باب۱۵

1 ۱۔ اور خُداوندنے موسیٰ سے کلا م کر کے فرمایا۔ 2 ۲۔۔بنی اِسرائیل سے خطاب کر اور اُن سے کہہ ۔ کہ جب تم اپنے بسنے کی سرزمین میں جو میَں تمہیں عطا کرُوں گا داخِل ہو۔ 3 ۳۔۔تو تم خُداوند کے لئے آتشین قُربانی گزُرانو۔ سوختنی قُربانی یا منّت کا ذَبیحہ یا خُوشی کی قُربانی یا اپنی متعین عیدوں میں گائے بیل یا بھیڑ بکری کی قُربانی خُداوند کے کے لئے عمدہ خُوشبُو۔ 4 ۴۔۔تو قُربانی گزُراننے والا خُداوند کی نَذر کی قُربانی کے لئے ایفہ کا دسواں حصہ میدہ کا چوتھائی ہین تیل میں مَلا ہُوا لائے ۔ 5 ۵۔۔اور تپاون کے لئے مَے ہین کا چوتھا حصہ سوختنی قُربانی یا ذبیحے کے ساتھ ایک برّہ کے پیچھے گزُرانے۔ 6 ۶۔۔اور مینڈھے کے واسطے نَذر کی قُربانی کے لئے ایفہ کے دو دسویں حِصے میدہ تہائی ہین تیل سے مَلا ہُؤا۔ 7 ۷۔۔اور تپاون کے لئے تہائی ہین مَے خُداوند کے لئے عمدہ خُوشبُوگزُرانے۔ 8 ۸۔۔اور اگر تُو بچھڑے کو سوختنی قُربانی یا ذبیحہ یا منّت کی نَذر یا سلامتی کی قُربانی خُداوند کے لئے کرے۔ 9 ۹۔۔تو بچھڑے کے ساتھ ایفہ کے تین دسویں حِصے میدہ نصف ہین تیل میں مَلا ہُوا گزُران۔ 10 ۱۰۔۔اور تپاون کے لئے اُس کے ساتھ نصف ہین مَے آتشین قُربانی عُمدہ خُوشبُو خُداوند کے لئے چڑھا۔ 11 ۱۱۔۔ ہر ایک بَیل اور ہر ایک مینڈھے اور ہر ایک برّے یا بکری کے بچے کے ساتھ یُوں ہی کیِاجائے۔ 12 ۱۲۔۔ بمطُابق شُمار کےجو تم اُن میں سے گزُرانو ہر ایک کے ساتھ اُسکے شُمار کے مطُابق ویسا ہی کرو۔ 13 ۱۳۔۔ہر ایک جودیس میں پیدا ہُؤاہو۔ جب وہ خُداوند کے لئے سوختنی قُربانی عُمدہ خُوشبُو چڑھائے تو ایسا ہی کرے۔ 14 ۱۴۔۔اور ہر ایک پردیسی جو تمہارے پاس اُترا ہو یا تمہارے درمیان پُشتوں سے رہتا ہو۔ اگر وہ خُداوند کے لئے آتشین قُربانی عُمدہ خُوشبُو گزُرانے ۔ تو جیسا تم کرتے ہو ۔ ویسا ہی وہ کرے۔ 15 ۱۵۔۔مجمع کے لئے یعنی تمہارے لئے اور اُس پردیسی کے لئے جو تمہارے درمیان رہتا ہے ۔ ہمیشہ ایک ہی شرع پُشت در پُشت ہوگی ۔خُداوند کے سامنے پردیسی تمہاری مانند ہی ہوگا۔ 16 ۱۶۔۔ تمہارے لئے اور اُس پردیسی کے لئے جو تمہارے درمیان رہتا ہے۔ ایک ہی شریعت اور ایک ہی قانون ہے۔ 17 ۱۷۔۔اور خُداوند نے موسیٰ سے کلام کر کے فرمایا۔ 18 ۱۸۔۔ بنی اِسرائیل سے خطاب کر اور اُن سے کہہ ۔جب تم اُس ملک میں جو میَں تمہیں دُوں گا داخل ہو۔ 19 ۱۹۔۔ اور جب اُس ملک کی روٹی کھاؤ۔ تو اُس میں سے خُداوند ے لئے اُٹھانے کی قُربانی گزُراننا۔ 20 ۲۰۔۔ تم اپنے پہلے گوندھے ہوئے آٹے سے اُٹھانے کی قُربانی کے لئے ایک کُلچہ گزُراننا۔ کھلیان کی اُٹھانے کی قُربانی کی طرح اُسے گزراننا۔ 21 ۲۱۔۔ اپنے پہلے گوُندھے ہُوئے آٹے میں سے تم خُداوند کے لئے اُٹھانے کی قُربانی اپنی پُشت در پُشت گزُراننا۔ 22 ۲۲۔۔اوراگر تم بھول جاؤ ۔ اور اُن سب حکموں پر جو خُداوند نے موسیٰ کو فرمائے عمل نہ کرو۔ 23 ۲۳۔۔ سب حکم جو خُداوند نے موسیٰ کی زُبانی خُداوند کے حکم دینے کے دِن سے اور آگے کو تمہاری پُشتوں تک دئیے ۔ 24 ۲۴۔۔اگر وہ خطا جماعت کی آنکھوں سے پوشیدہ تھی تو ساری جماعت ایک بچھڑا بطور سوختنی قُربانی خداوند کی عمدہ خوشبو کے ساتھ اُس کی نذر کی قربانی اور اُس کے تپاون کے شرع کے مطُابق اور ایک بکرا خطا کی قُربانی کے لئے گزُرانے۔ 25 ۲۵۔۔ تب کاہِن بنی اِسرائیل کی جماعت کے لئے کفارہ دے ۔ تو وہ اُنہیں بخشا جائے گا۔ کیونہ وہ خطا سے تھی اور وہ اپنی خطا کے لئے خُداوند کے سامنے آتشین قُربانی اور خطا کا ذبیحہ لائے۔ 26 ۲۶۔۔ تو بنی اِسرائیل کی سب جماعت کو اور اُس پردیسی کو جو اُن میں رہتا ہے ۔ بخشا جائے گا۔ کیونکہ سب لوگوں نے خطا کی۔ 27 ۲۷۔۔ اور اگر ایک آدمی انجانے سے خطا کرے تو وہ خطا کی قُربانی کے لئے ایک یک سالہ بکری لائے۔ 28 ۲۸۔۔ کاہِن اُس آدمی کے لئے جس نے انجانے سے خطا کی خُداوند کے آگے کفّارہ دے۔ تو اُسے بخشا جائے گا۔ 29 ۲۹۔۔ جو کوئی انجانے سے خطا کرے خواہ وہ بنی اِسرائیل میں سے پیدا ہُؤاہو خواہ پردیسی جو اُن کے درمیان رہتا ہے اُن کے لئے شریعت ایک ہی ہے۔ 30 ۳۰۔۔ اگر کوئی آدمی ضد کر کے نافرمانی کرتا ہے۔ دیسی ہو یا پردیسی۔ وہ خُداوند کے خلاف بغاوت کرتا ہے وہ اِنسان اپنے لوگوں میں سے خارج کیِا جائے گا۔ 31 ۳۱۔۔کیونکہ اُس نے خُداوند کے کلام کی اِہانت کی اور اُس کا حکم توڑا۔ تو وہ انسان خارج کیِا جائے گا۔اُس کا گنُاہ اُس کے سر پر ہوگا۔ 32 ۳۲۔جب بنی اِسرائیل بیِابان میں تھے ۔ اُنہوں نے سبت کے دن ایک آدمی کو لکڑیاں جمع کرتے پایا۔ 33 ۳۳۔۔تب اُسے جو لکڑیاں جمع کرتے پایا گیاوہ موسیٰ او ر ہارون اور ساری جماعت کے پاس لائے۔ 34 ۳۴۔۔تو اُنہوں نے اُسے حراست میں رکھا۔ کیونکہ وہ نہیں جانتے تھے کہ اُس کے ساتھ کیا کیِا جائے۔ 35 ۳۵۔۔ تب خُداوند نے موسیٰ کو فرمایا۔ کہ وہ آدمی قتل کیِا جائے ۔ ساری جماعت خیمہ گاہ سے باہر اُسے سنگسار کرے۔ 36 ۳۶۔۔تب ساری جماعت اُسے خیمہ گاہ سے باہر نکال لے گئی۔ اور جیسا خُداوند نے موسیٰ کو فرمایا تھا اُس آدمی کو سنگسا رکیِا۔تو وہ مر گیا۔ 37 ۳۷۔۔اور خُداوند نے موسیٰ سے کلام کر کے فرمایا۔ 38 ۳۸۔۔بنی اِسرائیل سے خطاب کر اور اُن سے کہہ ۔ کہ وہ اپنی تمام پُشتوں میں اپنی پوشاک کے کناروں پر جھالر لگائیں۔ اور کنارے کی جھالر پر آسمانی رنگ کا ڈور لگائیں۔ 39 ۳۹۔۔ تو یہ تمہاری جھالر ہو گی ۔ کہ جب تم اُسے دیکھو تو خُداوند کے سب احکام کو یاد کرو۔ اور اُن پر عمل کرو۔ اور اپنے دِلوں اور اپنی آنکھوں کے پیچھے مت لگو۔ جِن کے پیچھے تم لگ کر تم بدکاری کرتے رہتے ہو۔ 40 ۴۰۔۔ تاکہ تم سارے احکام کو یاد رکھو اور اُ ن پر عمل کرو۔ اور اپنے خُداوند کے لئے مقُدس ہو جاؤ۔ 41 ۴۱۔۔ میَں خُداوند تمہارا خُدا ہُوں۔ جو تمہیں ملکِ مصر سے نکال لایا۔ تاکہ تمہار خُدا ہُوؤں۔ میَں خُداوند تمہارہ خُدا ہُوں۔