باب

1 ۔ خُداوند کی طرف سے چڑھائی کا حُکم ایسا ہُوا کہ جب خُداوند کا بندہ موسیٰ فوت ہو گیا۔ توخُداوند نے نُون کے بیٹے یُشوع موُسیٰ کے خادم سے کلام کر کے کہا۔ 2 ۔ کہ میرا بندہ موُسیٰ مر گیا ہے۔ اوراب اُٹھ۔اور تُو اور یہ سب لوگ یرَدن ؔکے پار جاؤَ اُس ملک کی طرف جو میں بنی اسرئیل ؔکو عطا کروُں گا۔ 3 ۔ہر ایک جگہ جِسے تُمہارے پاوَں کا تلوہ پامال کرےگا۔ میں نے تمہیں دے دی۔ جیسا کہ میں نے موسیٰ سے کہا۔ 4 ۔بیابان اور لبُنان سے لے کر دریائے فرات اور اُس بڑے سمنُدر تک جو آفتاب کے غُروب کی طرف ہے حِتیوں کا تمام ملک تُمہاری سرحد ہوگی۔ 5 ۔تیری زندگی کے تمام دِنوں میں کوئی تیرے سامنے نہ ٹھہرے گا۔ جیسا کہ میں موُسیٰ کے ساتھ تھا۔ تیرے ساتھ بھی ہُوں گا میں تُجھے نہ چھوڑوں گا نہ تُجھ سے غافل ہُوں گا۔ 6 ۔مضبُوط ہو اور دِلاوری کر۔ کیونکہ تُو اِن لوگوں کو اُس ملک کا وارِث کرے گا۔ جِس کی بابت میَں نے اِن کے باپ دادا سے قُسم کھائی کہ میں اِنہیں عطا کروُں گا۔ 7 ۔اِس لئے ہمت کرکے دِلیر ہو۔ تاکہ تُو اُس تمام شریعت کو جس کی بابت تُجھے میرے بندے موسیٰ نے حُکم دِیا، مانے۔ اور اُس پر عمل کرے۔ اَور اُس سے دہنے یا بائیں نہ پھرے۔ تاکہ جہاں کہیں تُو جائے۔ تُو کامیاب ہو۔ 8 ۔یہ شریعت کی یہ کتِاب تیرے مُنہ سے جُدا نہ ہو۔ بلکہ رات اور دِن اُس پر غور کرتا رہ۔ تاکہ تُو اُسے مانے۔ اور جو کچھ اُس میں لکھا ہے اُس پر عمل کرے۔ کیونکہ تب ہی تُو اپنی راہوں میں اقبالمند ہوگا۔ اور تب ہی تُو کامیاب ہو گا ۔ 9 ۔دیکھ میں نے تُجھے حُکم دِیا پس تُو مضبُوط ہو دِلاوری کر۔ خوف نہ کھا۔ اور بے دِل مت ہو۔ کیونکہ جہاں کہیں تُو جاتا ہے ۔ خُداوند تیرا خُدا تیرے ساتھ ہے۔ 10 ۔تب یُشوع نے لوگوں کے منصب داروں کو حُکم دے کر کہا کہ خَیمہ گاہ کے درمیان سے گزُرو اور لوگوں کو حُکم دے کر کہو۔ 11 ۔اپنے لئے رسَدتیار کرو۔ کیونکہ تین دِن کے بعد تُم یہاں یردنؔ کے پار جاؤ گے۔ تاکہ اُس ملک میں جو خُداوند تمہارا خُدا تمہیں دے گا۔تُم داخل ہو اور اُس کے مالک بنو۔ 12 ۔ تب یشُوع نے رُوبینیوؔں جادیوںؔ اَور مَنسؔی کے آدھے قبیلہ سے کلام کرکےکہا۔ 13 ۔یاد رکھو جو کچھ کہ خُدا کے بندے موسیٰ نے تمہیں حُکم دے کر کہا۔ خُداوند تُمہارے خُدا نے تمہیں آرام دِیا اَور یہ ملک تمہیں عطا کیا۔ 14 ۔تُمہارے بال بچے اور تُمہارے مویشی اِس ملک میں جو موُسیٰ نے تمہیں یردنؔ کے اِس پار دِیا، رہیں گے۔ اور تم میں سے سب مضبُوط طاقتور مرَد ہتھیار باندھ کر اپنے بھائیوں کے آگے پار چلو۔اَور اُن کی مدد کرو۔ 15 ۔ جب تک کہ خُداوند تُمہارے بھائیوں کو تُمہاری طرح آرام نہ دے۔ اور اُنہیں بھی اُس ملک کا جوخُداوند تُمہارا خُدا اُنہیں دے گا، مالک کر دے۔ تب تم اپنی مِلکیت کےاُس ملک کی طرف واپس جاؤ۔ جو خُداوند کے بندے موسیٰ نے یرَدنؔ کے اِس پار سُورج کے چڑھاؤ کی طرف تُمہیں عطا کیِا۔اَور تُم اُس کے وارث بنو۔ 16 ۔تب اُنہوں نے یشُوع سے جواب میں کہا ۔ سب کچھ جو تُو نے ہمیں حُکم دِیا ہے ہم کریں گے۔ اور جس جگہ تو ہمیں بھیجے گا ہم جائیں گے۔ 17 ۔سب باتوں میں جیسے ہم نے موسیٰ کی تابعداری کی۔ تیری بھی کریں گے۔ پس خُداوند تیرا خُدا تیرے ساتھ رہے جیسا کہ وہ موسیٰ کے ساتھ تھا۔ 18 ۔کوئی تیرے حُکم کی مخالفت کرے ۔ اور جو کچھ تُو اُسے حُکم دَے اَور تیری بات نہ سُنے تو وہ قتل کیِاجائےچُنانچہ تُو مضبُوط ہو اور دلاوری کر۔