باب

1 ۔ داؤد شاہِ اِسرائیل اَور اِسرائیل کے سارے قبیلے حِبرون میں داؤد کے پاس آئے اَور کلام کرکے کہا۔ دیکھ ہم تیرا گوشت اَور تیری ہَڈّی ہَیں۔ 2 ۔ علاوہ اِس کے کَل اَور اِس سے پہلے جب ساؤل ہمارا بادشاہ تھا۔ تو تُوہی اِسرائیل کو باہر لے جاتا اَور اندر لاتا تھا۔ اَور خُداوند نے تُجھ سے کہا۔ کہ تُو میری قوم اِسرائیل کی چوپانی کرے گا۔ اَور تُو اِسرائیل کا سردار ہوگا۔ 3 ۔ اَور اِسرائیل کے سب بزُرگ بھی حِبرون میں بادشاہ کے پاس آئے۔ اَور داؤد بادشاہ نے حِبرون میں خُداوند کے سامنے اُن کے ساتھ عہد کِیا۔ اَور اُنہوں نے داؤد کو مَسح کرکے اِسرائیل کا بادشاہ بنایا۔ 4 ۔ اَور داؤد تیس برس کا تھا۔ جب وہ سَلطنَت کرنے لگا۔ اَور اُس نے چالیس برس سَلطنَت کی۔ 5 ۔ اُس نے حِبرون میں یہوداہ پر سات برس اَور چھ مہینے سَلطنَت کی۔ اَور تمام اِسرائیل اَور یہوداہ پر یرُوشلیِم میں تینِتیس برس سَلطنَت کی۔ 6 ۔ یرُوشلیِم پر فتح اَور بادشاہ مع اپنے آدمیوں کے یرُوشلیِم میں یبُوسیوں کے پاس جو مُلک کے باشِندے تھے، گیا۔ اُنہوں نے داؤد سے کلام کرکے کہا۔ تُو یہاں پر داخِل نہ ہوگا۔ جب تک کہ تُو ہم میں سے اَندھوں اَور لنگڑوں کو نہ لے جائے گا۔ یعنی کہ داؤد یہاں داخِل نہ ہوگا۔ 7 ۔ لیکن داؤد نے صِیُون کا قِلعہ لے لِیا۔ اَور وُہی داؤد کا شہر ہَے۔ 8 ۔ اَور داؤد نے اُس روز اِنعام مُقرّر کِیا اُس کے لئے جو یبُوسیوں کو قتل کرے اَور جو گھروں کی چھتوں کے پر نالوں تک چڑھے اَور اَندھوں اَور لنگڑوں کو جو داؤد کی جان کے دُشمن تھے، مارے۔ تو اِسی لئے یہ مِثل ہُوئی۔ کہ اَندھے اَور لنگڑے گھر میں داخِل نہ ہوں گے۔ 9 ۔ اَور داؤد نے قِلعہ میں قیام کِیا۔ اَور اُس کا نام داؤد کاشہر رکھّا۔ اَور داؤد نے مِلّو کے گِرداگِرد سے اندر تک گھر بنائے۔ 10 ۔ اَور داؤد کی عظمت بڑھتی گئی۔اور خُداوند ربُّ الافواج اُس کے ساتھ تھا۔ 11 ۔ اَورحیرام صور کے بادشاہ نے داؤد کے پاس قاصِد اَور سرو کی لکڑی اَور ترکھان اَور مِعمار بھیجے۔ تو اُنہوں نے داؤد کے لئے محلّ بنایا۔ 12 ۔ اَور داؤد نے جانا۔ کہ خُداوند نے مُجھے اِسرائیل پر بادشاہ مُستقل کِیا اَور قوم اِسرائیل کی خاطِر میری سَلطنَت کو عظمت بخشی۔ 13 ۔ اَور داؤد نے حِبرون سے آنے کے بعد یرُوشلیِم میں اَورحرمیں رکھیں اَور بیویاں بِیاہیں۔ اَور داؤد کے اَور بیٹے اَور بیٹیاں پیدا ہُوئیں۔ 14 ۔ اَور اُن کے نام جو یرُوشلیِم میں اُس کے ہاں پیدا ہُوئے یہ ہَیں۔ سُمّوعہ اَورسوباب اَور ناتن اَور سُلیمان۔ 15 ۔ اَور ابحار اَور اِلیسوع اَور نفج اَور یفیعَ۔ 16 ۔ اَور اِلیسمع اَور الیدع اَور اِلیفالط۔ 17 ۔ اَور فِلستیوں نے سُنا۔ کہ اُنہوں نے داؤد کو مَسح کرکے اِسرائیل پر بادشاہ بنایا۔ تو سب فلِستی اِکٹھّے ہو کر داؤد کی تلاش میں آئے اَور داؤد کو خبر ہُوئی۔ تو وہ قِلعہ میں چلا گیا۔ 18 ۔ اَور فلِستی آئے اَور رِفائِیم کی وادی میں پھیل گئے۔ 19 ۔ تب داؤد نے خُداوند سے پُوچھا اَور کہا۔ کیامَیں فِلستیوں پر چڑھائی کرُوں؟ کیا تُو اُنہیں میرے ہاتھ میں دے دے گا؟ خُداوند نے داؤد سے کہا چڑھ جا۔ کیونکہ فِلستیوں کو مَیں تیرے ہاتھ میں دے دُوں گا۔ 20 ۔ اَور داؤد بَعَل پراضیم میں آیا اَور وہاں داؤد نے اُنہیں مارا اَور کہا۔ کہ خُداوند نے میرے سامنے میرے دُشمنوں کو توڑ دِیا ہَے جیسے پانی ٹُوٹ جاتا ہَے۔ اِس لئے اُس جگہ کا نام بَعَل پرَاضیم ہُوا۔ 21 ۔ اَور اُنہوں نے وہاں پر اپنے بُتوں کو چھوڑا۔ پس داؤد اَور اُس کے آدمیوں نے اُنہیں لے لِیا۔ 22 ۔ اَور فِلستیوں نے پِھر چڑھائی کی۔ اَور وادیِ رِفائیم میں پھیل گئے۔ 23 ۔ لہٰذا داؤد نے خُداوند سے پُوچھا۔ تو اُس نے کہا تُو نہ چڑھ مگر پیچھے سے اُنہیں گھیرلے۔ اَور بلسان کی جھاڑیوں کے مُقابِل اُن پرحملہ کر۔ 24 ۔ اَور جس وقت تُو بلسان کی جھاڑیوں کے سروں پر قدموں کی آہٹ سُنے۔ تب تُو ہوشیار ہو۔ کیونکہ خُداوند تیرے آگے آگے جائے گا۔ تاکہ فِلستیوں کے لشکر کو مارے۔ 25 ۔ تو داؤد نے جیسا خُداوند نے اُسے فرمایا تھا ،کِیا۔ اَور فِلستیوں کو جِبعُون سے لے کر جزر کے مدَخِل تک مارا۔