1
اَب تُو پُکار۔ شاید کوئی تُجھے جَواب دے۔ مُقدَسوں میں سے تُو کِس کی طرف توجُّہ کرے گا؟
2
کیونکہ غُصّہ نادان کو قتل کر دیتا ہے۔ اَور حسد احمق کو مار ڈالتا ہے۔
3
مَیں نے بیوقوُف کو جڑ پکڑتے دیکھا ہے۔ پر ناگہاں اُس کا مَسکِن ملعُون ہُؤا۔
4
اُس کے بال بچے سلامتی سے دور ہوتے ہیں ۔ وہ پھاٹک ہی پر کُچلے جاتے ہیں اَور اُن کا کوئی چُھڑانے ولا نہیں ہوتا۔
5
بُھوکا اُس کی کھیتی کھا جاتا ہے۔ بلکہ اُسے کانٹوں میں سے بھی چھین لیتا ہے۔ اَور پیاسا اُس کی دولت کو پی جاتا ہے۔
6
کیونکہ مُصِیبت خاک سے نہیں نکِلتی اَور نہ تکلیِف زمین سے اُگتی ہے۔
7
لیکن اِنسان مُصیِبت کے لئے ہی پیدا ہوا ہے جس طرح چنگاریاں اُوپر کو اُڑتی ہیں۔
8
لیکن میَں تو خُدا ہی کا طالب رہوں گا اَور اپنا مُعاملہ اُسی پر چھوڑ دُوں۔
9
وہ ایسے بڑے کام کرتا ہے جو سمجھ سے باہر ہیں۔ اَور عجائبات جو شُمار میں نہیں آتے۔
10
وہ زمین پر مینہِ برساتا ہے۔ اَور کھیتوں کی سطح پر پانی بھیجتا ہے۔
11
وہ پست حالوں کو نجات کے لئے بُلند کرتا ہے۔ اَور غمگینوں کو آسائش سے تسلّی دیتا ہے۔
12
وہ دھوکے بازوں کے منصُوبوں کو باطِل کرتا ہے ایسا کہ اُن کے ہاتھ اُن کے مقاصد کو انجام تک نہیں پُہنچاتے۔
13
وہ دانِشمندوں کو اُنہی کی چالاکی میں گِرفتار کر دیتا ہے۔ اَور حِیلہ گروں کی صلاح جلد ناکام ہوتی ہے۔
14
وہ دِن کو تارِیکی سے دوچار ہوتے ہَیں ۔ اَور دوپہر کے وقت رات کی طرح ٹٹولتے ہَیں۔
15
لیکن وہ مِسکین کو اُن کے مُنہ کی تلوار سے اَور طاقتورکے ہاتھ سے بچاتا ہے۔
16
چُنانچہ مُحتاج کے لئے اُمّید رہتی ہے۔ اَور بَدی اپنا مُنہ بند کرتی ہے
17
۔دیکھو مُبارَک ہے وہ آدمی جِسے خُدا تنبہیہ کرتا ہے۔ پس قادرِ مُطلق کی تادِیب کی حقارت نہ کر۔
18
کیونکہ وہ زخم لگاتا ہے۔ اَور پٹّی باندھتا ہے۔ وہ مارتا ہے اَور اُس کے ہاتھ شِفا بخشتے ہَیں۔
19
وہ چھ مُصِبیتوں سے تُجھے چُھڑائے گا۔ اَور ساتویں میں کوئی بَدی تُجھے نہ چُھوئے گی۔
20
قحط میں وہ تُجھے مَوت سے بچائے گا۔ اَور لڑائی میں تلوار کی دھار سے۔
21
تُو زبان کے کوڑے سے چُھپا رہے گا۔ اَور جب مُصِیبت آئے گی تُو نہ ڈرے گا۔
22
ہلاکت اَور فاقے پر تُو ہنسے گا اَور زمین کے درِندوں سے تُو خوف نہ کھائے گا۔
23
کیونکہ میدان کے پتّھروں کے ساتھ تیرا عہد ہو گا۔ اَور بیابان کے درِندے تیرے ساتھ صُلح رکھیں گے۔
24
اَور تُو جانے گا کہ تیرا خَیمہ اَمن میں ہے۔ تُو اپنی چراگاہ کو دیکھے گا اَور اُس میں کِسی چیز کی کمی نہ ہو گی۔
25
اَور تُو یہ بھی جانے گا۔ کہ تیری نسل بُہت ہو گی۔ اَور تیری اولاد زمین کی گھاس کی طرح بڑھے گی۔
26
تُو پوری عمُر کا ہو کر قبر میں جائے گا۔ جیسے غلّہ کا پُولا اپنے وقت میں جمع کِیا جاتا ہے۔
27
دیکھ ہم نے اِس کی تحقیق کی ہے اَور یہ بات یُونہی ہے۔ پس اُسے سُن اَور اُس سے فائدہ اُٹھا۔