باب

1 اَور تُو اَے ابنِ بشر! اپنے لئے ایک تیز تلوار لے۔ اَور حَجام کے اُسترے کی طرح اُسے اپنے سر پر اَور اپنی داڑھی پر پھیر۔اَور ترازُو لے اَور بالوں کو تول کر حصّے بنا۔ 2 مُحاصرہ کے دِنوں کے پُورا ہونے پر تیسرا حصّہ شہر کے بیچ میں جِلا۔ پھر تیسرا حصّہ لے کر اُس پر اُس کے اِرد گِرد تلوار مار۔اَور تیسرا حصّہ ہَوا میں اُڑا دے[اَور مَیں تلوار کھینچ کر اُن کا پیچھا کرُوں گا]۔ 3 اَور اُن میں سے تُوتھوڑے سے بال لے اَور اُنہیں اپنے دامن میں باندھ۔ 4 علامت کا بیان اُور اُن میں سے کُچھ نِکال کر آگ کے بیچِ میں ڈال اَور آگ سے جَلادے۔اَور تُو اِسرؔائیل کے تمام گھرانے سے کہےگا کہ۔ 5 مالِک خُداوند یُوں فرماتا ہے ۔ یہ وہی یُروشلیِؔم ہے جِسے مَیں نے قوموں اَور آس پاس کے مُمالِک کے درمیان رکھّا ہے۔ 6 لیکن اُس نے قوموں سے بڑھ کر شرارت کر کے میری قَضاؤں کی۔ اَور آس پاس کے مُمالِک سے زیادہ میرے قَوانیِن کی مُخالفِت کی ہے۔ کیونکہ اُنہوں نے میری قَضاؤں کو رَدّ کر دِیا اَور میرے قَوانیِن پر نہیں چلے۔ 7 اِس لئے مالِک خُداوند یُوں فرماتا ہے۔چُونکہ تُم اپنے آس پاس کی قوموں سے بڑھ کر فسادی ہو گئے ہو۔ اَور میرے قوانین پر نہیں چلے۔اَور میری قَضاؤں پر بھی عمل نہ کیا۔ 8 اِس لئے (مالِک خُداوند یُوں فرماتا ہے) دیکھ۔ مَیں ہاں مَیں ہی تیرے خلاف ہوں۔ اَور مَیں قوموں کے رُو برُو تیرے درمیان عدالت نافِذ کرُوں گا۔ 9 اَور تیرے تمام مکرُو کاموں کے سبب سے تُجھ میں وہی کرُوں گا جو مَیں نے اَب تک نہیں کِیا اَور جس جیسا مَیں پِھر کبھی نہیں کرُوں گا۔ 10 پس تُجھ میں باپ بیٹے کو اَوربیٹا باپ کوکھائے گا۔ اَور مَیں تُجھ میں عدالت نافِذ کرُوں گا۔اَور تیرا پُورا بَقیّہ چاروں طرف پراگندہ کرُوں گا۔ 11 میری زِندگی کی قَسم(مالِک خُداوند فرماتا ہے) چُونکہ تُو نے اپنی تمام نفرتی چیزوں اَور اپنے تمام مکرُو کاموں سے میرے مَقدِس کو ناپاک کردِیا ہے۔اِس لئے مَیں بھی تُجھے گھٹاؤُں گااَور میری آنکھ رعایت نہ کرے گی اَور مَیں بھی شفقت نہ کرُوں گا۔ 12 تیرا تیسرا حِصّہ وَبا سے مَر جائے گا اَور بُھوک سے تیرے درمیان فنا ہو جائے گا اَور تیسرا حِصّہ تیرے آس پاس تلوار سے مارا جائے گا۔اَور تیسرے حِصّے کو مَیں چاروں طرف پراگندہ کر دُوں گا۔اَور تلوار کھینچ کر اُن کاپیچھا کرُوں گا۔ 13 یُوں میرا غضب پُورا ہو گا۔اَور مَیں اپنے قہر کو اُن پر ٹھنڈا کرُوں گا۔اَور تسلّی پذیر ہوں گا۔اَور وہ جانیں گے کہ مَیں نے یعنی خُداوند نے اپنی غیرت میں کلام کِیا جب مَیں اپنا قہر اُن پر پُورا کرُوں گا۔ 14 اَور مَیں تیرےآس پاس کی قوموں کے درمیان اَور ہر راہ گیِر کی نگاہ میں تُجھے وِیران اَور باعِثِ ملامت کر دُوں گا۔ 15 پس جب مَیں غضب اَور قہر اَور غُصّے کی دھمکیوں سے تُجھ سے عدالت نافِذ کرُوں گا تو تُو اپنے آس پاس کی قوموں میں باعِثِ ملامت و اِہانت اَور جائے عبِرت و حیرت ہو گی۔ مَیں خُداوند ہی نے یہ کہا ہے۔ 16 جس وقت مَیں تُم پر قحط کے تِیر چلاؤں گا۔تاکہ تُمہیں ہلاک کرُوں ۔ تو مَیں تُمہارے لئے روٹی کی ٹیک توڑ ڈالُوں گا۔ 17 یعنی مَیں تُم پر قحط اَور بُرے درندے بھیجُوں گا۔ تو وہ تُجھے بے اولاد کر دیں گے۔اَور وَبا اَور خُون ریزی تیرے درمیان آئے گی۔ اَور مَیں تُجھ پر تلوار لاؤُں گا۔ مَیں خُداوند ہی نے یہ کہا ہے۔