باب ۳

1 ۱۔اُنھیں یاد دِلا کہ حاکِموں اور اِختِیار والوں کے تابِع رہیں، اُن کا حُکْم مانیں اور ہر نیک کام کے لیے تیّار رہیں۔ 2 ۲۔اور کِسی کے بارے میں بُرا نہ کہیں، تکراری نہیں بلکہ نرم مِزاج ہوں اور سب آدمِیوں کے ساتھ کمال حلِیمی سے پیش آئیں۔ 3 ۳۔کِیُونکہ ہم بھی پہلے نادان، نافرمان، فریب کھانے والے اور طرح طرح کی خواہِشوں اور شَہْوَتوں کے غُلام تھے اور بَد خواہی اور حَسَد میں زِندگی گُزارتے تھے، نَفرَت کے لائِق اور آپس میں کِینہ رکھتے تھے۔ 4 ۴۔مگر جب ہمارے نجات دَہِندَہ خُدا کی بھلائی اور اِنسان کےساتھ اُس کی خاص مہربانی ظاہِرہُوئی۔ 5 ۵۔تو اُس نے ہمیں نجات بخشی۔ لیکِن ہمارے راست بازی کے کاموں کی وجہ نہیں جو ہم نے خُود کیے بلکہ اپنے رحم کے باعث نئی پیدایش کے غُسْل اور رُوحُ القُدُس کے نیا بنانے سے۔ 6 ۶۔جِسے اُس نے ہمارے نَجات دَہِندہ یِسُوعؔ مسِیح کے وسِیلے ہم پر کثرت سے نازِل کِیا۔ 7 ۷۔تاکہ اُس کے فَضْل سے راست باز ٹھہر کرہم ہمیشہ کی زِندگی کی اُمِّید کے مُطابِق وارِث بنیں۔ 8 ۸۔یہ باتیں قابلِ یَقین ہَیں اور مَیں چاہتا ہُوں کہ تُو اِن باتوں کا پُورے اِعتِماد کے ساتھ دعویٰ کرے تاکہ وہ لوگ جِنھوں نے خُدا کا یقِین کِیا ہَے وہ اِحتیاط کر کے نیک کاموں میں مشغُول رہیں۔ یہ باتیں بَھلی اور آدمِیوں کے لیے فائِدہ مَند ہَیں۔ 9 ۹۔مگر اَحْمَقانہ مُباحَثوں اور نَسَب ناموں اور جھگڑوں اور شرِیَعت سے مُتَعَلِّق لڑائِیوں سے پرہیز کریں کُِیونکہ یہ سب بے فائِدہ اور لاحاصِل ہَیں۔ 10 ۱۰۔ایک دو بار نَصِیحَت کر کے بِدعتی شخْص سے کِنارَہ کر۔ 11 ۱۱۔ یہ جان کر کہ ایسا شخْص بَر گَشْتَہ ہو چُکا ہَے اور گُناہ کرتا رہتا اور اپنے آپ کو خُود ہی مُجرِم ٹھہراتا ہَے۔ 12 ۱۲۔جب مَیں اَرتِماسؔ یا تخِکُسؔ کو تیرے پاس بھیجُوں تو جلد میرے پاس نِیکُپُلسؔ میں آنا جہاں مَیں نے سردیاں گُزارنے کا اِرادَہ کِیا ہَے۔ 13 ۱۳۔زیناسؔ عالمِ شرع اور اُپلّوسؔ کو جلد روانہ کر دے اور دیکھنا کہ وہ کِسی چِیز کے مُحتاج نہ ہوں۔ 14 ۱۴۔ اور ہمارے لوگ بھی اچھّے کاموں میں مَشغُول رہنا سِیکھیں تاکہ فَوری ضُرورِیات کو پُورا کر کے پَھل دار ثابِت ہو سکیں۔ 15 ۱۵۔میرے سب ساتھی تُجھے سلام کہتے ہَیں۔ اِیمان کی رُو سے جوہم سے مُحَبَّت رکھتے ہَیں اُن سے سلام کہہ۔ تُم سب پر فَضْل ہوتا رہے۔