باب

1 وفاداری کے لئے برکت اگر تُو سب حکموں کو جن کی بابت آج کے دِن میَں نے تجھے فرمان دیتا ہوں یاد رکھ کر خُداوند اپنے خُدا کے فرمان کی تابعداری کرے اور اُس پر عمل کرے ۔ تو خُداوند تیرا خُدا تجھے زمین کی سب قوموں میں سرفرازی بخشے گا۔ 2 اور یہ سب برکات تجھ پر نازل ہوں گی اور تیرا حِصہ ہوں گی ۔بشرطیکہ تُو خُداوند اپنے خُدا کے فرمان کی تابعداری کرے۔ 3 تُو شہر میں مبارک ہوگا اور دیہات میں مبُارک ہوگا۔ 4 اور تیرے پیٹ کا پھل اور تیری زمین کا پھل اور تیرے چوپایوں کا پھل یعنی تیری گائے بَیل کی بڑھتی اور تیری بھیڑ بکری کے بچے مباُرک ہوں گے۔ 5 اور تیری چنگیر اور تیرا لگن مبُارک ہوگا ۔ 6 اور تُو ا ندر آنے میں مبُارک ہوگا اورتُوباہر جانے میں مبُارک ہوگا ۔ 7 خُداوند تیرے دُشمنوں کوجو تیرے خلاف کھڑے ہوں تیرے آگے گرا دے گا ۔ وہ تجھ پر ایک راہ سے آئیں گے اور تیرے سامنے سے سات راہوں میں سے بھاگیں گے ۔ 8 خُداوند تیرے انبار خانوں میں اور سارے کاموں میں جن میں تُو ہاتھ لگائے تیرے لئے برکت کا حکم دے گا ۔ اور اُس ملک میں جو خُداوند تیرا خُدا تجھے دے گا ۔ تجھے برکت دے گا۔ 9 اور خُداوند تجھے اپنی مقُدس قوم بنائے گا ۔ جیسا کہ اُس نے تجھ سے قسم کھائی ۔ بشرطیکہ تُوخُداوند اپنے خُدا کے حکموں کو مانے اور اُس کی راہوں میں چلے ۔ 10 اور زمین کی سب قومیں دیکھیں گی ۔ کہ خُداوند کا نام تجھ پر پُکارا جاتا ہے لہٰذا وہ تجھ سے ڈریں گی ۔ 11 اور خُداوند تیرے پیٹ کے پھل میں اور تیرے چوپایوں کے پھل میں اور تیری زمین کے پھل میں اُس ملک میں جس کی بابت خُداوند نے تیرے باپ دادا سے قسم کھائی کہ تجھے دے گا۔ اچھی چیزوں کی فراوانی بخشے گا ۔ 12 خُداوند تیرے لئے اپنی اچھی چیزوں کے خزانے یعنی آسمان کو کھولے گا۔ کہ بروقت تیری زمین پر مینہ برسائے گا ۔ اور تیرے ہاتھ کے سب کاموں میں برکت دے گا اور تُو بہت قوموں کو قرض دے گا مگر تُو قرض نہ لے گا۔ 13 اور خُداوند تجھے سر بنائے گا دُم نہیں۔ اور تُو ہمیشہ اُونچا ہوگا نیچا نہیں بشرطیکہ تُو خُداوند اپنے خُدا کے حکموں کو جن کی بابت آج میَں تجھے فرمان دیتا ہوں مانے اور اُن پر عمل کرے ۔ 14 اور اُن سب باتوں سے جِن کی بابت آج میَں تجھے حکم دیتا ہوں دہنے یا بائیں نہ مڑے ۔ کہ اجنبی مَعبُودوں کا پیرو ہو کر اُن کی بندگی کرے۔ 15 بےوفائی لعنت لیکن اگر تُو خُداوند اپنے خُدا کے کلام کی فرمانبرداری نہ کرے کہ سب قوانین اور احکام کو جن کی بابت میَں آج تجھے فرمان دیتا ہوں یاد رکھ کر اُن پر عمل نہ کرے۔تو یہ سب لعنتیں تجھ پر نازل ہوں گی اورتیر احِصہ ہوں گی۔ 16 تُو شہر میں ملعون ہوگااور دیہات میں ملعون ہوگا ۔ 17 اور تیری چنگیر تیری لگن ملعون ہوگا۔ 18 اور تیرے پیٹ کا پھل اور تیری زمین کا پھل اور تیری گائے بَیل کی بڑھتی اور تیری بھیڑ بکری کے بچے ملعون ہوں گے ۔ 19 اور تُو اندر آنے اور باہر جانے میں ملعون ہوگا۔ 20 خُداوند تیرے سب کاموں میں جِنہیں تُو ہاتھ لگائے گا ۔ جِنہیں تُو کرے ۔ تجھ پر لعنت اور اِضطراب اور دھمکی بھیجے گا۔یہاں تک کہ تو ہلاک ہوگا اور جلد نابُود ہوجائے گا اور تیرے اعمال کی بدی کی وجہ سے جِن کے سبب تُو نے مجھے ترک کیا ۔ 21 خُداوند وبا کو تجھ سے لپٹائے رکھے گا ۔ یہاں تک کہ تجھے اُس ملک سے جس کا وارث ہونے کے لئے تُو جاتا ہے جڑ سے اُکھاڑے گا ۔ 22 اور خُداوند تجھے سل اور تپ اور بخُار اور ورم اور خشُک سالی اور باد سموم اور چیپا سے مارے گا۔ وہ تیرے پیچھے پڑیں گے ۔ یہاں تک کہ تُو ہلاک ہو جائے ۔ 23 اور آسمان جو تیرے سر کے اُوپر ہے پیتل ہو جائے گا۔ اور زمین جو تیرے نیچے ہے، لوہا ہوگی۔ 24 اور خُداوند تیری زمین کے مینہ کو مٹی کرے گا اور آسمان سے غُبار تجھ پر نازل ہوگا ۔یہاں تک کہ تُو نابوُد ہوجائے گا 25 خُداوند تجھے تیرے دُشمنوں کے سامنے گرِادے گا ۔تُو ایک راہ سے اُن پر چڑھے گا اوراُن کے سامنے سے سات راہوں سے بھاگے اور زمین کی سب مملکتوں کے نزدیک تُو باعث نفرت ہوگا۔ 26 اور تیری لاش ہَوا کے پرندوں اور زمین کے درندوں کی خوراک ہوگی۔ اور کوئی اُن کا ہنکانے والا نہ ہوگا۔ 27 خُداوند تجھے مصر کے پھوڑوں اور بواسیر اور خارش اور کھرنڈسے مارے گا۔جن سے تُو اچھا نہ ہو سکے گا۔ 28 خُداوند تجھے جنُون اور نابینائی اور حماقت سے مارے گا ۔ 29 اور تُو دوپہر کو ٹٹولے گا ۔ جیسا کہ اندھا اندھیرے میں ٹٹولتا ہے ۔ تُو رستہ نہ پائے گا ۔ اور ہر وقت تجھ پر ظلم اور سختی ہوگی ۔ اور تیرا چھڑانے والا کوئی نہ ہوگا۔ 30 تُو عورت سے بیاہ کرے گا اور دُوسرا مرد اُس سے صحبت کرے گا ۔تُو گھر بنائے گا پر اُس میں نہ بسے گا۔ تُو انگورستان لگائے گا ۔پر اُس کے انگور جمع نہ کرے گا ۔ 31 تیری آنکھوں کے سامنے تیرا بَیل ذَبح کیِا جائے گا اور تُو اُس سے نہ کھائے گا ۔ تیرا گدھا تیرے سامنے سے ے جبراً لیا جائے گا اور تجھے واپس نہ دِیا جائے گا ۔ اور تیری بھیڑیں تیرے دُشمنوں کو دی جائیں گی۔ اور تیرا کوئی چھڑانے والا نہ ہوگا ۔ 32 تیرے بیٹے اور تیری بیٹیاں دُوسری قوم کے حوالے کی جائیں گی ۔ اور تیری آنکھیں سارا دِن اُن کی راہ دیکھیں گی۔ اور تھک جائیں گی اور تیرے ہاتھ میں طاقت نہ ہوگی۔ 33 اور تیری زمین اور تیری محنت کے سارے پھل کو دُوسری قوم جِسے تُو نہیں جانتا کھا جائے گی۔ اور تُو اپنے تمام ایام مظلوم اور کچلا ہُؤا رہے گا ۔ 34 یہاں تک کہ اپنی آنکھوں کے نظارے سے جو تُو دیکھے گا تو پاگل ہو جائے گا ۔ 35 خُداوند تیرے گھٹنوں اور اور تیر ی ٹانگوں کو برُے پھوڑوں سے مارے گا کہ پاؤں کے تلوے سے لے کر سر کی چوٹی تک تُو اچھا نہ ہو سکے گا ۔ 36 خُداوند تجھے اور تیرے بادشاہ کو جِسے تُو اپنے اُوپر قائم کرے گا ۔ ایک ایسی قوم میں لے جائے گا ۔جِسے نہ تُو نے اور نہ تیرے باپ دادا نے جانا ۔اور وہاں پر تُولکڑی اور پتّھر کے اجنبی معبوُدو ں کی بندگی کرے گا۔ 37 اور سب قوموںمیں جہاں خُداوند تجھے لے جائے گا تُو باعث حیرت اور ضرب المثل اور تمسخر ہوگا۔ 38 تُو کھیت میں بہت بیج ڈالے گا اور تھوڑا جمع کرے گا۔کیونکہ ٹڈ ی اُسے چاٹ جائے گی ۔ 39 تُو انگورستان لگائے گا ۔ اُنہیں درُست رکھے گا ۔ مگر تُو مے نہ پئیے گا نہ اُنہیں جمع کرے گا ۔ کیونکہ اُنہیں کیڑا کھا جائے گا۔ 40 تیری ساری حدود میں زیتون کے درخت ہوں گے پر تُو تیل مَلنے کو نہ پائے گا ۔ کیونکہ تیرے زیتون کا پھل گر جائے گا۔ 41 تیرے ہاں بیٹے اور بیٹیاں پیدا ہوں گے مگروہ تیرے نہ رہیں گے بلکہ اسیری میں جائیں گے۔ 42 تیرے سارے درختوں کو اور تیری زمین کے پھل کو کیڑے مکوڑے برباد کریں گے ۔ 43 پردیسی جو تیرے درمیان ہے تجھ سے اُونچا ہوتا جائے گا اور تُو نیچے نیچے اُترتا جائے گا ۔ 44 تُو اُس سے قرض لے گا اور وہ تجھ سے قرض نہ لے گا ۔ وہ سر ہوگا اور تُو دُم ہوگا۔ 45 یہ تمام لعنتیں تجھ پرآئیں گی ۔تیرا پیچھا کریں گی اور تجھ سے لپٹی رہیں گی۔ یہاں تک کہ تُو نابوُد ہوجائے گا ۔ کیونکہ تُو نے خُداوند اپنے خُدا کے فرمان کی تابعداری نہ کی ۔ اور اُس کے احکام اور قوانین کو جس کااُس نے تجھے حکم دِیا ، تُو نے نہ مانا ۔ 46 اور یہ تجھ پر اور تیری نسل پر ہمیشہ کے لئے ایک نشان اور عجُوبہ ہوں گی۔ 47 چُونکہ تُو نے سب چیزوں کی فراوانی کے باعث خُوشی سے اور دِل کی شادمانی سے خُداوند اپنے خُدا کی بندگی نہ کی۔ 48 تُو بھوک اور پیاس اور برہنگی اور سب چیزوں کی احتیاج میں اپنے دُشمنوں کی جِنہیں خُداوند تجھ پر بھیجے گا خدمت کرے گا۔وہ لوہے کا جُوا تیری گردن پر رکھے گا ۔یہاں تک کہ وہ تجھے فنا کرے گا۔ 49 خُداوند ایک قوم کو دُور سے زمین کی حدُود سے تیز پرواز عُقاب کی طرح تجھ پرچڑھا لائے گا ۔ وہ قوم جس کی زُبان تُو نہ سمجھے گا ۔ 50 ایک تُرش رو قوم جو بُوڑھے کے مُنہ کا لحاظ اور لڑکے پر رحم نہ کرے گی۔ 51 اور تیرے چوپایوں کا پھل اور تیری زمین کا پھل کھا جائے گی۔ یہاں تک کہ تُو فنا ہوجائے گا اور نہ غلہ اور نہ مَے اور نہ تیل اور نہ گائے بَیل کی بڑھتی اور نہ بھیڑ بکری کے بچے تیرے لئے باقی چھوڑے گی ۔یہاں تک کہ وہ تجھے نابُود کرے گی ۔ 52 اور تیرے سارے ملک میں تمام پھاٹکوں کا محاصرہ کرے گی۔یہاں تک کہ تیری اُونچی اور مضبوط دیواریں جن پر تیرا بھروسہ تھا تیرے سارے ملک میں گرائی جائیں گی۔وہ تجھے تمام ملک میں جو خُداوند تیرا خُدا تجھے عطا کرے گا تیرے سب شہروں میں تجھے گھیر لے گی۔ 53 تُو اُس محاصرے میں اور سختی میں جس سے تیرا دُشمن تجھے تنگ کرے گا ۔اپنے پیٹ کا پھل اپنے بیٹے او ر بیٹیوں کا گوشت جو خُداوند تیر اخُدا تجھے دے گا ،کھائے گا۔ 54 وہ آدمی جو تم میں نازپروردہ اور بہت نازک ہے اپنے بھائی او ر اپنی ہمکنار بیوی اور اپنے تمام لڑکوں کو جو باقی ہوں گے ، برُی نگاہ سے دیکھے گا۔ 55 کہ اپنے لڑکوں کے گوشت میں سے جِنہیں وہ کھائے گا ۔ اُن میں سے کسی کو کچھ نہ دے گا ۔ کیونکہ اُس محاصرے اور سختی میں جس سے تیرے دُشمن تجھے تیرے سارے شہروں میں تنگ کریں گے۔اُس کے لئے کچھ باقی نہ رہے گا ۔ 56 اور و ہ عورت بھی جو تم میں نازپروردہ اور نازک ہے جو نزاکت اور نرمی سے عادی نہ تھی ۔ کہ زمین پر اپنا تلوا لگائے ۔ اپنے پہلو کے شوہر او ر بیٹے اور بیٹی۔ 57 اور اپنے ہی نوزائیدہ بچےکو جو اُس کی رانوں کے بیچ سے نکلا ہو بلکہ اپنے تمام بچوں کو جِنہیں وہ جَنی ،برُی نگاہ سے دیکھے گی ۔ کیونکہ محاصرہ میں اور سختی میں سے تیرا دُشمن تیرے شہروں میں تجھے تنگ کرے گا۔ سب چیزوں کی محُتاجی کے باعث چھُپ کر اُنہیں کھائے گی ۔ 58 اگر تُو اُس شریعت کی ساری باتوں کو جو اِس کتاب میں لکھی گئیں ، نہ مانے اور اُن پر عمل نہ کرے اور خُداوند اپنے خُدا کے جلالی اور ہولناک نام سے نہ ڈرے۔ 59 خُداوند تیری آفتوں کو عجیب اور تیری اولاد کی آفتوں کو عجیب تر اور دیرپا اور بری بیماریوں کو طویل بنائے گا۔ 60 اور مصر کی ساری وبائیں جِن سے تُو خوفزدہ ہے تجھ پر واپس لائے گا ۔ اور وہ تجھے چمٹی رہیں گی۔ 61 اور سب بیماریاں اور آفتیں جو اِس شریعت کی کتاب میں بھی لکھی نہیں گئیں ۔ خُداوند تجھ پر غالب کرائے گا ۔ یہاں تک کہ تُو فنا ہو جائے گا۔ 62 اور تم تھوڑے سے آدمی رہ جاؤ گے ۔ باوجُود اِس کے کہ تم کثرت کے باعث آسمان کے ستاروں کی مانند تھے کیونکہ تم نے خُداوند اپنےخُدا کے حکم کی فرمانبرداری نہ کی۔ 63 اور ایسا ہوگا کہ جس طرح خُداوند تم سے خُوش ہوتاتھا کہ تم سے نیکی کرے اور تمہیں بڑھائے ۔ ایسا ہی وہ خُوش ہوگا ۔ کہ تمہیں فنا کرے اور کاٹ ڈالے ۔ اور اُس سرزمین سے جس کا مالک ہونےکو تُو جاتا ہے تُو نکالا جائے گا ۔ 64 اور خُداوند تجھے تمام قوموں میں زمین کے ایک کنارے سے دُوسرے کنارے تک پراگندہ کرے گا اور وہاں تُو اجنبی معبُودوں کی جو پتھر اور لکڑی کے ہیں جِنہیں نہ تُو نے اور نہ تیرے باپ دادا نے جانا ، بندگی کرے گا ۔ 65 اور اُن قوموں میں تجھے آرام نہ ملے گا ۔ اور نہ تیرے پاؤں کے تلوؤں کو قرار ہوگا ۔ کیونکہ خُداوند تجھے خائف دِل اور پژمردہ آنکھیں اور غمگین روح دے گا ۔ 66 اور تیری زندگی تیرے سامنے گویا لٹکتی رہے گی ۔ اور رات اور دِن تُو ڈڑتا رہے گا ۔ اور تجھے اپنی زندگی پر بھروسا نہ ہوگا ۔ 67 اپنے دل کے خوف سے جس سے تُو ڈرے گا اور اُن چیزوں کے نظارے سے جِنہیں تُو آنکھوں سے دیکھے گا ۔ صبح کے وقت تُو کہے گا کاش کہ رات ہوجاتی اور رات کے وقت تُو کہے گا۔ کاش کہ صبح ہوجاتی۔ 68 اور خُداوند تجھے چیختا ہُؤا اُس راہ سے مصر کو واپس لے جائے گا ۔ جس کی بابت میَں نے تجھ سے کہا کہ تُو اُسے پھر کبھی نہ دیکھے گا ۔ اور وہاں تم اپنے دُشمنوں کے لئے غُلام اور لونڈی ہونےکو بیچے جاؤ گے اور کوئی نہ ہوگا ، جو خریدے ۔