی قوم اِسرائیل کا حاکِم بناؤں۔
9
۔ اَور جہاں کہیں تُو گیا۔ مَیں تیرے ساتھ تھا۔ اَور تیرے سامنے سے تیرے سارے دُشمنوں کوکاٹ ڈالا۔ اَور جیسے زمین پر بڑے آدمیوں کا نام ہوتا ہَے تیرا نام بڑا کِیا۔
10
۔ مَیں نے اپنی قوم اِسرائیل کے لئے مقام بنایا اَور اُسے لگایا۔ تو وہ اپنے مقام میں رہے۔ پس وہ پِھر جُنبِش نہ کھائیں گے۔ اَور نہ شرارت کے فرزند اُنہیں پِھر دُکھ دیں گے جیسا پہلے ہوتا تھا۔
11
۔ اَور جیسا اُس دِن سے ہوتا آیا جب سے مَیں نے قاضِیوں کو اپنی قوم اِسرائیل پر مُقرّر کِیا۔ اَور ایسا ہی مَیں تُجھے تیرے سارے دُشمنوں سے آرام دُوں گا۔ اَور خُداوند تُجھے خبر دیتا ہَے کہ وہ تیرے لئے گھر قائم کرے گا۔
12
۔ اَور جب تیرے دِن تمام ہوجائیں۔ اَور تُواپنے باپ دادا کے ساتھ سو جائے۔ اَور جب مَیں تیرے بعد تیری نسل کو جو تیری صُلب سے ہوگی برَپا کرُوں گا۔ اَور اُس کی سَلطنَت کو مُستقل کرُوںگا۔
13
۔ تو وہ میرے نام کے لِئے ایک گھر بنائے گا۔ اَور مَیں اُس کی سَلطنَت کے تخت کو اَبد تک برقرار رکھُّوں گا۔
14
۔ مَیں اُس کا باپ ہُوں گا۔ اَور وہ میرا بیٹا ہوگا۔ اَور جب وہ بَدی کرے۔ تو مَیں اُس کی آدمیوں کی لاٹھی سے اَور بنی آدم کے کوڑھوں سے تنبیہ کرُوںگا۔
15
۔ لیکن میری رحمت اُس سے جُدا نہ ہوگی۔ جیسے کہ مَیں نے ساؤل سے جُدا کی۔ جِسے مَیں نے اپنے چہرے کے سامنے سے دفع کِیا۔
16
۔ بلکہ تیرا گھر اَور تیری سَلطنَت ہمیشہ تک میرے آگے قائم رہے گی۔ اَور تیرا تخت اَبد تک پائیدار ہوگا۔
17
۔ لہٰذا ناتن نے یہ سب باتیں اَور یہ تمام رُویا داؤد کو بتائی۔
18
۔ تب داؤد بادشاہ اندر گیا۔ اَور خُداوند کے سامنے بیٹھا اَور کہا۔ اَے خُداوند خُدا! مَیں کون ہُوں اَور میرا گھر کیا ہَے؟ کہ تُو نے مُجھے یہاں تک پُہنچایا۔
19
۔ اَور تیری نظر میں یہ چھوٹی بات ہَے۔ اَے خُداوند خُدا! کیونکہ تُو نے اپنے بندے کے گھر کے بارے میں طویل زمانے کی بات کی۔ یہ تو اِنسان کا طریقہ ہَے اَے خُداوند خُدا!
20
۔ اَور داؤد تُجھ سے اَور کیا بات کہے۔ کیونکہ تُو اپنے بندے کو جانتا ہَے اَے خُداوند خُدا!
21
۔ اپنے کلام کی خاطِر اَور اپنے دِل کے مُطابِق تُو نے یہ سب بڑے کام کِئے۔ تاکہ تُو اپنے بندے کو آگاہ کرے۔
22
۔ اِس لئے تیری عظمت ہُوئی اَے خُداوند خُدا! کیونکہ کوئی تیری مانند نہیں اَور تیرے سِوا کوئی خُدا نہیں۔ اِن سب باتوں میں جو ہم نے اپنے کانوں سے سُنیں۔
23
۔ اَور تیری قوم اِسرائیل کی مانند کونسی اُمّت ہَے۔ زمین میں ایک ہی اُمّت جِسے اپنی قوم بنانے کے لئے خُداوند آپ گیا۔ کہ اپنے لئے نام حاصِل کرے۔ اَور اُس کے لئے عظیم کام اَور زمین پر ہَولناک مُعجزے اپنی قوم کے آگے کرے۔ جِنہیں تُو نے اپنے لئے مصر سے باہر لا کر قوموں سے اَور اُن کے مَعبُودوں سے رِہائی بخشی۔
24
۔ اَور تُو نے اپنے لئے اپنی قوم اِسرائیل کو اَبد تک اپنی قوم مُقرّر کِیا۔ اَور تُو اَے خُداوند اُن کا خُدا ہُوا۔
25
۔ اَور اَب اَے خُداوند خُدا! اپنے کلام کو جو تُو نے اپنے بندے اَور اُس کے گھر کی بابت فرمایا اَبد تک قائم رکھّ ۔ اَور جیسا تُونے کہا ویسا کر۔
26
۔ تاکہ تیرے نام کی اَبد تک عظمت ہو۔ اَور کہا جائے کہ ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا ہَے۔ اَور تیرے بندے داؤد کا گھر تیرے حضُور قائم رہے۔
27
۔ کیونکہ تُو نے اَے ربُّ الافواج اِسرائیل کے خُدا! اپنے بندے پر ظاہر کِیا اَور کہا کہ مَیں تیرے لئے گھر بناوُں گا اِس لئے تیرے بندے کے دِل نے اُسے تحریک دی۔ کہ تیرے آگے یہ دُعا کرے۔
28
۔ اَور اَب اَے خُداوند خُدا! تُو ہی خُدا ہَے اَور تیرا کلام برحَق ہَے۔ اَور تُو نے اپنے بندے سے یہ اچھّی باتیں کہی ہَیں۔
29
۔ پس اِس وقت مہربانی کر۔ اَور اپنے بندے کے گھر کو برکت دے۔ کہ وہ اَبد تک تیرے حضُور پائیدار رہے۔ کیونکہ تُو نے اَے خُداوند خُدا فرمایا اَور تیری برکت سے تیرے بندے کا گھر اَبد تک مُبارَک رہے۔