باب

1 اَور خُداوند نے موُسیٰٰ سے کلام کرکے فرمایا۔ 2 جو کوئی شخص خطا کرے اَور خُداوند سے بے وفائی کرے۔ کہ اپنے ہمسایہ کی امانت یا رکھی ہوئی یا لوُٹی چیز کا اِنکار کرے یا کوئی چیز جبراً چھین لے۔ 3 یا اُس کی کھوئی ہوئی چیز پائے اَور اُس کا اِنکار کرے اَور سب باتوں میں جو اِنسان کرتا ہے کسی میں جھوٹی قسم کھائے تو وہ اُس سے مجُرم ٹھہرے گا۔ 4 اس لئے جب اُس نے خطا کی تو گناہ اُس کے پر سر آیا۔ تو وہ لُوٹی ہُوئی چیز کو یا بے انصافی سے لی ہُوئی یا امانت رکھی ہوئی چیز کو یا کھوئی ہوئی چیز کو جو اُس نے پائی واپس کرے۔ 5 یا سب کچھ جس کی بابت اُس نے جھوٹی قسم کھائی۔ پورا پورا واپس کرے اور پانچ گنا اضافی ادا کرے۔ اور اُسے جس کی وہ ہے۔ اپنی خطا کی قُربانی کے گزراننے کے دن دے دے۔ 6 اور اپنی خطا کے لئے خداوند کے واسطے قُربانی کاہن کے پاس لائے۔ یعنی گلے میں سے ایک بے عیب مینڈھا جس کی قیمت خطا کے مطابق ٹھہرائی گئی ہے۔ 7 اور کاہن خُداوند کے سامنے اُس کا کفارہ دے۔ تو اُسے سب کچھ جس کے کرنے سے وہ مجرم ٹھہرا بخشا جائے گا۔ 8 دائمی آگ کی شریعت اور خداوند نے موُسیٰ سے کلام کر کے فرمایا۔ 9 ہارُون اور اُس کے بیٹوں کو حکم کر اور کہہ دے کہ سوختنی قُربانی کی یہ شریعت ہے۔ کہ سوختنی قُربانی مذبح کے آتشدان پر ساری رات صبح تک رہے اور مذبح پر آگ جلتی رہے اور وہ کبھی بجھنے نہ پائے۔ 10 اور کاہن اپنا کتان کا کُرتہ اور کتان کا پاجامہ پہنے۔ اور سوختنی قُربانی کی راکھ کو جو مذبح پر آگ نے جلا دی ہے اُٹھائے اور اُسے مذبح کے ایک طرف ڈالے۔ 11 تب وہ اپنے کپڑے اُتارے اور دوسرے کپڑے پہنے۔ اور راکھ کو خیمہ گاہ سے باہر پاک جگہ میں لے جائے۔ 12 اور مذبح پر آگ جلتی رہے اور وہ کبھی بجھنے نہ پائے اور کاہن ہر صبح کو اُس پر لکڑیاں ڈالے۔ اور اُس پر سوختنی قُربانی رکھے۔ اور سلامتی کی قُربانیوں کی چربی اُس پر جلائے۔ 13 مذبح پر آگ ہمیشہ جلتی رہے اور وہ کبھی بجھنے نہ پائے۔ 14 نَذر کی قُربانی کی شریعت اور نذر کی قُربانی کی یہ شریعت ہے کہ اُسے ہارون کے بیٹے مذبح کے سامنے خداوند کے آگے لائیں۔ 15 اور اُس میں سے مُٹھی بھر میدہ اور تیل سب لُوبان جو اُس پر ہے لیں۔ اور مذبح پر اُس کی یادگار کے لئے عمدہ خوشبو خداوند کے واسطے جلائیں۔ 16 اور جو بچ رہے اُسے ہارون اور اُس کے بیٹے بےخمیری روٹی ہی کھائیں۔ مقدس جگہ میں خیمہ اجتماع کے صحن میں اُسے کھائیں۔ 17 وہ خمیری نہ پکائی جائے۔ کیونکہ میَں نے اُسے اپنی آتشین قُربانیوں میں سے حصّہ دیا ہے۔ وہ خطا اور تقصیر کی قُربانیوں کی طرح نہایت مقدس ہے۔ 18 ہارون کی اولاد میں سے فقط مرد اُسے کھائیں۔ خداوند کی آتشین قُربانیوں کے لئے یہی اَبدی فرض پُشت در پُشت ہو گا۔ جو اُسے چھوئے۔ پاک ہو جائے گا۔ 19 اور خداوند نے موُسیٰ سے کلام کر کے کہا۔ 20 کہ ہارون اور اُس کے بیٹوں کی قُربانی جو وہ اپنے مَسح کے دن خداوند کے لئے لائیں یہ ہے۔ میدہ ایفہ کا دسواں حصہ۔ آدھا صبح کو اور آدھا شام کو دائمی نَذر کی قُربانی کے لئے لائیں۔ 21 وہ تیل میں توے پر پکایا جائے اور پکا ہوا لایا جائے۔ نذر کی قُربانی کے پکے ہوئے ٹکڑے تو خداوند کی عمدہ خوشبو کے لئے گزران۔ 22 اور اُس کے بیٹوں میں سے ممسوُح کاہن اُسے گزرانے۔ خداوند کا یہ اَبدی فرض ہے۔ وہ تمام جلایا جائے۔ 23 کاہن کی ہر ایک نذر کی قُربانی تمام جلائی جائے۔ وہ کھائی نہ جائے۔ 24 اور خُداوند نے موسیٰ سے کلام کر کے فرمایا۔ 25 ہارون اور اُس کے بیٹوں سے کہہ۔ کہ خطا کی قُربانی کی یہ شریعت ہے کہ جس جگہ سوختنی قُربانی ذبح کی جاتی ہے وہیں خطا کی قُربانی بھی خداوند کے آگے ذبح کی جائے کیونکہ وہ نہایت مقدس ہے۔ 26 اورجو کاہن خطا کےلئے اُسے گزرانتا ہے۔ اُسے پاک جگہ میں کھائے حضوری کے خیمہ کے صحن میں وہ کھائی جائے۔ 27 جو اُس کے گوشت کو چھوئے۔ پاک ہو جائے گا۔ اگر کسی کپڑے پر اُس کا خون پڑے۔ تو جو پڑا ہے۔ وہ پاک جگہ میں دھویا جائے۔ 28 اور مٹی کا برتن جس میں وہ پکایا گیا توڑا جائے۔ اگر وہ پیتل کے برتن میں پکایا گیا تو وہ مانجھا جائے اور پانی سے دھویا جائے۔ 29 کاہنوں میں سے سب مرد اُس میں سے کھائیں۔ کیونکہ یہ نہایت مقدس ہے۔ 30 اور کوئی خطا کی قُربانی جس کے خون میں سے کچھ حضوری کے خیمہ کے اندر داخل کیا گیا۔ تاکہ اُس سے مقدس میں کفارہ دیا جائے۔ نہ کھائی جائے۔ بلکہ آگ میں جلائی جائے۔