1
سزائےِ بے ادبی پھر ہارونؔ کے بیٹوں ندب اور ابیہو نے اپنا اپنا بُخور دان لیا اور اُن میں آگ ڈالی اور اُس پر بخُور رکھا اور خداوند کے سامنےاُوپری آگ گزرانی جس کا خُداوندنے حکم نہیں دیا تھا۔
2
تب خداوند کے حضور سے آگ نکلی اور دونوں کو کھا گئی۔ اور وہ خُداوند کے سامنے مر گئے۔
3
تب موسیٰ نے ہارون سے کہا کہ خداوند نے جو فرمایا تھا سو یہ ہے۔ کہ جو میرے قریب ہیں اُن سے میری تقدیس ہو۔ اور تمام لوگوں کے رُوبُرومیری تمجید ہو۔ اور ہارون خاموش رہا.
4
پھر موسیٰ نے ہارون کے چچا عُزی ایل کے بیٹوں میسِائیل اور الصعفن کو بلایا۔ اور کہا کہ آگے جاؤ۔ اور اپنے دونوں بھائیوں کو مقدِس کے سامنے سے خیمہ گاہ سے باہر اُٹھا لے جاؤ۔
5
تب وہ آگے گئے۔ اور اُنہیں اُن کے کُرتوں میں اُٹھا کر موسیٰ کے حکم کے موافق خیَمہ گاہ سے باہر لے گئے۔
6
اور موسیٰ نے ہارون اور اُس کے بیٹوں الیعزرؔ اور اِتمر سے کہا۔ اپنے سر ننگے نہ کرو اور اپنے کپڑےنہ پھاڑو۔ ورنہ تم مر جاؤ گے اور ساری جماعت پر خداوند کا غضب نازل ہو گا۔ پر تمہارے بھائی اِسرائیل کا سب گھرانہ جلے ہوؤں پر جنہیں خداوند نے جلایا روئیں۔
7
مگر تم خیمہ اجتماع کے دروازہ کے پاس سے باہر نہ جاؤ۔ ورنہ تم ہلاک ہو گے۔ اس لئے کہ خداوند کے مَسح کا تیل تم پر ہے۔ سو جیسا موسیٰ نے کہا۔ اُنہوں نے کیا۔
8
نشہ ممنوع اور خُداوند نے ہارون سے کلام کر کے فرمایا۔
9
کہ تُو اور تیرے بیٹے جس وقت حضُوری کے خیمہ میں جانے کو ہوں تو مَے یا کوئی نشہ آور چیز نہ پئیں۔ ورنہ تم ہلاک ہو گے۔ یہ تمہاری پُشتوں کے درمیان میں اَبدی فرض ہو گا۔
10
اِسی طرح مخصوص اور غیر مخصوص اور پاک اور ناپاک میں تمیز کرو۔
11
اور بنی اِسرائیل کو سب آئین سکھاؤ۔ جن کا خداوند نے موسیٰ کے ذریعہ حکم دیا۔
12
اور موسیٰ نے ہارون اور الیعزؔر اور اِتمر اور باقیوں کو جو پاس تھے کہا۔ کہ خداوند کی آتشین قربانیوں میں سے جو نذر کی قربانی بچ رہی ہے لو اور اُسے مذبح کے پاس بغیر خمیر کے کھاؤ۔ کیونکہ یہ پاک چیزوں میں پاک ہے۔
13
تم اُسے مقدس جگہ میں کھائو کیونکہ خداوند کی آتشین قربانیوں میں سے یہ تیراحصّہ اور تیرے بیٹوں کا حصّہ ہے۔ کیونکہ ایسا ہی مجھے حکم دیا گیا ہے۔
14
لیکن ہلانے کا سینہ اور اُٹھانے کی ران جو ہے۔ اُنہیں کسی پاک جگہ میں کھاؤ۔ تُو اور تیرے بیٹے اور تیری بیٹیاں تیرے ساتھ۔ کیونکہ بنی اِسرائیل کی سلامتی کی قربانیوں میں سے یہ تیرا حصّہ اور تیرے بیٹوں کا حصّہ ہے۔
15
اُٹھانے کی ران اور ہلانے کا سینہ کے ساتھ جلانے کی چربی کے جو لایا جائے گا۔ تاکہ خُداوند کے سامنے ہلانے کی قُربانی کے لئے ہلایا جائے۔ وہ دونوں تیرے اور تیرے بیٹوں کے ہوں گے۔ خُداوند کے حکم کے مطابق یہ اَبدی فرض ہو گا۔
16
اور موسیٰ نے خطا کے بکرے کی دریافت کی۔ تو معلوم ہوا کہ وہ جلایا گیا تھا۔ تب وہ الیعزر اور اِتمر ہارون کے بیٹوں سے جوباقی تھے ناراض ہوا اور کہا۔
17
کہ تم نے خطا کی قربانی مقدس جگہ میں کیوں نہ کھائی وہ پاک چیزوں میں پاک ہے۔ اور خداوند نے تمہیں دی۔ تاکہ تم جماعت کے گناہ اُٹھا کر خداوند کے سامنے اُن کا کفارہ دو۔
18
دیکھو اُس کا خون مقدِس میں داخل نہ کیا گیا۔ اور واجب تھا کہ تم اُسے مقدس جگہ میں کھاتے۔ جیسا میَں نے حکم دیا تھا۔
19
تب ہارون نے موسیٰ سے کہا۔ کہ آج ہی اُنہوں نے اپنی خطا کی قربانیاں اور سوختنی قربانیاں خدا کے سامنے گزرانیں اور مجھ پر اس طرح کے حادثے واقع ہوئے۔ پس اگر میَں آج ہی خطا کی قربانی کھا لیتا تو کیا یہ خداوند کی نگاہ میں اچھا ہوتا؟
20
موسیٰ نے جب یہ سنا تو اِسے معقُول سمجھا۔