1
۱۔غَرَض اَےمیرے بھائِیو! خُداوَند میں خُوش رہو۔ تُمہیں ایک ہی بات بار بار لِکھنے میں مُجھے تو کوئی دِقَّت نہیں اَلبَتَّہ اِس میں تُمہارا تَحَفُّظ ہَے۔
2
۲۔کُتّوں سے خَبَردار رہو۔ بَدکاروں سے خَبَردار رہو۔ کٹوانے والوں سے خَبَردار رہو۔
3
۳۔کِیُونکہ اَصْل مَخْتُون تو ہم ہَیں جو خُدا کے رُوح سے عِبادَت کرتے اور مسِیح یِسُوعؔ پر فَخْر کرتے ہَیں اور جِسْم پر بھروسہ نہیں کرتے۔
4
۴۔گو مَیں تو جِسْم کا بھی بھروسہ کر سکتا ہُوں اگر کِسی اور کو جِسْم پربھروسہ کرنے کا خیال ہو تو مَیں اِس سے بھی زِیادہ کر سکتا ہُوں۔
5
۵۔آٹھویں دِن میرا خَتْنَہ ہُوا۔ اِسرائِیل کی قوم اور بِنیمِینؔ کے قبِیلے کا ہُوں۔عِبرانِیوں کا عِبرانی۔شرِیَعت کےاِعْتِبار سے فریسی ہُوں۔
6
۶۔جوش کے اِعْتِبار سے مَیں کلِیسِیاء کا سَتانے والا ٹَھْہرا۔ شرِیعَت کی راسْت بازی کے اِعْتِبار سے بے عَیب تھا۔
7
۷۔لیکِن جِتْنی چِیزیں بھی میرے نَفَع کی تِھیں اُنہیں مَیں نے مسِیح کی خاطِر اپنے نُقصان کی سمجھ لِیاہَے۔
8
۸۔ بلکہ مَیں اپنے خُداوَندمسِیح یِسُوعؔ کے عِلْم کی بڑی خُوبی کے سَبَب سے سب چِیزوں کونُقصان سمجھتا ہُوں۔ جِس کی خاطِر میَں نے سب چِیزوں کا نُقصان اُٹھایا اور اُنہیں کُوڑا سمجھتا ہُوں تا کہ مسِیح کو حاصِل کرُوں۔
9
۹۔اور اُس میں پایا جاوُں۔اپنی اُس راسْت بازی کے ساتھ نہیں جو شرِیعَت کی طرَف سے ہَے بلکہ اُس راسْت بازی کے ساتھ جو مسِیح پر اِیْمان لانے کے سَبَب سے ہَے اور خُدا کی طرَف سے اِیْمان سے ہَے۔
10
۱۰۔اور اَب مَیں اُس کی مَوت سے مُشابہت اِخْتِیار کرتے ہُوئے اُسے اور اُس کے جی اُٹھنے کی قُدْرَت کو اور اُس کے ساتھ دُکھوں میں شَرِیک ہونے کو مَعْلُوم کرنا چاہتا ہُوں۔
11
۱۱۔ تا کہ کِسی طَرْح مرُدوں میں سے جی اُٹھنے کے تَجْرِبہ تک پَہُنچوں۔
12
۱۲۔ ایسا نہیں کہ مَیں یہ چِیزیں حاصِل کرچُکایا کامِلِیَّت کے دَرْجَہ تک پہُنچ چُکا ہُوں بلکہ اُس چِیز کو تھامنےکے لِئے دوڑا جاتا ہُوں جِس کے لِئے مسِیح یِسُوعؔ نے مُجھے پکڑا تھا۔
13
۱۳۔اَے بھائِیو! مُجھے یہ گُمان نہیں کہ تھام چُکا ہُوں بلکہ اِتنا کرتا ہُوں کہ جو چِیزیں پِیچھے رہ گَئیں اُنہیں بُھلا کر آگے کی چِیزوں کی طرَف بڑھتے ہُوئے
14
۱۴۔نِشان کی طرَف دَوڑا چلاجاتا ہُوں تا کہ وہ اِنْعام حاصِل کرُوں جِس کے لِئے خُدا نے مُجھے مسِیح یِسُوعؔ میں آسمانی بُلاوا بخْشا ہَے۔
15
۱۵۔چُنان٘چِہ ہم میں سے جِتنے بالِغ ہَیں یہی خیال رکھیں اور اگر کِسی بات میں تُمہارا خیال مُخْتَلِف ہو تو خُدا یہ بھی تُم پر ظاہِر کر دے گا۔
16
۱۶۔ بہر حال جو کُچھ ہم اَب تک پا چُکے ہَیں اُسی کے مُطابِق زِنْدَگی گُزاریں۔
17
۱۷۔اَے بھائِیو! تُم سب مِل کر میری مانِن٘د بنو اور اُن لوگوں کو غَور سے دیکھوجواُس چلن کے مُطابِق چلتے ہَیں جو ہم میں دیکھتے ہَیں۔
18
۱۸۔کِیُونکہ کَئی ایسے ہَیں جِن کا ذِکرْ مَیں نے تُم سے بار ہا کِیا ہَے اور اَب بھی رو رو کر کرتا ہُوں کہ وہ اپنے کِردار سے مسِیح کی صلِیب کے دُشمن ہَیں۔
19
۱۹۔ اُن کا اَنْجام ہلاکَت ہَے۔ اُن کا خُدا پیٹ ہَے ۔ وہ اپنی شَرْمْناک حَرَکات پر فَخْر کرتے ہَیں اور دُنْیا کی چِیزوں کی فِکْر میں رہتے ہَیں۔
20
۲۰۔مگر ہمارا وَطَن آسمان پر ہَے اور ہم وہِیں سےایک مُنّجی یَعنی خُداوَند یِسُوعؔ مسِیح کے آنے کے مُنتَظِر ہَیں۔
21
۲۱۔وہ جِس قُدْرَت سے سب چِیزیں اَپنے تابِع رکھتا ہَے اُسی کی تاثِیْر سے وہ ہمارے پَسْت حال بَدَن کی شَکْل بَدل کر اپنے جلالی بَدَن کی صُورَت پر بنا دےگا +