باب

1 اَدوم پر فتویٰ خُداوند کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا۔ اُس نے کہا کہ ۔ 2 اَے ابنِ بشر! کوہِ شِیؔعر کی طرف توجہ کر اَور اُس کے خلاف نُبوّت کر۔ 3 اَور کہہ دے کہ مالِک خُداوند یُوں فرماتا ہَے۔ اَ ے کوہِ شِعؔیر مَیں تیرے خلاف ہُوں۔ مَیں تُجھ پر اپنا غضب نازِل کرُوں گا۔ اَور تُجھے ویِران اَور برباد کر دُوں گا۔ 4 مَیں تیرے شہروں کو اُجاڑ دُوں گا اَور تُو ویران ہو جائے گا۔ اَور تُو جان لے گا کہ مَیں ہی خُداوند ہُوں۔ 5 چُونکہ تُو شروُع سے دُشمن رہا ہے۔ اَور تُو نے بنی اِسرؔائیل کو اُ ن کی مُصِیبت کے دِن جب کہ شرارت اِنتہا کو پُہنچ چُکی تھی تلوار کی دھا رکے سُپرد کر دِیا۔ 6 اَس لئے میری زِندگی کی قَسم (مالِک خُداوند کا فرمان ہَے) تُو نے خُون کی خطا کی اَور خُون تیرا پیچھا کرے گا۔چونکہ خون سے تو نے نفرت نہ کی اس لئے خون تیرا پیچھا کرے گا۔ 7 اَور مَیں کوہِ شِعؔیر کو وِیران اَور برباد کردُوں گا۔ اَور اُس میں سے جانے والے کو اَور لَوٹ آنے والے کو کاٹ ڈالُوں گا۔ 8 مَیں تیرے پہاڑوں اَور وادیوں کو مقتُولوں سے بھر دُوں گا ۔تلوار کے مقتول اُس میں گِریں گے۔ 9 اَور مَیں تُجھے اَبدی وِیرانہ کر دُوں گا۔ اَور تیرے شہر پھِر آباد نہ ہوں گے۔ اَور تُم جان لو گے کہ مَیں ہی خُداوند ہُوں۔ 10 چُونکہ تُو نے کہا ہے۔ کہ یہ دونوں قومیں اَور یہ دونوں مُلک میرے ہوں گے اَور مَیں اُن کا وارِث ہُوں گا۔ حالانکہ خُداوند وہاں تھا۔ 11 اِس لئے میری زِندگی کی قَسم (مالِک خُداوند کا فرمان ہے) مَیں تیرے اِس قہر اَور حسد کے مُطابِق جو تُو اپنی نفرت کی وجہ سے اُن کے خلاف عمل میں لایا ہے تُجھ سے سلُوک کرُوں گا۔ اَور جب مَیں تُجھ پر فتویٰ دُوں گا تو مَیں اپنے آپ کو تُجھ پر ظاہر کُروں گا۔ 12 اَور تُو جان لے گا کہ مَیں ہی خُداوند ہُوں۔ مَیں نے تیری تمام کُفر کی باتیں سُن لی ہیں جو تُو نے اِسرؔائیل کے پہاڑوں کی مُخالفِت میں کہی ہیں۔ یعنی یہ کہ وہ ویِران ہو چُکے ہیں۔ وہ ہمارے حوالہ کر دیئے گئے ہیں کہ ہم اُنہیں نِگل جائیں۔ 13 اَور تُم نے اپنے مُنہ سے میرے خلاف لاف زنی کی ہے۔ اَور میری مخُالفِت میں اپنی باتیں بڑھائی ہیں۔ اَور مَیں نے سُن لی ہیں۔ 14 مالِک خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ جس وقت تمام دُنیا خُوشی کرے گی مَیں تُجھے وِیران کر دُوں گا۔ 15 جس طرح تُو نے اِسرؔائیل کے گھرانے کی مِیراَث پر اِس لئے خُوشی کی کہ وہ وِیران ہو گئی۔ اِسی طرح مَیں تیرے ساتھ کُروں گا۔ اَے کوہِ شِعؔیر تُو اَور تمام اِدوؔم سَراسَر وِیران ہو جاؤ گے اَور تُم جان لو گے کہ مَیں ہی خُداوند ہُوں۔