1
۱۔اِس کے بعد مَیں نے زمِین کے چاروں کونوں پر چار فرِشتے کھڑے دیکھے جو زمِین کی چاروں ہَواؤں کو تھامے ہُوئے تھے تاکہ زمِین یا سمُندر یا کِسی دَرَخْت پر ہَوا نہ چلے۔
2
۲۔پِھر مَیں نے ایک اَور فرِشتے کو زِندہ خُدا کی مُہر لیے ہُوئے مَشْرِق کی طرف سے اُوپر آتے دیکھا۔ اوراُس نے اُن چاروں فرِشتوں سے جِنھیں اِختِیار دِیا گیا تھا کہ زِمین اور سمُندر کو نُقصان پَہُن٘چائیں، بُلند آواز سے پُکار کر کہا
3
۳۔کہ جب تک ہم اپنے خُدا کے بندوں کے ماتھوں پر مُہر نہ کر لیں تُم زِمین اور سمُندر اور درختوں کو نُقصان نہ پَہُن٘چانا۔
4
۴۔اور مَیں نے اُن کا شُمار سُنا جِن پر مُہریں کی گَئی تھیں۔ وہ بنی اِسرائِیلؔ کے سب قبِیلوں میں سے ایک لاکھ چوالِیس ہزار تھے جِن پر مُہریں کی گَئیں۔
5
۵۔یہُوداہؔ کے قبِیلے میں سے بارہ ہزار پر مُہریں کی گَئیں۔
رُوبنؔ کے قبِیلے میں بارہ ہزار پر۔
جدّؔ کے قبِیلے میں سے بارہ ہزار پر۔
6
۶۔آشرؔ کے قبِیلے میں سے بارہ ہزار پر۔
نفتالیؔ کے قبِیلے میں بارہ ہزار پر۔
منسّیؔ کے قبِیلے میں بارہ ہزار پر۔
7
۷۔شمعُونؔ کے قبِیلے میں سے بارہ ہزار پر۔
لاوؔی کے قبِیلے میں سے بارہ ہزار پر۔
اِشکاؔر کے قبِیلے میں سے بارہ ہزار پر۔
8
۸۔زبُولُونؔ کے قبِیلے میں سے بارہ ہزار پر۔
یُوسُفؔ کے قبِیلے میں سے بارہ ہزار پر۔
بِنیمِینؔ کے قبِیلے میں سے بارہ ہزار پر مُہریں کی گَئیں۔
9
۹۔اِن باتوں کے بعد مَیں نے نَظَر کی تو کیا دیکھتا ہُوں کہ ہر قوم اور قبِیلے اور اُمّت اور اہلِ زُبان میں سے ایک ایسا بڑا ہُجُوم جِسے کوئی شُمار نہیں کر سکتا سفید جامے پہنے اور اپنے ہاتھوں میں کھجُور کی ڈالِیاں لیے ہُوئے تَخْت اور برّہ کے حضُور میں کھڑا ہَے۔
10
۱۰۔اور بُلند آواز سے چِلا چِلا کر کہتا ہَے کہ نجات ہمارے خُدا کی طرف سے ہَے جو تَخْت پر بَیٹھا ہَے اور برّے کی۔
11
۱۱۔اور سب فرِشتے اُس تَخْت اور اُن بُزرگوں اور اُن چاروں جانداروں کے چَوگِرد کھڑے ہَیں۔ پِھر وہ تَخْت کے آگے مُنہ کے بَل گِر پڑے اور خُدا کو سِجدَہ کِیا۔
12
۱۲۔اور کہا، ’’آمِین!حمْد اور تمجِید اور حِکمت اور شُکْر اور عِزّت اور قُدرت اور قُوّت اَبدُالآباد تک ہمارے خُداکو حاصِل ہَے۔ آمِین۔‘‘
13
۱۳۔اور اُن بُزرگوں میں سے ایک نے مُجھ سے کہا کہ جو سفید جامے پہنے ہَیں وہ کون ہَیں اور کہاں سے آئے ہَیں؟
14
۱۴۔مَیں نے اُن سے کہا کہ اَے میرے خُداوَند! تُو ہی جانتا ہَے۔تو اُس نے مُجھ سے کہا کہ یہ وُہی ہَیں جو اُس بڑی اَذِیّت میں سے نِکل کر آئے ہَیں۔ اور اِنھوں نے اپنے جاموں کو برّہ کے خُون میں دھویا ہَے اور اُنھیں سفید کِیا ہَے۔
15
۱۵۔اِسی سبب سے یہ خُدا کے تَخْت کے سامنے ہَیں اور اُس کے مَقدِس میں رات دِن اُس کی عِبادت کرتے ہَیں اور جو تَخْت پر بَیٹھا ہَے وہ اپنا خَیمہ اُن پر تانے گا۔
16
۱۶۔یہ پِھر نہ تو کبھی بُھوکے ہوں گے اور نہ پِیاسے۔ اور نہ کبھی اِن پر دُھوپ پڑے گی اور نہ ہی کوئی جُھلْسا دینے والی گرمی۔
17
۱۷۔کِیُونکہ برّہ جو تَخْت کے بِیچ میں ہَے وہ اِن کی گَلّہ بانی کرے گا اور اِنھیں آبِ حَیات کے چشموں تک پَہُن٘چائے گا اور خُدا اِن کی آنکھوں کا ہر آنسُو پونچھ دے گا۔