باب

1 ہیکل جدید ہماری جلاوطنی کے پچیسویں برس میں سال کے شُروع کے مہینے کی دسویں تارِیخ کویعنی شہر کے لئے جانے کے چودھویں برس کے اُسی دِن کو خُداوند کا ہاتھ مُجھ پر تھا اَور وہ مُجھے وہاں لے گیا۔ 2 وہ مُجھے الہٰی رُؤیا میں اِسرؔائیل کی سَرزمین میں لے گیا۔ اَور مُجھے ایک نہایت بُلند پہاڑ پر اُتار دِیا،اَور اُسی پر جنُوب کی طرف گویا شہر کی سی عمارت تھی۔ 3 تو جب وہ مُجھے وہاں لے گیا تو کیا دیکھتا ہُوں کہ ایک آدمی ہے جس کی صُورت پیِتل کی صُورت کی سی ہَے اَور اُس کے ہاتھ میں سَن کی ایک ڈوری اَور پیمائش کا سرکنڈا ہے اَور وہ پھاٹک پر کھڑا ہَے ۔ 4 اَور اُس آدمی نے مجھ سے کہا۔ اَےابن بشر !اپنی آنکھوں سے دیکھ اَور اپنے کانوں سے سُن اَور سب جو کُچھ مَیں تُجھے دِکھاتا ہُوں اُس پر اپنا دِل لگا کر دِھیان کر کیونکہ تُو یہاں اِس لئے لایا گیا ہے تاکہ اِسے دیکھے اَور جو کُچھ تُو دیکھتا ہے اِسرؔائیل کے گھرانے کو اُس کی خبر دے۔ 5 تو کیا دیکھتا ہُوں کہ گھر کے گِرد دوپیش دِیوار ہَے ۔ اَور اُس آدمی کےہاتھ میں پیمائش کا سرکنڈا چھ ہاتھ کا ہے۔ اَور اُس کا ہاتھ ایک ہاتھ اَور چار اُنگل بڑا تھا۔ اَور اُس نے عمارت کی چوڑائی ایک سرکنڈا اَور اُس کی اُونچائی ایک سرکنڈا ناپی۔ 6 تب وہ اُس پھاٹک کے پاس آیا جس کا رُخ مشرقی راہ کی طرف ہَے اَور وہ اُس کی سیڑھی پر چڑھا اَور پھاٹک کی دہلیز کو ناپا۔ وہ ایک سرکنڈا چوڑی تھی۔ 7 اَور ہر ایک کوٹھری ایک سرکنڈا لمبا اَور ایک سرکنڈا چوڑا تھا ۔ اَورکوٹھریوں کے درمیان پانچ پانچ ہاتھ کا فاصلہ تھا۔ اَور پھاٹک کی ڈیوڑھی کے پاس اندر کی طرف پھاٹک کی دہلیز ایک سرکنڈا تھی۔ 8 اَور اُس نے پھاٹک کی ڈیوڑھی اندر سے ایک سرکنڈا ناپی۔ 9 اَور اُس نے پھاٹک کی ڈیوڑھی کو آٹھ ہاتھ ناپا اَور اُس کے ستُون دو ہاتھ تھے۔ اَور اُس پھاٹک کی ڈیوڑھی اندر کی طرف کو تھی۔ 10 اَور مشرق کی راہ کی طرف کے پھاٹک کی کوٹھریاں تین اِدھر اَور تین اُدھر تھیں تینو ں ایک پیمائش کے اَور ستُون اِدھر اَور اُدھر ایک ہی ناپ کے تھے۔ 11 اَور اُس نے پھاٹک کا چوڑائی دس ہاتھ اَور پھاٹک کی لمبائی تیرہ ہاتھ ناپی۔ 12 اَورکوٹھریوں کےآگے کی طر ف اُن کا حاشیہ ایک ہاتھ اِس طرف اَور ایک ہاتھ اُس طرف تھا اَور ہر ایک کوٹھری چھ ہاتھ اِدھر اَور چھ ہاتھ اُدھر کو تھی۔ 13 اَور اُس نے پھاٹک کو ایک کوٹھری کی چھت سے دُوسرے کی چھت تک پچیس ہاتھ ناپا۔ دروازے ایک دُوسرے کے مُقابل تھے۔ 14 اَور اُس نے ستُونوں کو ساٹھ ہاتھ ناپا۔ اَور دروازے کےصحن کے گِرداگِرد ستُون تھے۔ 15 اَور داخِل ہونے کے پھاٹک کے سامنے سے اندرُونی پھاٹک کی ڈیوڑھی کے سامنے تک پچاس ہاتھ تھے۔ 16 اَور پھاٹک کے اندر کوٹھریوں میں اَور اُن کے ستُونوں میں گِردا گِرد جھرُوکے تھے۔ اَور ویسے ہی ڈیوڑھی کے اندر بھی گِرداگِرد روشن دان تھے۔ اَور ستُونوں پر کھجُور کی تصویریں تھیں۔ 17 اَور وہ مُجھے بیُرونی صحن میں لےگیا۔ تو کیا دیکھتا ہُوں کہ کمرے ہیں اَور صحن میں چاروں طرف فرش لگا ہے اَور فرش پر تیس کمرے ہیں۔ 18 اَور وہ فرش پھاٹکوں کے ساتھ ساتھ برابر لگا تھا۔ یہ نیچے کا فرش تھا۔ 19 اَور اُس نے نیچے کے پھاٹک کے سامنے سے اندرُونی صحن کے بیرُونی کِنارے تک مشرق کی طرف اَور شِمال کی طرف ایک سَو ہاتھ چوڑا ناپا۔ 20 اَور اُس نے بیرونی صحن کے پھاٹک کا جس کا رُخ شِمال کی راہ کی جانب کو ہے لمبائی اَور چوڑائی ناپی۔ 21 اَور اُس کے کوٹھریاں جو تین اِس طرف اَور تین اُس طرف کو تھیں۔ اَور اُس کے ستُون اَور اُس کی ڈیوڑھی پہلے پھاٹک کی پیمائش کے مُطابِق تھی۔ اُس کی لمبائی پچاس ہاتھ اَور چوڑائی پچیس ہاتھ تھی۔ 22 اَور اُس کے روشن دان اَور ڈیوڑھی اَور کھجُور کی تصویریں اُس پھاٹک کی پیمائش کی تھیں جس کا رُخ مشرق کی راہ کی طرف کو تھا۔ اَور اُوپر جانے کے لئے سات سیڑھیاں تھیں۔ اُس کی ڈیوڑھی اندر کی طرف تھی۔ 23 اَور اندرُونی صحن کا پھاٹک شِمال کی طرف اَور مشرق کی طرف کے پھاٹکوں کے مُقابِل تھا اَور اُس نے پھاٹک سے پھاٹک تک ایک سَو ہاتھ ناپا۔ 24 اَور وہ مُجھے جنُوب کی راہ کو لے گیا۔ تو کیا دیکھتا ہُوں کہ ایک پھاٹک جنُوب کی راہ کی طرف ہے۔ اَور اُس نے اُس کے ستُونوں اَور اُس کی ڈیوڑھیوں کو اِنہی ناپوں کے مُطابِق ناپا۔ 25 اَور اُس کے روشن دان اَور اُس کی ڈیوڑھیوں کے گِرداگِرد ایسے ہی روشن دان تھے۔ اَور اُس کی لمبائی پچاس ہاتھ اَور چوڑائی پچیس ہاتھ تھی۔ 26 اَور اُس کے اُوپر جان کے لئے ساتھ سیڑھیاں تھیں۔ اَور اُس کی ڈیوڑھیاں اندر کی طرف تھیں اَور اُس کے ستُونوں پر کھجُور کے درختوں کی صُورتیں تھیں ایک اِس طرف تھی اَور ایک اُس طرف۔ 27 اَور اندرُونی صحن کا ایک پھاٹک بھی جنُوب کی راہ کو تھا۔ اَور ایک پھاٹک سے جنُوب کی راہ کے پھاٹک تک اُس نے ایک سَو ہاتھ ناپا۔ 28 اَو ر وہ مُجھے جنُوب کے پھاٹک سے اندرُونی صحن میں لایا اَور اُس نے جنُوب کے پھاٹک کو اُنہی ناپوں سے ناپا۔ 29 اَور اُس کی کوٹھریاں اَور اُس کے ستُون اَور اُس کی ڈیوڑھیاں اُنہی ناپوں کے مُطابِق تھیں۔ اَور اُس میں اَور اُس کی ڈیوڑھیوں میں اِرد گِرد روشن دان تھے۔ اُس کی لمبائی پچاس ہاتھ اَور چوڑائی پچیس ہاتھ تھی۔ 30 اَور گِرداگِرد ڈیوڑھیاں تھیں۔ پچیس ہاتھ لمبی اَور پانچ ہاتھ چوڑی۔ 31 اَور اُس کی ڈیوڑھیاں اندرُونی صحن کے سامنے تھیں اَور اُس کے ستُونوں پر کھجُور کے درختوں کی صُورتیں تھیں۔ اَور چڑھنے کے لئے سیڑھی جس کے آٹھ زینے تھے۔ 32 اَور وہ مُجھے مشرق کی راہ کی طرف کے اندرُونی صحن میں لایا۔ اَور پھاٹک کو اُنہی ناپوں سے ناپا۔ 33 اَور اُس کی کوٹھریوں اَور اُس کے ستُون اَور اُس کی ڈیوڑھیاں اُنہی ناپوں کے مُطابِق تھیں اَور اُس میں اَور اُس کی ڈیوڑھیوں میں اِردگِرد روشن دان تھے۔ اُس کی لمبائی پچاس ہاتھ اَورچوڑائی پچیس ہاتھ تھی۔ 34 اَور اُس کی ڈیوڑھیاں بیرُونی صحن کے مُقابل تھیں اَور اُس کے ستُونوں پر اِدھر اُدھر کھجُور کے درختوں کی صُورتیں تھیں۔ اَور چڑھنے کے لئے سیڑھی جس کے آٹھ زینے تھے۔ 35 اَور وہ مُجھے شِمالی پھاٹک پر لایا۔ اَور اُس نے اُنہی ناپوں سے۔ 36 اُس کی کوٹھریوں اَور ستُونوں اَور ڈیوڑھیوں کو ناپا۔ اَور روشن دان اُس کے گِرداگِرد تھے۔ اُس کی لمبائی پچاس ہاتھ اَور چوڑائی پچیس ہاتھ تھی۔ 37 اَور اُس کی ڈیوڑھیاں بیرُونی صحن کے مُقابِل تھیں اَور اُس کے ستُونوں پر اِدھر اُدھر کھُجور کے درختوں کی صُورتیں تھی۔ اَور چڑھنے کے لئے سیڑھی جس کے آٹھ زینے تھے۔ 38 اَور پھاٹکوں کے ستُونوں کے پاس دروازہ دار کمرہ تھا۔ وہاں سوختنی قُربانی دھوئی جاتی تھی۔ 39 اَور پھاٹک کی ڈیوڑھی میں دو میزیں اُس طرف اَور دو میزیں اِس طرف تھیں کہ اُن پر سوختنی قُربانی اَور خطا کی قُربانی اَور جُرم کی قُربانی ذَبح کی جائے۔ 40 اَور باہر کی طرف کو شِمالی پھاٹک کی دہلیز کے پاس دو میزیں تھیں اَور دوسری طرف پھاٹک کی ڈیوڑھی کے نزدِیک دو میزیں تھیں۔ 41 چار میزیں اِس طرف اَور چار میزیں اُس طرف پھاٹک کے قریب ۔ آٹھ میزیں جِن پر قُربانی ذَبح کی جائے۔ 42 اَور سوختنی قُربانی کی چار میزیں تراشے ہوئے پتّھروں کی تھیں۔ اُن کی لمبائی ڈیڑھ ہاتھ اَورچوڑائی ڈیڑھ ہاتھ اَور بُلندی ایک ہاتھ تھی۔ اَور اُن پر سوختنی قُربانی اَور ذَبیحوں کے ذَبح کرنے کے اوزار رکھّے ہُوئے تھے۔ 43 اندر کی میزوں کا چاروں طرف ایک حاشیہ تھا جس کی چوڑائی چار اُنگل بڑی تھی اَور میزوں پر قُربانی کا گوشت ہوتا تھا۔ 44 پھِر وہ مُجھے اندرُونی صحن میں لایا۔ تو کیا دیکھتا ہُوں کہ دو کمرے ہیں۔ ایک شِمال کے پھاٹک کی طرف جس کا رُخ جنُوب کی راہ کی جانِب ہے۔ اَور دوسرا جنُوبی پھاٹک کی طرف، جس کا رُخ شِمال کی راہ کی جانِب ہے۔ 45 اَور اُس نے مُجھ سے کہا کہ یہ کمرہ جس کا رُخ جنُوب کی راہ کی جانب ہے۔ اُن کاہِنوں کے لئے ہے جو گھر کی نگہبانی کرتے ہیں۔ 46 اَور وہ کمرہ جس کا رُخ شِمال کی راہ کی جانب ہے۔ اُن کاہِنوں کے لئے ہے جو مذَبح کی نگہبانی پر ماموُر ہیں۔ یہ بنی صدؔوق ہیں جو بنی لاوؔی کے درمیان سے خُداوند کے نزدِیک آتے ہیں تاکہ اُس کی خدمت کریں۔ 47 اَور اُس نے صحن کو سَو ہاتھ لمبا اَور سَو ہاتھ چوڑا مربّع ناپا۔ اَور مذَبح گھر کے آگے تھا۔ 48 اَور وہ مُجھے گھر کی ڈیوڑھی میں لایا۔ اَور اُس نے ڈیوڑھی کا ایک ایک سُتون ناپا۔ پانچ ہاتھ اِس طرف اَور پانچ ہاتھ اُس طرف۔ اَور پھاٹک کی چوڑائی چودہ ہاتھ تھی۔ اَور باقی دِیوار تین ہاتھ اِدھر اَورتین ہاتھ اُدھر تھی۔ 49 ڈیوڑھی کی لمبائی بیس ہاتھ اَور اُس کی چوڑائی بارہ ہاتھ۔ اَور اُس پر سیڑھی جس کے دس زینے اُوپر جاتے تھے۔ اَور چُونے کے ستُون ایک اِس طرف اَور ایک اُس طرف۔