باب

1 ۔ اِشبوست کا قتل اَور اِشبوست ساؤل کے بیٹے نے سُنا۔ کہ ابنیر حِبرون میں مَرگیا۔ تو اُس کے ہاتھ ڈِھیلے پڑ گئے۔ اَور سارے اِسرائیلی گھبرائے۔ 2 ۔ اَور ساؤل کے بیٹے کے دو آدمی تھے۔ جو فوجوں کے سردار تھے۔ ایک کا نام بَعنہَ اَور دُوسرے کا نام ریکاب تھا۔ وہ دونوں بنی بِنیمین سے رِمّون بیروتی کے بیٹے تھے۔ اَور بیروت بِنیمِین کا شُمار کِیا جاتا تھا۔ 3 ۔ اَور بیروتی جنتیم کو بھاگ گئے۔ اَور آج کے دِن تک وہیں رہتے ہیں۔ 4 ۔ اور یُونتن بِن ساؤل کا ایک بیٹا دونوں پاؤں سے لنگڑاتا تھا۔ اُس کی عُمر پانچ برس کی تھی۔ جس وقت کہ یزر عیل سے ساؤل اَور یُونتن کی خبر پُہنچی۔ تو اُس کی دائی نے اُسے اُٹھایا اَور بھاگی۔ چُونکہ وہ بھاگنے میں جلدی کرتی تھی وہ گِر پڑا اَور لنگڑا ہوگیا۔ اُس کا نام مِفیبوسِت تھا۔ 5 ۔ اَور رِموّن بیروتی کے بیٹے ریکاب اَور بَعنہَ گئے۔ اَور دِن کی گرمی کے وقت اِشبوست کے گھر میں داخِل ہُوئے۔ اَور وہ دوپہر کے وقت سو رہا تھا اَور دروازے کی دربان عورت جوگیہُوں صاف کرتی تھی سو گئی تھی۔ 6 ۔ تو وہ گھر کے اندر گئے گویا کہ گیہُوں لینا چاہتے تھے۔ اَور اُس کے پیٹ میں خنجر مارا۔ اَور ریکاب اَور اُس کا بھائی بَعنَہ دونوں بھاگ گئے۔ 7 ۔ کیونکہ جب وہ گھر کے اندر گئے۔ تو وہ اپنے سونے کے کمرے میں پلنگ پر سو رہا تھا۔ اِس لئے اُنہوں نے اُسے مارا اَور قتل کِیا۔ اَور اُس کا سر کاٹا اَور لِیا۔ اَور ساری رات میدان کی راہ میں چلتے رہے۔ 8 ۔ اَور اِشبوست کا سر حِبرون میں داؤد کے پاس لائے۔ اَور بادشاہ سے کہا۔ کہ یہ ساؤل کے بیٹے اِشبوست کا سر ہَے جو تیری جان کا طالِب تھا۔ اَور خُداوند نے آج کے دِن ہمارے آقا بادشاہ کا اِنتقام ساؤل اَور اُس کی اولاد سے لِیا ہَے۔ 9 ۔ تو داؤد نے رِمّون بیروتی کے بیٹوں ریکاب اَور اُس کے بھائی بَعنہَ کو جَواب میں کہا۔ زِندہ خُداوند کی قَسم جس نے میری جان کو سب تکلِیف سے رِہائی دی۔ 10 ۔ جس آدمی نے کہ مُجھے خبر دی اَور کہا۔ کہ ساؤل مَرگیا۔ جو گُمان کرتا تھا۔ کہ میرے پاس خُوشخبری لاتاہَے۔ مَیں نے اُسے پکڑا اَور صِقلاج میں قتل کِیا۔ جب کہ وہ خُوشخبری کے لئے اِنعام کے لائق تھا۔ 11 ۔ تو اِن باغی آدمیوں کے لئے کیا کِیا جائے۔ جِنہوں نے ایک بے گُناہ مَرد کو اُس کے گھر میں پلنگ پر قتل کِیا ہَے؟ کیا مَیں اُس کا خُون تُمہارے ہاتھوں سے طلب نہ کرُوں؟ اَور تُمہیں زمین سے نابُود نہ کرُوں۔ 12 ۔ اَور داؤد نے جوانوں کو حُکم دِیا۔ تو اُنہوں نے اُن دونوں کو قتل کِیا۔ اَور اُن کے ہاتھ اَور اُن کے پاﺅں کاٹے۔ اَور اُنہیں حِبرون کے تالاب پر لٹکا دِیا۔ لیکن اِشبوست کا سر لے کر اُنہوں نے حِبرون میں ابنیر کی قبر میں دفن کیا۔