باب

1 ۔ داؤد شاہِ یہُوداہ اَور اِس کے بعد ایسا ہُوا۔ کہ داؤد نے خُداوند سے پُوچھا اَور کہا۔ کیا مَیں یہُوداہ کے شہروں میں سے کِسی میں چلا جاوُں؟ خُداوند نے اُس سے کہا۔ جا۔ داؤد نے کہا۔ مَیں کہاں جاوُں؟ اُس نے کہا حِبرون میں۔ 2 ۔ تو داؤد اپنی دونوں بیویوں یزر عیلی اَخینوعم اَور اَبیجیل نابال کرملی کی بیوی کے ساتھ وہاں گیا۔ 3 ۔ اَور داؤد اُن آدمیوں کو جو اُس کے ساتھ تھے، ہر ایک کو اُس کے گھرانے سمیت لے آیا۔ اَور وہ حِبرون کے شہر میں بسنے لگے۔ 4 ۔ اَور یہُوداہ کے لوگ آئے اَور اُنہوں نے وہاں پر داؤد کو مَسح کِیا۔ تاکہ وہ یہُوداہ کے گھرانے کا بادشاہ ہو۔ اَور داؤد کو خبر دی گئی اَور کہا گیا کہ یبیس جِلعاد کے لوگوں نے ساؤل کو دفن کِیا۔ 5 ۔ تو داؤد نے یبیس جِلعاد کے لوگوں کے پاس قاصِد بھیجا اَور کہا۔ کہ تُم خُداوند کی طرف سے مُبارَک ہو۔ کہ تُم نے اپنے آقا ساؤل پر یہ مہربانی کی اَور اُسے دفن کِیا۔ 6 اَور اَب خُداوند تُمہارے ساتھ مہربانی اَور وفاداری کرے۔ اَور مَیں بھی تُمہارے ساتھ نیکی کرُوں گا۔ کیونکہ تُم نے یہ کام کِیا۔ 7 ۔ اَور اَب تُمہارے ہاتھ مضبُوط ہوں۔ اَور تُم بَہادُر بنو۔ اِس لئے کہ تُمہارا آقا ساؤل مَرگیا۔ اَور یہوداہ کے گھرانے نے مُجھے مَسح کِیا ہَے۔ تاکہ مَیں اُن پر بادشاہ ہُوں۔ 8 ۔ اِشبوسِت شاہِ اِسرائیل اَور ابنیربِن نیر ساؤل کے لشکر کے سِپّہ سالار نے اِشبوست بِن ساؤل کو لِیا۔ اَور اُسے مَحنَایم میں لایا۔ 9 ۔ اَور اُسے جِلعاد اَور آَشریوں اَور یِزر عیل اَور اِفرائیم اَور بِنیمِین اَور تمام اِسرائیل پر بادشاہ کِیا۔ 10 ۔ اَور اِشبوست بِن ساؤل چالیس برس کا تھا۔ جب وہ اِسرائیل پر بادشاہ ہُوا۔ اَور اُس نے دو برس بادشاہی کی۔ لیکن یہوداہ کے گھرانے نے داؤد کی پیروی کی۔ 11 ۔ اَور اُن دِنوں کی تعداد جِن میں داؤد نے حِبرون میں یہوداہ کے گھرانے پر بادشاہی کی سات برس اَور چھ مہینے تھی۔ 12 ۔ ابنیر اَور یوآب کی جنگ ابنیربنِ نیر اَور اِشبوست بِن ساؤل کے خادِم مَحنَایم سے جِبعون کو آئے۔ 13 ۔ اَور یوآب بِن ضرویاہ اَور داؤد کے خادِم باہر نِکلے۔ اَور جِبعون کے تالاب پر سب مِلے تو یہ تالاب کی اِس طرف اَور وہ تالاب کی اُس طرف ٹھہرے۔ 14 ۔ تب ابنیر نے یوآب سے کہا کہ جوانوں کو نِکلنے دے تاکہ ہمارے سامنے کھیل کریں۔ تو یوآب نے کہا۔ نِکلیں۔ 15 ۔ تب اِشبوست بِن ساؤل کے لئے بِنیمِین میں سے بارہ جوان اُٹھے اَور پار گئے۔ اَور داؤد کے خادِموں میں سے بھی بارہ جوان نِکلے۔ 16 ۔ اَور ہر ایک نے اپنے ساتھی کا سرپکڑا۔ اَور اپنے ساتھی کے پہلُو میں اپنی تلوار گھونپی۔ تو وہ سب گِر گئے۔ اَور وہ جگہ حِلقت ہصُورِیم کہلائی جو جِبعُون میں ہَے۔ 17 ۔ اَوراُس روز بڑی سخت جنگ ہُوئی۔ اَور ابنیر اَور اِسرائیل کے آدمیوں نے داؤد کے خادِموں سے شِکسَت کھائی۔ 18 ۔ اَور وہاں ضرویاہ کے تین بیٹے یوآب اَور اِبیشےاَورعسائیل تھے۔ اَور عسائیل جنگلی ہِرنوں میں سے ایک کی مانندتیزرُو تھا۔ 19 ۔ اَور عسائیل نے ابنیر کا پیچھا کِیا۔ اَور ابنیر کے پیچھے سے دہنی طرف یا بائیں طرف نہ مُڑا۔ 20 ۔ تو ابنیر نے اپنے پیچھے نِگاہ کی اَور کہا۔ کیاتُو عسائیل ہَے؟ اُس نے کہا مَیں ہی ہُوں۔ 21 ۔ تو ابنیر نے اُس سے کہا۔ مُجھ سے دہنے یا بائیں مُڑ۔ اَور جوانوں میں سے کِسی کو پکڑ۔ اَور اُس کی لُوٹ اپنے واسطے لے۔ مگر عسائیل نے اُس کے پیچھے سے مُڑنا نہ چاہا۔ 22 ۔ تب ابنیر لَوٹا اَور عسائیل سے پِھر کہا۔ میرے پیچھے سے ہَٹ جاتُو مُجھے کیوں مجبُورکرتا ہَے۔ کہ تُجھے زمین پر مار کر ڈال دوں ؟ اَورتیرے بھائی یوآب کے سامنے مَیں کیونکر اپنا مُنہ دِکھاوُں گا۔ 23 ۔ تو اُس نے ہَٹ جانے سے انِکار کِیا۔ تو ابنیرنے نیزہ کے پچھلے سِرے سے اُسے پیٹ میں مارا۔ تو نیزہ اُس کی پِیٹھ کے پار ہوگیا تووہ وہاں گِرا۔ اَور اُسی جگہ مَرگیا۔ اَور سب جو اُس جگہ آتے جہاں عسائیل گِرا اَور مَرا تھا تو وَہیں ٹھہر جاتے۔ 24 ۔ اَور یوآب اَور اَبیشے ابنیر کے پیچھے دوڑے۔ اَور جب وہ اَمّہ کی پہاڑی تک جو جِیاحَ کے مُقابِل جِبعون کے بِیابان کی راہ میں ہَے، پُہنچے۔ تو سُورج غُرُوب ہُوا۔ 25 ۔ اَور بنِیمِین ابنیر کی پیروی میں اِکٹھّے ہُوئے۔ اَور ایک گروہ بن کر پہاڑی کی چوٹی پر کھڑے ہوگئے۔ 26 ۔ تب ابنیر نے یوآب کو پُکار کے کہا۔ کیا تلوار اَبد تک کاٹتی جائے گی۔ کیا تُو نہیں جانتا۔ کہ انجام میں کڑواہٹ ہوگی؟ اَور کب تک تُو لوگوں کو حُکم نہ دے گا۔ کہ اپنے بھائیوں کا پیچھا کرنے سے باز رہیں؟ 27 ۔ یو آب نے کہا۔ زِندہ خُداوند کی قَسم۔ اگر تُو نہ کہتا تو لوگوں میں سے ہر ایک صُبح ہی کو اپنے بھائی سے واپس پِھر گیا ہوتا۔ 28 ۔ تب یوآب نے نرسِنگا پُھونکا۔ اَور سب لوگ کھڑے ہوگئے اَور اِسرائیل کا تَعاقُب نہ کِیا۔ اَور نہ پِھر لڑائی کی۔ 29 ۔ اَور ابنیر اَور اُس کے آدمی ساری رات میدان میں چلتے رہے۔ اَور یردن کے پار ہوگئے۔ اَور سب بترون سے گُزر کر مَحنَایم میں آگئے۔ 30 ۔ اَور یوآب ابنیر کا پیچھا کرنے سے مُڑا۔ اَور سب لوگوں کو جمع کِیا۔ تو دیکھو داؤد کے آدمیوں میں اُنیس آدمی اَور عسائیل نہیں تھا۔ 31 ۔ اَور داؤد کے آدمیوں نے بِنیمِین اَور ابنیر کے ہمراہیوں میں سے تین سَو ساٹھ آدمی مارے۔ 32 ۔ پِھر اُنہوں نے عسائیل کو اُٹھایا۔ اَور بَیت لحم میں اُس کے باپ کی قبر میں اُسے دفن کِیا۔ اَور یوآب اَور اُس کے ہمراہی ساری رات چلتے رہے۔ اَور صُبح کو حبِرون میں پُہنچ گئے۔