باب

1 اِسرائیل کا بحال کیا جانا اَور تُو اَے ابنِ بشر! ! اِسرؔائیل کے پہاڑوں سے نُبوّت کر اَور کہہ دے۔ اَے اِسرؔائیل کے پہاڑو! تُم خُداوند کا کلام سُنو۔ 2 مالِک خُداوند یُوں فرماتا ہَے ۔ چُونکہ دُشمن نے تُم پر کہا ہے کہ "آہا!وہ اُونچے اُونچے مقام ہمارے ہی ہو گئے ہیں!" 3 اِس لئے تُو نُبوّت کر اَور کہہ دے کہ مالِک خُداوند یُوں فرماتا ہے۔ اِس سبب سے کہ اُنہوں نے تُمہیں وِیران کر دِیا ہَے۔ اَور ہر طرف سے تُمہیں نِگل گئے ہیں۔ تاکہ جو قوموں میں سے باقی ہیں ۔ اَور لوگوں نے تُمہارے حَق میں بکواس اَور تُمہاری مذَمّت کی۔ 4 ۔ہاں اِسی سبب سے اَے اِسرؔائیل کے پہاڑو۔ مالِک خُداوند کا کلام سُنو۔ مالِک خُداوند پہاڑوں اَور ٹیلوں اَور نہروں اَور وادیوں اَور برباد وِیرانوں اَور ترک شُدہ شہروں سے جو آس پاس کی قوموں کے بَقیّہ کے لئے لُوٹ اَور باعث شرم ہو گئے ہیں۔ یُوں فرماتا ہے۔ 5 اِس لئے مالِک خُداوند یُوں فرماتا ہے۔ مَیں اپنی غیرت کے جوش میں قوم کے باقی لوگ اَور تمام اِدوؔم کے خلاف کلام کرتا ہُوں۔ کیونکہ اُنہوں نے دِلی خُوشی اَور جانی نفرت سے میری سَر زمین کو اپنی مِلکیّت بنا دِیا ہے تاکہ اُن کے لئے غنیمت ہو۔ 6 اِس واسطے تُو اِسرؔائیل کی سَر زمین کی بابت نُبوّت کر۔ اَور پہاڑوں اَور ٹِیلوں اَور گھاٹیوں اَور وادیوں سے کہہ دے۔ مالِک خُداوند یُوں فرماتا ہَے۔ کہ دیکھ مَیں اپنی غیرت اَور قہر میں کلام کرتا ہُوں۔ چُونکہ تُم نے قوموں کی ملامت اُٹھائی ہَے۔ 7 اِس لئے مالِک خُداوند یُوں فرماتا ہَے۔ مَیں اپنا ہاتھ اُٹھاتا ہُوں۔ کہ تُمہارے آس پاس کی قومیں آپ ہی شرمندہ ہُوں گی۔ 8 لیکن تُم اَے اِسرؔائیل کےپہاڑو!تُم اپنی شاخیں نِکالو گے اَور میری اُمّت اِسرؔائیل کو پھَل دو گے کیونکہ وہ جلد آنے والا ہَے۔ 9 کیونکہ دیکھ۔ مَیں تُمہارے پاس آتا اَور تُمہاری طرف توجّہ کرتا ہُوں۔ پس تُم جوتے اَور بوئے جاؤ گے۔ 10 اَور مَیں آدمیوں کو ہاں اِسرؔائیل کے تمام گھرانے کو تُم پر بُہت بڑھاؤں گا۔ اَور شہر آباد ہوں گے اَور وِیرانے دوبارہ تعمیر کِئے جائیں گے۔ 11 اَور مَیں تُم پر اِنسان و حیوان کو بڑھا دُوں گا۔ اَور وہ بُہت ہوں گے اَور پھلیں گے۔ اَور مَیں تُمہیں پہلے زمانے کی طرح آباد کُروں گا۔ اَور پہلے کی نِسبت تُم پر زیاہ اِحسان کرُوں گا۔ اَور تُم جان لوگے کہ مَیں ہی خُداوند ہُوں۔ 12 ہاں مَیں ایسا کرُوں گا کہ آدمی یعنی میری اُمّت اِسرؔائیل کے لوگ تُم پر چلیں پھِریں گے۔ اَور وہ تُمہارے مالِک ہوں گے اَور تُم اُن کی مِلکیؔت ہو گے۔ اَور پھِر اُنہیں اولاد سے محُروم نہ کرو گے۔ 13 مالِک خُداوند یُوں فرماتا ہے۔ چوُنکہ تُجھ سے کہا جاتا ہے کہ "تُو آدمیوں کو نِکل جاتی اَور اپنی قوموں کو بے اولاد کر دیتی ہے"۔ 14 اِس لئے تُو پھِر آدمیوں کو نہ نِگلے گی اَور اپنی قوموں کو بے اولاد نہ کرے گی۔ (مالِک خُداوند کا فرمان یُونہی ہے)۔ 15 اَور مَیں ایسا کرُوں گا کہ دیگر قوموں کی طرف سے تیری ملامت پھِر سُنی نہ جائے گی۔ اَور تُو پھِر اُمّتوں کی توہین نہ اُٹھائے گی۔ اَور پھِر اپنے لوگوں کے لئے ٹھوکر کا باعِث نہ ہوگی۔(مالِک خُداوند کا فرمان یُونہی ہے)۔ 16 اَور مَیں نے خُداوند کا کلام پایا۔ اُس نے کہا کہ ۔ 17 اَے ابنِ بشر! اِسرؔائیل کا گھرانا جب اپنی زمین میں بستے تھے۔ تو اُنہوں نے اپنی رَوِش اَور اپنے اَعمال سے اُسے ناپاک کر دِیا۔ اَور اُن کی رَوِش میرے سامنے عورت کی ناپاکی کی حالت کی طرح تھی۔ 18 تو اُس خُون کے سبب سے جو اُنہوں نے مُلک میں بہایا۔ مَیں نے اپنا قہر اُن پر اُنڈیلا۔ اَور چُونکہ اُنہوں نے اپنے بُتوں سے ناپاک کر دِیا۔ 19 اِس لئے مَیں نے اُنہیں قوموں کے درمیان تتر بِتر کر دِیا اَور وہ مُلکوں میں آوارہ ہو گئے۔ مَیں نے اُن کی رَوِش اَور اُن کے اَعمال کے مُطابِق اُن کی عدالت کی۔ 20 اَور جب وہ اُن قوموں کے درمیان پُہنچے۔ جِن جِن میں وہ گئے تھے تو اُنہوں نے میرے پاک نام کو ناپاک کر دِیا۔ کیونکہ اُن کے بارے کہا جاتا تھا کہ یہ خُداوند کے لوگ ہیں پھِر بھی اُنہیں اُس کی سَر زمین سے نِکلنا پڑا ہے۔ 21 لیکن مُجھے اپنے قُدّوس نام کے بارے میں افسوس ہُؤا۔ جِسے اِسرؔائیل کے گھرانے نے اُن قوموں کے درمیان جِن میں وہ گئے تھے ناپاک کِیا۔ 22 اِس لئے تُو اِسرؔائیل کے گھرانے سے کہہ دے۔ مالِک خُداوند یُوں فرماتا ہَے۔کہ مَیں تُمہاری خاطِر یہ نہیں کرتا ہُوں۔ اَے اِسرؔائیل کے گھرانے ! بلکہ اپنے قُدّوس نام کی خاطِر جِسے تُم نے اُن قوموں میں جِن کے درمیان تُم گئے ناپاک کِیا۔ 23 پس مَیں اپنے عظیم نام کی جو قوموں میں داغ دار کِیا گیا ہے۔ ہاں جِن کے درمیان تُم نے اُسے ناپاک کِیا تَقدِیس کرُوں گا۔ جب اُ ن کے سامنے تُمہارے ذریعہ سے میری تَقدِیس ہو گی تو قومیں جان لیں گی کہ مَیں ہی خُداوند ہُوں (مالِک خُداوند کا فرمان یُونہی ہے)۔ 24 کیونکہ مَیں تُمہیں قوموں کے درمیان سے نِکال لُوں گا۔ اَور سب مُلکوں میں سے جمع کرُوں گا۔ اَور تُمہیں تُمہارے وطن میں واپس لاؤں گا۔ 25 تب مَیں تُم پر پاک پانی چھِڑکُوں گا۔ اَور تُم اپنی ناپاکی سے پاک صاف ہو جاؤ گے۔ مَیں تُمہیں تُمہارے تمام بُتوں اَور گندگی سے پاک کر دُوں گا۔ 26 اَور مَیں تُمہیں ایک نیا دِل بخش دُوں گا۔ اَور تُمہارے باطِن میں نئی رُوح ڈال دُوں گا۔ اَور تُمہارے بدن سے پتّھر کا دِل نِکال لُوں گا۔ اَور تُمہیں گوشت کا دِل عطا کرُوں گا۔ 27 اَور تُمہارے باطِن میں اپنی رُوح ڈال دُوں گا اَور مَیں ایسا کرُوں گا۔ کہ تُم میرے قَوانین پر چلو گے اَور میرے حُکموں کو یاد کر کے اُن پر عمل کرو گے۔ 28 اَور تُم اُس مُلک میں بسو گے جو مَیں نے تُمہارے باپ دادا کو عطا کِیا تھا۔ اَور تُم میری اُمّت ہو گے اَور مَیں تُمہارا خُدا ہُوں گا۔ 29 اَور مَیں تُمہیں تُمہاری تمام ناپاکی سے چھُڑاؤں گا۔ اَور مَیں اناج منگواؤں گا اَور اُسے بڑھاؤں گا۔ اَور مَیں پھِر کال نہ بھیجُوں گا۔ 30 اَور مَیں درخت کا پھل اَور کھیت کی پیداوار زیادہ کرُوں گا۔ تاکہ بعد میں تُمہیں قوموں میں کال کا ذمہ دار نہ ٹھہرائیں۔ 31 تب تُم اپنے بُری روش اَور بُرے کاموں کو یاد کرو گے۔ اَور تُم اپنی بَد کرداری اَور اپنے مکرُوہ کاموں کے سبب سے اپنے آپ سے نفرت کروگے۔ 32 پس تُمہیں یاد رہے۔ مَیں یہ تُمہاری خاطِر نہیں کرتا ہُوں۔ یُوں مالِک خُداوند کا فرمان ہَے۔ اَے اِسرؔائیل کے گھرانے! شرمندہ ہو اَور اپنی رَوِش کے سبب سے شرمندگی اُٹھاؤ۔ 33 مالکِ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ جس روز مَیں تُمہیں تُمہاری سب بَدیوں سے صاف کردُوں گا۔ اَور تُمہیں شہروں میں بساؤں گا۔ اَور ویرانے تعمیر کِئے جائیں گے۔ 34 اَور وہ اُجاڑ زمین جو سب گُزرنے والوں کی آنکھوں میں وِیران پڑی تھی جوتی جائے گی۔ 35 تو کہا جائے گا۔ کہ یہ اُجاڑ زمین عدؔن کے باغ کی طرح ہو گئی ہے۔ اَور اُجاڑ اَور وِیران و تباہ شُدہ شہر مُستحکم اَور آباد ہو گئے ہیں۔ 36 اَور جو قومیں تُمہارے اِردگرِد باقی رہیں گی وہ جان لیں گی کہ مَیں خُداوند نے تباہ شُدہ مکان کو تعمیر کر دِیا ہَے۔ اَور وِیرانے کو باغ بنا دِیا ہے۔ مَیں خُداوند نے کہا ہَے اَور میں ہی کر دِکھاؤں گا۔ 37 مالِک خُداوند یُوں فرماتا ہَے۔ اِس کے علاوہ مَیں اِسرؔائیل کے گھرانے کو یہ درخواست بھی کرنے دُوں گا کہ مَیں یہ کرُوں ۔ کہ اُن کے لئے آدمیوں کو بھیڑوں کی مانند بڑھاؤں۔ 38 ہاں مخصُوص شُدہ بھیڑوں بلکہ اُس کی مُقرّرہ عِیدوں میں یرُوشلیِؔم کی بھیڑوں کی مانند وِیران شہر آدمیوں کے غولوں سے بھر جائیں گے۔ اَور وہ جان لیں گے کہ مَیں ہی خُداوند ہُوں۔