1
اَیُّوبؔ تائب تب اَیُّوبؔ نے خُداوند سے جَواب میں کہا کہ۔
2
میں جانتا ہُوں کہ تُو سب کُچھ کرنے پر قادرِ ہے۔ اَور تیرا کوئی اِرادہ نامُمکن نہیں۔
3
وہ کون ہے جو مشورت کو نادانی سے ڈھانپتا ہے۔ اِس لئے مَیں نے وہی کہاہے جِسے مَیں نہیں سمجھتا تھا۔ یعنی وہ عجیب کام جو مُجھ سے بالا ہَیں اَور جنہیں مَیں نہیں جانتا۔
4
میری سُن ۔تو مَیں کہُوں گا مَیں تُجھ سے پُوچھتا ہُوں۔ تُو مُجھے بتا۔
5
مَیں نے کانوں کے سُننے سے تیری بابت سُنا تھا۔ پر اَب میری آنکھ نے تُجھے دیکھا ہے۔
6
اِس لئے مُجھے اپنے آپ سے نفرت ہے۔ اَور میں خاک اَور راکھ میں توبہ کرتا ہُوں۔
7
اَیُّوبؔ کی خوشحالی اَور ایسا ہُؤا ۔ کہ جب خُداوند یہ باتیں اَیُّوبؔ سے کہہ چُکا۔ تو خُداوند نے اِلیفز تیمانی کو فرمایا۔ کہ میرا غُصّہ تُجھ پر اور تیرے دونوں رفیقوں پر بھڑکا ہے۔ کیونکہ تُم نے میرے بندے اَیُّوبؔ کی طرح میرے حَق میں دُرست باتیں نہیں کہیں۔
8
اَور اَب تُم اپنے لئے سات بَیل اَور سات مینڈھے لو۔ اَور میرے بندے اَیُّوبؔ کے پاس جاؤ۔ اَور اپنے لئے سوختنی قُربانی چڑھاؤ۔ اَور میرا بند ہ اَیُّوبؔ تُمہارے لئے دُعا کرے گا۔ مَیں اُس کے چہرے کوقبول کرُوں گا۔ تاکہ مَیں تُمہاری حماقت کے مُطابِق تُم سے سلوُک نہ کرُوں۔ کیونکہ تُم نے میرے بندے اَیُّوبؔ کی طرح میرے حق میں درُست باتیں نہ کہیں۔
9
تب اِلیفزؔ تیمانی اَور بِلددؔسوخی اَور ضوفر نعماتی گئے۔ اَور جیسا خُداوند نے اُنہیں فرمایا تھا اُنہوں نے ویسا ہی کیا۔ اَور خُداوند نے اَیُّوبؔ کے چہرے کو قبُول کِیا۔
10
اَور جب اَیُّوبؔ اپنے رفیقو ں کے لئے دُعا کر چُکا تو خُداوند نے اَیُّوبؔ کی اسیری کو بدل دیا۔ اَور جِتنا کہ پہلے اُس کے پاس تھا۔ خُداوند نے اَیُّوبؔ کو اُس سے دُگنا دِیا۔
11
اَور اُس کے سب بھائی اَور اُس کی بہنیں اَور اُس کے اگلے جان پہچان۔ اُسے دیکھنے آئے۔ اَور اُس کے گھر میں اُس کے ساتھ روٹی کھائی اَور اُس پر افسوس کِیا۔ اَور اُن سب بَلاؤں کے لئے اُسے تسلّی دی جو خُداوند نے اُس پر نازِل کی تھیں۔اَور ہر ایک نے اُسے ایک ایک سِکہ اَور سونے کی ایک ایک بالی کا ہدیہ دیا۔
12
اَور خُداوند نے اَیُّوبؔ کے انجام کو اُس کے آغاز سے زیادہ برکت دی۔ تو وہ چودہ ہزار بھیڑوں اَور چھ ہزار اُونٹوں اَور ایک ہزار جوڑے بَیلوں اَور ایک ہزار گدھیوں کا مالِک ہُؤا۔
13
اَور اُس کے سات بیٹے ہوئے اَور تین بیٹیاں۔
14
اَور اُس نے پہلی کا نام یمیؔمہ اور دُوسری کا نام قصؔیعاہ اَور تیسری کا نام قرؔن ہپوک رکھّا۔
15
اَور ساری سَر زمین میں اَیُّوبؔ کی بیٹیوں کی مانند خوُبصورت عورتیں نہ پائی گئیں۔ اَور اُس کے باپ نے اُنہیں اُن کے بھائیوں کے درمیان میراث دی۔
16
اَور اُس کے بعد اَیُّوبؔ ایک سو چالیس برس جِیتا رہا۔ اَور اُس نے اپنے بیٹے اور اپنے بیٹوں کے بیٹے چار پُشت تک دیکھے۔
17
اَور اَیُّوبؔ نے بُوڑھے ہو کر بڑی عُمر میں وفات پائی۔