باب ۶

1 ۱۔ اَے بھائِیو! اگر کوئی شخْص کِسی قُصُور میں پکڑا جائے تو تُم جو رُوحانی ہو اپنا دِھیان رکھتے ہُوئے حِلْم مِزاجی سے اُسے سُدھارو تا کہ تُم بھی آزمائِش میں نہ پڑو۔ 2 ۲۔ تُم ایک دُوسرے کا بوجھ اُٹھالو اور اِس طرح مسِیح کی شرِیَعت کو پُورا کرو۔‬‬‬‬‬‬‬‬‬‬‬‬‬‬‬‬‬‬‬‬‬ 3 ۳۔ اگر کوئی اپنے آپ کو کُچھ سمجھے مگر وہ کُچھ نہ ہو تو وہ اپنے آپ کو فریب دیتا ہَے۔ 4 ۴۔ مگر ہر کوئی اپنے ہی کام کو آزما لے اور اِس صُورت میں اُس کے فَخْرکرنے کی وجہ وہ خُود آپ ہی ہوگا نہ کہ کوئی دُوسرا۔ 5 ۵۔ کِیُونکہ ہر کوئی اپنا بوجھ خُود اُٹھائے گا۔‬‬‬‬‬‬‬‬‬‬‬‬‬‬‬‬‬‬‬‬‬ 6 ۶۔ہر ایک جو کلام کی تعلِیم پائے وہ تعلِیم دینے والے کو تمام اَچھی چِیزوں میں شرِیک کرے۔ 7 ۷۔ تُم فریب نہ کھاؤ، خُدا ٹھٹّھوں میں نہیں اُڑایا جاتا کِیُونکہ آدمی جو کُچھ بوتا ہَے وُہی کاٹے گا۔ 8 ۸۔جو کوئی اپنے جِسْم کے لیے بوتا ہَے وہ جِسْم ہی سے ہلاکت کاٹے گا اور جو رُوح کے لیے بوتا ہَے وہ رُوح ہی سے ہمیشہ کی زِندگی حاصِل کرے گا۔ 9 ۹۔ ہم نیک کام کرنے میں ہِمّت نہ ہاریں کِیُونکہ اگر ہم ہِمّت نہ ہاریں تو بَروَقْت کاٹیں گے۔ 10 ۱۰۔اِس لیے جب تک ہمیں موقع حاصِل ہے سب کے ساتھ نیکی کریں، خصُوصاً اُن کے ساتھ جو اہلِ اِیمان ہَیں۔ 11 ۱۱۔ دیکھو! مَیں کیسے بڑے بڑے حرُوف میں تُمھیں اپنے ہاتھ سے لِکھتا ہُوں۔ 12 ۱۲۔ وہ جو جِسْمانی دِکھاوا چاہتے ہَیں،تُمھیں خَتْنہ کرانے پر مجبُور کرتے ہَیں۔ صِرف اِس لیے کہ مسِیح کی صلِیب کے سبَب سے سَتائے نہ جائیں۔ 13 ۱۳۔ کِیُونکہ خَتْنہ کروانے والے خُود بھی شرِیَعت پر عَمَل نہیں کرتے مگر تُمھارا خَتْنہ اِس لیے کروانا چاہتے ہَیں کہ تُمھاری جِسْمانی حالت پر فَخْر کرسکیں۔‬‬‬‬‬‬‬‬‬‬‬‬‬‬‬‬‬‬‬‬‬ 14 ۱۴۔ لیکِن ایسا کبھی نہ ہو کہ مَیں کِسی چِیز پر فَخْر کرُوں سِوا ہمارے خُداوَند یِسُوعؔ مسِیح کی صلِیب کے جِس سے دُنیا میرے اِعتبار سے مصلُوب ہُوئی اور مَیں دُنیا کے اِعتبار سے۔ 15 ۱۵۔کِیُونکہ نہ خَتْنہ کُچھ چِیز ہَے نہ نا مختُونی، مگر نئے سِرے سے مخلُوق ہونا۔ 16 ۱۶۔ اور جِتنے اِس اُصُول کے تَحت چلیں اُنھیں اور خُدا کے اِسرائیلؔ کو سلامتی اور رَحْم حاصِل ہوتا رہے۔ 17 ۱۷۔ اَب سے مُجھے کوئی تکلِیف نہ دے کِیُونکہ مَیں اپنے بَدَن پر یِسُوعؔ کے نِشان لیے پِھرتا ہُوں۔ 18 ۱۸۔اَے بھائِیو! ہمارے خُداوَند یِسُوعؔ مسِیح کا فَضْل تُمھاری رُوح کے ساتھ رہے۔ آمِین۔