1
۱۔پَولُوسؔ کی طرف سے جو اَب خُدا کا بندہ اور یِسُوع مِسیح کا رسُول ہَے۔ خُدا کے برگُزِیدوں کے اِیمان اور اُس حَق کی پہچان کی مُطابِق جو دِین داری کے مُوافِق ہَے۔
2
۲۔اُس ہمیشہ کی زِندگی کی اُمِّید پر جِس کا وعدہ خُدا نے اَزَل سے کِیا ہَے جو جُھوٹ نہیں بول سکتا۔
3
۳۔اور اُس نے اپنے وقْتوں پر اپنے کلام کو اُس مُنادی میں ظاہِر کِیا جو ہمارے نجات دَہِندَہ خُدا کے حُکْم کے مُطابِق میرے سپُرد ہُوئی ہَے۔
4
۴۔ایِمان کی رُو سے میرے سچّے فرزند طِطُسؔ کو خُدا باپ اور ہمارے نجات دَہِندَہ یِسُوعؔ مسِیح کی طرف سے فَضْل اور سلامتی حاصِل ہوتی رہَے ۔
5
۵۔ مَیں نے تُجھے کریتؔے میں اِس لیے چھوڑا تھا کہ تُو اُن کاموں کو دُرُست کرے جِن کی ضرُورت ہَے اور جِس طرح مَیں نے تُجھے ہِدایَت کی تھی شہر بہ شہر ایسے بُزُرْگوں کو مُقَرّر کرے
6
۶۔جو بے اِلزام ، ایک ایک ِبیوی کے شوہر اور اِیمان دار بچّوں والے ہوں جِن پر بَد چلنی اور سرکشی کا اِلزام نہ ہو۔
7
۷۔کِیُونکہ نِگہبان کو خُدا کا کارِمُخْتار ہونے کی وجہ سے بے اِلزام ہونا چاہِیے۔ نہ خُودرائے ہو، نہ غُصَّہ کرنے والا، نہ نشے کا عادی، نہ مار پِیٹ کرنے والا اور نہ ناجائِز نَفَع کا لالچی ہو۔
8
۸۔بلکہ مُسافِر پَروَر ، خیر دوست، مُتَّقی، مُنصِف مِزاج، پاک اور ضَبْط کرنے والا ہو۔
9
۹ ۔اور وہ تعلِیم کے مُوافِق اِیمان کے کلام کی تعلِیم پر مضبُوطی سے قائِم ہو تاکہ صحیح تعلِیم سے نَصِیحت بھی کر سکے اور اِس کی مُخالِفَت کرنے والوں کو قائِل بھی کر سکے۔
10
۱۰۔کِیُونکہ بُہت سے لوگ سَر کش اور بیہُودَہ گو اور گُمراہ کرنے والے ہَیں، خاص کر مختُونوں میں سے۔
11
۱۱۔اِن کا مُنْہ بند کرنا چاہِیے۔ یہ ناجائِز نَفَع کی خاطِر نا مُناسِب باتیں سِکھا سِکھا کر پُورے پُورے گھرانوں کو تباہ کر ڈالتے ہَیں۔
12
۱۲۔اُن ہی میں سے ایک نے جو اُن کا خاص نبی تھا کہا کہ کُریتؔی ہمیشہ جُھوٹے، مُوذی حَیوان، کاہِل اور پیٹُو ہوتے ہَیں۔
13
۱۳۔ یہ گواہی سچّ ہَے ۔ لِہٰذا اُنھیں سَخْت مَلامَت کِیا کر تاکہ وہ اِیمان میں مَضبُوط ہو جائیں۔
14
۱۴۔اور یہُودِیوں کی کہانِیوں اور آدمِیوں کے اُن حُکْموں پر توجہ نہ کریں جو حَق سے گُمراہ کرتے ہَیں۔
15
۱۵۔پاک لوگوں کے لیے سب چِیزیں پاک ہَیں مگر گُناہ آلُودَہ اور بے اِیمان لوگوں کے لیے کُچھ بھی پاک نہیں بلکہ اُن کی عَقْل اور ضمِیر دونوں گُناہ آلُودَہ ہَیں۔
16
۱۶۔ وہ خُدا کی پہچان کا دعویٰ تو کرتے ہَیں مگر اپنے کاموں سے اُس کا اِنکار کرتے ہَیں کِیُونکہ وہ مَکْرُوہ اور نافَرْمان ہَیں اور کِسی نیک کام کے قابِل نہیں۔