باب

1 نبی کا بھیجا جانا اَور اُس نے مُجھ سے کہا۔اَے اِبنِ بشر! اپنے پاؤں پر کھڑا ہو۔تو مَیں تُجھ سے کلام کرُوں گا۔ 2 جب اُس نے میرے ساتھ بات کی تو رُوح مُجھ میں داخل ہوئی۔ اَور اُس نے مُجھے میرے پاؤں پر کھٹرا کر دیا۔ تو مَیں نے اُس کی سُنی جو مُجھ سے کلام کرتا تھا۔ 3 اُس نے مُجھ سے کہا۔ اَے اِبنِ بشر! میں تُجھے بنی اِسرؔائیل کے پاس یعنی اُس باغی قوم کے پاس جو مُجھ سے برگشتہ ہو گئی ہے بھیجتا ہُوں۔وہ اَور اُن کے باپ دادا آج کے دن تک میری نافرمانی کرتے آئے ہیں۔ 4 اَور یہ بے حَیا اَور سخت دِل فرزند ہیں۔ تو مَیں تُجھے اُن کے پاس بھیجتا ہُوں اور تُو اُن سے کہے گا کہ مالِک خُداوند یُوں فرماتا ہے۔ 5 پس خواہ وہ سُنیں یا نہ سُنیں( کیونکہ وہ تو سرکش گھرانا ہیں) وہ کم سے کم جان لیں گے کہ ان کے درمیان ایک نبی بَرپا ہُؤا۔ 6 اَور اَے اِبنِ بشر! تُو اُن سے نہ ڈر۔اَور اُن کی باتوں سے خوف نہ کھا۔اگرچہ تُو بے ایمانوں اَور ہلاک کرنے والوں کے درمیان ہے۔ اَور تُو بچھُوؤں کے درمیان رہتا ہے۔اُن کی باتوں سے تو نہ ڈر۔ اَور اُن کے چہروں سے ہراساں نہ ہو۔ کیونکہ وہ برگشتہ گھرانا ہیں۔ 7 پس تُو میری باتیں اُن سے کہہ دے۔ خواہ سُنیں خواہ نہ سُنیں۔ کیونکہ وہ برگشتہ گھرانا ہیں۔ 8 اَور تُو اَےِابنِ بشر! جو مَیں تُجھ سے کہتا ہوں اُسے سُن ۔اَور تُو سرکش گھرانے کی طرح سرکش نہ ہو۔اپنا مُنہ کھول۔اَور جو کُچھ میں تُجھے دیتا ہُوں اُسے کھا لے۔ 9 تب مَیں نے نِگاہ کی ۔تو کیا دیکھتا ہُوں کہ ایک ہاتھ میری طرف بڑھایا ہُؤا ہے۔اَور دیکھ کہ اُس میں کِتاب کا ایک طُومار ہے۔ 10 اَور اُس نے اُسے کھول کر میرے سامنے رکھّ دیا۔ اُس میں اندر باہر لکھا ہُؤا تھا۔ اَور اُس میں نَوحہ اَور ماتم اور آہ و نالہ مَرقُوم تھے۔