باب

1 ہڈیوں کے زندہ ہونے کی رویا خُداوند کا ہاتھ مُجھ پر تھا۔ اَور اُس نے مُجھے اپنی روح میں اُٹھا لِیا۔ اَور مُجھے ایک وادی میں اُتار دِیا جو اِنسان کی ہَڈّیوں سے بھری تھی۔ 2 اَور اُس نے مُجھے اُن کے گِرداگِرد پھِرایا۔ تو کیا دیکھتا ہُوں کہ وہ وادی کی سطح پر کثرت سے تھیں۔ اَور نہایت ہی سُوکھی ہُوئی تھیں۔ 3 تو اُس نے مُجھ سے کہا کہ اَے ابنِ بشر ! کیا یہ ہَڈّیاں زِندہ ہوسکتی ہیں؟مَیں نے کہا۔ اَے مالِک خُداوند۔ تُو ہی جانتا ہَے۔ 4 تو اُس نے مُجھ سے کہا۔ کہ اِن ہَڈّیوں پر نُبوّت کر۔ اَور اِن سے کہہ دے۔ اَے سوُکھی ہَڈّیو!خُداوند کا کلام سُنو۔ 5 مالِک خُداوند ہَڈّیوں سے یُوں فرماتا ہے۔ دیکھو مَیں تُمہارے اندر رُوح ڈالوں گا تو تُم زِندہ ہو جاؤں گی۔ 6 مَیں تُم پر پٹّھے لگاؤں گا۔ اَور تُم پر گوشت پیدا کُروں گا۔ اَور تُم پر چمڑا چڑھاؤُ گا۔ اَور تُم میں رُوح ڈالُوں گا۔ تو تُم زِندہ ہو جاؤ گی اَور جان لو گی۔ کہ مَیں ہی خُداوند ہُوں۔ 7 اَور مَیں نے جس طرح حُکم پایا اُسی طرح نُبوّت کی اَور جب مَیں نُبوّت کر رہا تھا تو ایک شور ہُؤا۔ اَور کیا دیکھتا ہُوں کہ زلزلہ آیا اَور ہَڈّیا ں ایک دوسری سے مِل گئیں۔ ہر ایک ہَڈّی اپنے برابر کی ہَڈّی سے ۔ 8 اَور جب مَیں دیکھ رہا تھا ۔ تو کیا دیکھتا ہُوں کہ اُن پر پٹّھے چڑھ آئے۔ اَور گوشت بھی پیدا ہو گیا اَور چمڑا آگیا۔مگر یہ بے جان ہی تھیں۔ 9 تب اُس نے مُجھ سے کہا کہ تُو رُوح سے نُبوّت کر۔ اَے ابنِ بشر! نُبوّت کر اَور رُوح سے کہہ دے کہ مالِک خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ اَے رُوح چاروں اطراف سے آجا۔ اَور اِن مقتوُلوں پر پھُونک کہ وہ پھِر زِندہ ہو جائیں۔ 10 اَور مَیں نے جس طرح حُکم پایا اِسی طرح نبُوّت کی۔ تب رُوح اُن میں داخل ہُوئی۔ اَور وہ زِندہ ہو گئیں۔ اَور وہ اپنے پاؤں پر کھڑی ہو کر ایک نہایت بڑا لشکر بن گئیں۔ 11 تب اُس نے مُجھ سے کہا۔ کہ اَے ابنِ بشر! یہ سب ہَڈّیاں اِسرؔائیل کا گھرانا ہیں۔ دیکھ ۔ وہ کہتے ہیں۔ کہ ہماری ہَڈؔیاں سُوکھ گئی ہیں۔ اَور ہماری اُمؔید جاتی رہی ہے۔ ہم تو کاٹ ڈالے گئے ہیں۔ 12 اِس لئے تُو نُبوّت کر اَور اُن سے کہہ دے۔ مالِک خُداوند یُوں فرماتا ہَے۔ دیکھ۔ مِیں تُمہاری قبریں کھول دُوں گا۔ اَور تُمہاری قبروں میں سے تُمہیں باہر نِکالُوں گا۔ اَے میری اُمّت ! اَور تُمہیں اِسرؔائیل کی سَرزمین میں لاؤُں گا۔ 13 اور تم جا ن لو گے کہ میں ہی خداوند ہوں۔ جس وقت مَیں تُمہاری قبریں کھولوں گا اَور تُمہاری قبروں میں سے تُمہیں باہر نِکالوں گا ۔ اَے میر ی اُمّت! 14 اَور مَیں اپنی رُوح تُم میں ڈالُوں گا۔ اَور تُم زِندہ ہو جاؤ گے۔ اَور مَیں تُمہیں تُمہاری سَر زمین میں بساؤُں گا۔ تب تُم جان لو گے۔ کہ مَیں خُداوند نے یہ کہا ہے اَور عمل میں لایا ہُوں۔ (خداوند کا فرمان یُونہی ہے)۔ 15 اَور مَیں نے خُداوند کا کلام پایا۔ اُس نے کہا ۔ 16 اَے ابنِ بشر! تُو ایک چھڑی لے اَور اُس پر لکِھ۔ " یہُودؔاہ اَور اُس کے ساتھیوں بنی اِسرؔائیل کے لئے۔"پھرِ دُوسری چھڑی لے اَور اُس پر لِکھ۔"اِفراؔئیم کی چھڑی یُوسف اَور اُس کے ساتھیوں یعنی اِسرؔائیل کے تمام گھرانے کے لئے"۔ 17 اَور اُنہیں ایک دوسرے کے ساتھ جوڑ کہ وہ تیرے لئے ایک لکڑی ہو۔ اَور وہ دونوں تیرے ہاتھ میں ایک ہوں گی۔ 18 اَور جب تیری قوم کے فرزند تُجھ سے بات کر کے کہیں۔ کیا تُو ہمیں نہیں بتائے گا کہ اِس سے تیرا کیا مطلب ہَے؟ 19 تو تُو اُن سے کہہ دے۔ مالِک خُداوند یُوں فرماتا ہے۔ دیکھ۔ مَیں یُوسؔف کی چھڑی کو جو اِفراؔئیم کے ہاتھ میں ہے اَور اُس کے ساتھیوں اِسرؔائیل کے قبائل کو لُوں گا۔ اَور اُنہیں یہُودؔاہ کی چھڑی بنا دُوں گا۔ تو وہ میرے ہاتھ میں ایک ہوں گی۔ 20 اَور وہ چھڑیاں جِن پر تُو نے لِکھا ہے اُن کی آنکھوں کے سامنے تیرے ہاتھ میں ہوں گی۔ 21 ۔اَور تُو اُن سے کہہ دے۔ خُداوند یُوں فرماتا ہے۔ دیکھ۔ مَیں بنی اِسرؔائیل کو اُن قوموں کے درمیان سے جِن میں وہ گئے ہیں لے لُوں گا اَور ہر ایک طرف سے اُنہیں اِکٹھا کرُوں گا۔ اَور اُن کی سَر زمین میں اُنہیں لاؤُں گا۔ 22 اَور مَیں اُنہیں اُس سَرزمین میں اِسرؔائیل کے پہاڑوں پر ایک ہی قوم بناؤُں گا۔ اَور ایک ہی بادشاہ اُن سب کا بادشاہ ہو گا۔ اَور پھِر وہ دو قومیں نہ ہوں گی۔ اَور نہ پھِر اَبد تک کبھی دو ممَلکُتَوں میں تقسیم ہوں گے۔ 23 اَور پھِر وہ اپنے آپ کو اپنے بُتوں سے اَور اپنی نفرت کرنے والی چیزوں سے اَور اپنی کِسی بَدی سے ناپاک نہ کریں گے۔ بلکہ مَیں اُنہیں اُن کے تمام مسکنوں سے جہاں سے اُنہوں نے گُناہ کِیا ہے چھُڑاؤُں گا۔ اَور اُنہیں پاک کرُوں گا۔ سو وہ میری اُمّت ہوں گے اَور مَیں اُن کا خُدا ہُوں گا۔ 24 اَور میرا بندہ داؔؤد اُن پر بادشاہ ہو گا۔ اَور اُن سب کا ایک ہی چوپان ہو گا۔ اَور وہ میرے حُکموں پر چلیں گے اَور میرے قَوانین کو مانیں گے اَور اُن پر عمل کریں گے۔ 25 اَور وہ اُس سَرزمین میں بسیں گے جو مَیں نے اپنے بندے یَعقُؔوب کو عطا کی تھی۔ اَور جس میں تُمہارے باپ دادا بستے تھے تو وہ اَور اُن کی اولاد اَور اُن کی اولاد کی اَولاد اُس میں ہمیشہ کے لئے بسیں گے۔ اَور میرا بندہ داؔؤد اَبد تک اُن کا فرمانروا ہو گا۔ 26 اَور مَیں اُن کے ساتھ سلامتی کا عہد باندُھوں گا۔ وہ اُن کے ساتھ اَبدی عہد ہو گا اَور مَیں اُنہیں قائم کرُوں گا۔ اَور بڑھاؤں گا۔ اَور اُن کے درمیان اپنا مَقدِس اَبد تک رکھّوں گا۔ 27 اَور میرا مَسکِن اُن کے ساتھ ہو گا۔ اَور مَیں اُن کا خُدا ہُوں گا اَور وہ میری اُمّت ہوں گے۔ 28 اَور جب میرا مَقدِس ہمیشہ کے لئے اُن کے درمیان ہوگا ۔ تو قومیں جان لیں گی کہ مَیں خُداوند ہی اِسرؔائیل کو مُقدّس کرتا ہُوں۔