باب

1 جؔوج پر فتح اَور تُو اے ابنِ بشر! جؔوج کے خلاف نُبّوت کر۔ اَور کہہ دے خُداوند یُوں فرماتا ہَے۔ دیکھ ۔ اَے جؔوج! اَے مسک اَور تُوبؔل کے فرمانروااعظم۔ مَیں تیرے خلاف ہُوں۔ 2 مَیں تُجھے پھِراؤں گا۔ اَور تُجھے ہانکُوں گا۔ اَور تُجھے شِمال کے دُور علاقوں سے لاؤُں گا اَور اِسرؔائیل کے پہاڑوں پر پُہنچا دُوں گا۔ 3 پر مَیں تیرے بائیں ہاتھ سے تیری کمان توڑ دُوں گا۔ اَور تیرے دہنے ہاتھ سے تیرے تِیر گِرا دُوں گا۔ 4 تُو اپنے تمام گروہوں اَور ساتھی قوموں سمیت اِسرؔائیل کے پہاڑوں پر گِر جائے گا۔ مَیں تُجھے شِکاری پرندوں بلکہ ہر قِسم کے پرندوں اَور میدان کے درِندوں کو دُوں گا کہ تُجھے کھا جائیں۔ 5 تُو کُھلے میدان میں گِر پڑے گا اِس لئے کہ مَیں نے یہ کہا ہَے ۔(خُداوند کا فرمان یُونہی ہَے) ۔ 6 مَیں ماجؔوج پر اَور اُن پر جو اِطمینان سے جزائر میں بستے ہیں آگ نازِل کرُوں گا اَور وہ جان لیں گے کہ مَیں ہی خُداوند ہُوں۔ 7 اَور مَیں اپنی اُمّت اِسرّائیل کے درمیان اپنا قُدُّوس نام ظاہر کرُوں گا۔ اَور پھِر اپنے قُدُّوس نام کو داغ لگانے نہ دُوں گا۔ اَور قومیں جان لیں گی کہ مَیں ہی خُداوند یعنی اِسرؔائیل کا قُدُّوس ہُوں۔ 8 دیکھ۔ یہ واقع ہو گا اَور انجام کو پُہنچے گا۔ (خُداوند کا فرما ن ہے)۔ ( یہ وہی دن ہے جس کی بابت میں نے کلام کیا ہے)۔ 9 تب اِسرؔائیل کے شہروں کے رہنے والے باہر نِکلیں گے اَور آگ لگا کر ہتھیاروں کو جَلا دیں گے۔ یعنی سِپروں اَور پھَریوں کو اَور کمانوں اَور تیروں کو اَور بھالوں اَور بَرچھیوں کو۔ وہ سات برس تک اُنہیں جلاتے رہیں گے۔ 10 یہاں تک کہ وہ نہ میدان سے لکڑی لائیں گے اَور نہ جنگلوں سے کاٹیں گے۔ کیونکہ وہ ہتھیار ہی جَلاتے رہیں گے اَور اپنے لُوٹنے والوں کو لُوٹیں گے اَور اپنے غارت کرنے والوں کو غارت کر دیں گے۔(خُداوند کا فرمان یُونہی ہَے)۔ 11 اَور مَیں اُسی روز وہاں اِسرؔائیل میں جؔوج کو قبرستان کے لئے ایک مشُہور جگہ دُوں گا۔ یعنی سُمندر کے مشرق میں عبارؔیم کی وادی۔ اُس سےراہ گزُروں کی راہ بند ہو جائے گی۔ وہاںجؔوج اپنے لوگوں سمیت دفن کیا جائےگا۔ اَور وہ جؔوج کے لوگوں کی وادی کہلائے گی ۔ 12 اِسرؔائیل کا گھر اُن سات مہینوں تک اُن کے دفن کرنے میں مشغول رہے گا تاکہ مُلک کو پاک کرے۔ 13 ہاں مُلک کے سب لوگ دفن کرنے کا کام کریں گےاَور جس روزمیری تمجید ہو گی تو یہ اُن کے لے ناموری کا سبب ہو گا۔ (خُداوند کا فرمان یُونہی ہے)۔ 14 اَورچند آدمی مقرر کِئے جائیں گے جو برابر مُلک کی گشت کریں گے تاکہ اُنہیں دفنا دیں جو سطح زمین پر پڑے رہ گئے ہوں تاکہ اُسے پاک کریں۔ یہ پُورے سات مہینوں کے بعد تلاش کر لیں گے۔ 15 اَور جب وہ مُلک میں سےگُزریں گے اَور اُن میں سے کوئی کِسی آدمی کی ہَڈّی دیکھے تو وہ اُس کے پاس ایک نِشان کھڑا کرے گا جب تک کہ دفن کرنے والے لوگ جؔوج کی وادی میں اُسے دفنا نہ دیں۔ 16 یوُں وہ مُلک کو پاک کری دیں گے۔ 17 اَور اَے ابنِ بشر!خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہَے۔ ہر قسم کے پرندے اَور تمام میدانی درِندوں سے کہہ دے۔ کہ اِکٹھّے ہو جاؤ اور آؤ۔ چاروں طرف سے میرے اُس ذَبیحے پر جمع ہو جاؤ جو مَیں نے تُمہارے لئے ذَبح کِیا ہَے۔ یعنی اِسرؔائیل کے پہاڑوں پر کے بڑے ذَبیحے پر۔ گوشت کھاؤ اَور خُون پیِئو۔ 18 بَہادُروں کا گوشت کھاؤ گے اَور شاہاں عالم کا خُون پیِئو گے۔ ہاں مینڈھو ں اَور برّوں اَور بکروں اَور بچھڑوں کا جو سب کے سب موٹے بسنی جانور ہیں۔ 19 اَور تُم میرے ذبیحے کی جو مَیں نے تُمہارے لئے ذَبح کِیا ہے۔ سیرہونے تک چربی کھاؤ گے۔ اَور مست ہونے تک خُون پیِئو گے۔ 20 اَور تُم میرے دسترخوان پر گھوڑوں اَور سَواروں اَور بہَادُروں اَور طرح طرح کے جنگی مَردوں سے سیر ہو گے۔ (مالِک خُداوند کا فرمان یُونہی ہے)۔ 21 اَور مَیں قوموں میں اپنا جلال ظاہر کُروں گا۔ اَور سب قومیں میری عدالت کو جو مَیں نے نافذ کی ہے اَور میرے ہاتھ کو جو مَیں نے اُن پر رکھّا ہے دیکھیں گی۔ 22 اَور بعد اَزاں اُس دِن سے لے کر آگے کو اِسرؔائیل کا گھرانا جانتا رہے گا ۔ کہ مَیں ہی خُداوند اُن کا خُدا ہُوں۔ 23 اَور قومیں جان لیں گی۔ کہ اِسرؔائیل کا گھرانا اپنی بَدی کے سبب سے جَلاوطنی میں گیا تھا کیونکہ اُنہوں نے میری نافرمانی کی تھی تو مَیں نے اپنا مُنہ اُن سے چھُپا لِیا اَور اُنہیں اُن کےمخُالفِوں کے ہاتھ میں مَیں نےدے دِیا۔ تو وہ سب تلوار سے گِرگئے۔ 24 اُن کی ناپاکی اَور اُن کے گُناہوں کے مُطابِق مَیں نے اُن سے سلُوک کِیا۔ اَور مَیں نے اپنا مُنہ اُن سےچھُپایا۔ 25 اِس لئے خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہَے۔ اَب مَیں یَعقُوؔب کی غلامی کوختم کروں گا۔ اَور اِسرؔائیل کے تمام گھرانے پر رحم کرُوں گا۔ اَور اپنے قُدُّوس نام کے غیُّور ہُوں گا۔ 26 جس وقت وہ اپنی رُسوائی اَور اپنی تمام نافرمانی کی سزا پائیں گے جس سے اُنہوں نے تب میری خطا کی تھی۔ جب وہ اپنی سَرزمین میں اِطمینان سے بستے اَور کِسی سے خوف نہیں کھاتے تھے۔ 27 جب مَیں اُنہیں قوموں کے درمیان سے واپس لاؤں گا۔ اَور اُن کے دُشمنوں کے مُلکوں میں سے اُنہیں جمع کرُوں گا اَور بُہت سی قوموں کی آنکھوں کے سامنے اُن کے درمیان تَقدِیس پاؤں گا۔ 28 تب وہ جان لیں گے کہ مَیں ہی خُداوند اُن کا خُدا ہُوں کیونکہ مَیں نے اُنہیں قوموں کے درمیان اسیری میں بھیج کر پھِر اُنہی کی سَرزمین میں جمع کِیا ہے اَور اُن میں سےایک کو بھی وہاں نہیں چھوڑا۔ 29 اَورمَیں پھِر کبھی اُن سے مُنہ نہ چھُپاؤں گا کیونکہ مَیں اپنی رُوح اِسرؔائیل کے گھرانے پر اُنڈیلی ہَے۔ (خُداوندخدا کا فرمان یُونہی ہے) ۔