باب

1 اَور وہ مُجھے ہیَکل میں لایا۔ اَور ستُونوں کو ناپا۔ چوڑائی اِس طرف چھ ہاتھ اَور چوڑائی اِس طرف چھ ہاتھ تھی۔ 2 اَور دہلیز کی چوڑائی دس ہاتھ۔ اَور دہلیز کی اطراف پانچ ہاتھ اِس طرف اَور پانچ ہاتھ اُس طرف تھیں اَور اُس نے ہَیکل کی لمبائی چالیس ہاتھ اَور چوڑائی بیس ہاتھ ناپی۔ 3 تب وہ اندر گیا۔ اَور دہلیز کے ہر ستُون کو دو ہاتھ ناپا۔ اَور دہلیز چھ ہاتھ۔ اَور دہلیز کی اطراف سات ہاتھ تھیں۔ 4 اَور اُس نے اندر کی لمبائی بیس ہاتھ اَور چوڑائی بیس ہاتھ ناپی۔ یہ ہَیکل کے سامنے تھا۔ اَور اُس نے مُجھ سے کہا۔ کہ یہ پاک ترین مقام ہے۔ 5 اَور اُس نے گھر کی دِیوار کو چھ ہاتھ ناپا اَور پہلُو کی ہر ایک کوٹھری کی چوڑائی گھر کے اِردگرِد چار ہاتھ تھی۔ 6 اَور پہلُو کی کوٹھریاں تین منزلہ تھیں۔کوٹھری کے اوپرکوٹھری قطار میں تیس اَور وہ اُس دِیوار میں جو گھر کے گِرداگِرد کی کوٹھریوں کے لئے تھی داخِل کئے گئے تھے تاکہ مضبُوط ہُوں۔ لیکن وہ گھر کی دِیوار سے مِلے ہُوئے نہ تھے ۔ 7 اَور پہلُو کی وہ کوٹھریاں اُوپر تک چاروں طرف زیادہ وسیع ہوتی جاتی تھیں۔ کیونکہ گھر گِرداگِرد سے اُونچا ہوتا چلا جاتا تھا۔ گھر کی چوڑائی اُوپر تک برابر تھی ۔ اَور اُوپر کی کوٹھریوں کا رستہ درمیانی کوٹھریوں کے بیِچ سے تھا۔ 8 اَور مَیں نے گھر کی بُلندی اُس کے چبوترے میں دیکھی۔ اَور پہلُو کی کوٹھریوں کی بُنیادیں پورے سرکنڈے کی چھ بڑے ہاتھ کی تھیں۔ 9 اَور پہلُو کی کوٹھریوں کی بیرُونی دِیوار کی چوڑائی پانچ ہاتھ تھی اَور باقی کُشادہ جگہ گھر کے پہلُو کی کوٹھریوں کے درمیان تھی۔ 10 اَورکوٹھریوں کے درمیان گھر کی چاروں طرف مُحیط میں بیس ہاتھ کا فاصلہ تھا ۔ 11 اَور پہلُو کی کوٹھریوں کی دہلیز اُس کُشادہ جگہ کی طرف تھی۔ ایک مدَخِل شمال کی طرف اَور ایک جنُوب کی طرف اَور کُشادہ جگہ چاروں طرف چوڑائی میں پانچ ہاتھ تھی۔ 12 اَور وہ عمارت جو علیٰحدہ صحن کے سامنے کی مغرب کی راہ کی طرف تھی اُس کی چوڑائی ستّر ہاتھ تھی۔ اَور عمارت کی دِیوار کی موٹائی مُحیط میں پانچ ہاتھ اَور اس کی لمبائی نوے ہاتھ تھی۔ 13 اَور اُس نے گھر کو لمبائی میں سَو ہاتھ ناپا۔ اَور علیٰحدہ صحن اَور عمارت اَور اُس کی دِیواریں لمبائی میں سو ہاتھ تھیں۔ 14 اَور گھر کے سامنے اَور مشرق کی طرف کے علیٰحدہ صحن کی چوڑای ایک سو ہاتھ تھی۔ 15 اَور اُس نے اُس عمارت کی لمبائی جو گھر کے پیچھے علیٰحدہ صحن کے سامنے تھی اَور برآمدوں کو اِس طرف اَور اُس طرف ایک سَو ہاتھ ناپا۔ اَور ہَیکل اَور اندرُون اَور صحن کی ڈیوڑھیاں۔ 16 اَور دہلیزیں اَور جالی دار کھڑکیاں اَور تینوں منزلوں کے برآمدے اِردگِرد دہلیزوں کے سامنے چاروں طرف فرش سے لے کر کھڑکیوں تک لکڑی سے مَڑھے ہُوئے تھے اَور کھڑکیاں بھی مَڑھی ہُوئی تھیں۔ 17 دہلیز کے اُوپر کے حِصّے اَور گھر کے اندرُون اَور بیرُون کی تمام دِیوار چاروں طرف اندر باہر ٹھیک اندازے سے یُونہی تھی۔ 18 اَور اُس میں فرشتے اَور کھجُور کے درختوں کی صوُرتیں بنی تھیں۔ دو دو فرشتوں کے درمیان ایک ایک کھجُور کا درخت اَور ہر ایک فرشتہ کے دو چہرے تھے۔ 19 یعنی اِس طرف کے کھجُور کے درخت کی طرف اِنسان کا چہرہ تھا۔ اَور اُس طرف کے کھجُور کے درخت کی طرف شیر ببَر کا چہرہ تھا پورے گھر کی چاروں طرف اِسی طرح کا کام بنا ہُؤا تھا۔ 20 فرش سے لے کر دہلیز کے اُوپر تک فرشتے اَور کھجُور کے درختوں کی صُورتیں بنی ہُوئی تھیں۔ ہَیل کی دِیوار پر یُونہی بنی ہُوئی تھیں۔ 21 اَور ہَیکل کی دہلیز کے ستُون مُربّع تھے۔ اَور مَقدِس کے سامنے ایک صوُرت تھی۔ 22 یعنی لکڑی کے مذَبح کی سی صُورت جس کی بُلندی تین ہاتھ اَور لمبائی دوہاتھ تھی اُس کے سِینگ تھے۔ اُس کا پایہ اَور اُس کی دِیواریں لکڑی کی تھیں۔ اَور اُس نے مُجھ سے کہا کہ یہ وہ میز ہے جو خُداوند کے حضُور ہے۔ 23 اَور ہَیکل کے دو دروازے تھے۔ 24 اَور دروازوں کے دو دو مُڑنے ولاے پَلّے تھے۔ دو پَلّے پہلے دروازے کے لئے اَور دو پَلّے دوسرے کے لئے۔ 25 اَور ہَیکل کے دروازوں پر فرشتے اَور کھجُور کے درخت بنے ہوئے تھے۔ جس طرح کہ دِیواروں پر بنے ہوئے تھے اَور ڈیوڑھی کے سامنے باہر کی طرف لکڑی کا تختہ تھا۔ 26 اَور ڈیوڑھی کی اطراف کی جالی دار کھڑکیوں پر اندر باہر کھجُور کے درخت بنے ہُوئے تھے۔ اَور گھر کے پہلُوکی کوٹھریاں اَور تختوں کی یہی صُورت تھی۔