1
مگر مچھ کیا تُو مگر مچھ کانٹے سے کھینچ کر نِکال سکتا ہے؟یااُس کی زبان کو رسّی سے باندھ سکتا ہے؟
2
کیا تُو اُس کی ناک میں نکیل ڈال سکتا ہے؟ کیا تُو اُس کا جبڑا میخ سے چھید سکتا ہے؟
3
کیا وہ تیری بُہت مِنتیں کرے گا یا تُجھ سے نرم اِلفاظ کہے گا؟
4
کیا وہ تیرے ساتھ عہد کرے گا۔ تاکہ تُو ہمیشہ کے واسطے اُسے اپنا غُلام بنالے؟
5
کیا تُو اُس کے ساتھ چڑیا کی طرح کھیلے گا یا اپنی بیٹیوں کے کھیل کے لئے اُسے باندھے گا؟
6
کیا تاجر اُس کی خریِد و فروخت کریں گے۔ کیا سوداگر اُسے بانٹ لیں گے؟
7
کیا تُو اُس کی کھال کو کانٹوں سے اَور اُس کے سر کو مچھلی مارنے کے نیزوں سے پُر کر سکتا ہے؟
8
اپنا ہاتھ اُس پر رکھّ۔ جنگ کو یاد کر۔ تو تُو پھِر ایسا نہ کرے گا۔
9
دیکھ کیا اُس کے شِکاری کی اُمّید بے فائدہ ہے۔ کیا وہ اُسے دیکھتے ہی گِر نہ پڑے گا۔
10
کِسی کو جرُات نہیں کہ اُسے چھیڑے۔ پس میرے سامنے کون کھڑا رہ سکتا ہے؟
11
کِس نے پہلے مُجھے کُچھ دِیا ہے۔ کہ مَیں اُس کا بدلہ دُوں۔ تمام آسمان کے نیچے جو کُچھ ہے وہ میرا ہی ہے۔
12
مَیں اُس کے اعضا کے بارے میں اَور اُس کے زور اَور اُس کی آراستگی کی خُوبی کی بابت خاموشی نہ کرُوں گا۔
13
کون اُس کے لباس کے دامن کو کھول سکتا ہے۔ کون اُس کے جبڑوں کی قطار کے درمیان جا سکتا ہے؟
14
اُس کے مُنہ کے کَواڑوں کو کون کھولے گا؟ کیونکہ اُس کے دانتوں کا دائرہ ہولناک ہے۔
15
اُس کی مضبُوط ڈھالیں نہایت عُمدہ ہَیں۔ جو گویا سخت مُہر سے جوڑی گئی ہَیں۔
16
وہ ایک دُوسری سے ایسی جُڑی ہُوئی ہَیں کہ اُن کے درمیان سے ہَوا بھی گُزر نہیں سکتی۔
17
وہ سب ایک دُوسری سے لگی ہوئی ہَیں اَور ایسی منسلک ہُوئی ہَیں کہ جُدا نہیں ہو سکتیں۔
18
اُس کی چھینک سے روشنی چمکتی ہے اَور اُس کی آنکھیں صُبح کی پلکوں کی مانند ہَیں۔
19
اُس کے مُنہ سے مَشعلیں جلتی ہَیں۔ اَور اُس سے آگ کی چنگاریاں اُڑتی ہَیں۔
20
اُس کے نتھنوں سے دُھواں اُٹھتا ہے۔ اُس ہانڈی یا دیگ کی طرح جو اُبلتی ہو۔
21
اُس کے سانس سے کوئلے دَہک اُٹھتے ہَیں۔ اَور اُس کے مُنہ سے شُعلہ نِکلتا ہے۔
22
قُوّت اُس کی گردن میں رہتی ہے۔ اَور دہشت اُس کے آگے دوڑتی ہے۔
23
اُس کے گوشت تہیں ہَیں۔ اَور ایسے اُس میں جُڑی ہوئی ہَیں کہ ہَل نہیں سکتے۔
24
اُس کا دِل پتّھرکی طرح سخت ہے۔ اَور چکی کے نچلے پاٹ کی مانند مضبُوط ہے۔
25
اُس کے اُٹھنے سے بہادُر لوگ ڈرتے ہیں۔ اَور گھبرا کر بے ہوش ہو جاتے ہیں۔
26
اگر کوئی اُس پر تلوار یا بھالایا برچھا یا نیزہ چلائے تو کُچھ نہیں بنتا۔
27
وہ لوہے کی سُوکھی گھاس کی طرح اَور پیتل کو گلی سڑی ہوئی لکڑی کی مانند سمجھتا ہے۔
28
تیر اُسے بَھگا نہیں سکتا۔ اَور فلاخنوں کے پتّھر اُس کے لئے بُھس کی مانند ہَیں۔
29
ہتھوڑے کو وہ بُھس سمجھتا ہے اَور برچھی کے چلنے پر ہنستا ہے۔
30
اُس کے نچلے حِصّے نوکیلے پتّھروں کی مانند ہَیں۔ اَور وہ تیز نوکدار چیزوں پر ایسے لیٹ جاتا ہےگویا کہ وہ کیچڑ ہَیں۔
31
وہ دریا کو ہانڈی کی طرح کھولاتا ہے۔ اَور سمُندر کو روغن کا برتن بناتا ہے۔
32
وہ اپنے پیچھے روشن راہ بناتا ہے۔ تو معلُوم ہوتا ہے۔ کہ گہراؤ سفید بالوں والا ہو گیا ہے۔
33
زمین پر اُس کی مثال نہیں جو ایسا بے خوف پیدا کِیا گیاہو۔
34
وہ سب اُونچی چیزوں کو دیکھتا ہے۔ اَور تمام مغروروں کا بادشاہ ہے۔