1
الیفر کی تیسری تقریر تب الیفر تیمانی نے خطاب کر کے کہا کہ ۔
2
کیا آدمی خُدا کو فائدہ پُہنچا سکتا ہے؟ بے شک دانش مند اپنے ہی لئے فائدہ پاتا ہے۔
3
اگر تُو نیک ہو تو کیا قادرِ مُطلِق کو اُس سے کُچھ فائدہ ہے یا اگر تُو اپنی راہوں کو پاک کرے تو اُس کے لئے کُچھ نفع ہے؟
4
کیا وہ تیری خُدا ترسی کے سبب سے تُجھے ملامت کرتا ہے یا تُجھے عدالت میں لاتا ہے؟
5
کیا تیری شرارت بڑی نہیں۔ اَور تیری بَدی بے حد نہیں؟
6
کیونکہ تُو نے اپنے بھائی سے ناحَق رہن لِیا ہے۔ اَور ننگَوں سے کپڑے چھِین لئے ہیں۔
7
تُو نے پیاسے کو پانی نہیں پلایا۔ اَور بُھوکے سے اپنی روٹی روک رکھّی ہے۔
8
جو آدمی قَوی بازُو والا ہے زمین اُس کے قبضے میں ہوتی ہے۔ اَور عِزّت دار شخص اُس میں بستا ہے۔
9
تُو نے بیواؤں کو خالی ہاتھ بھیج دِیا ہے اَور یِتیموں کے بازُو توڑ دیئے ہیں۔
10
اِس وجہ سے تیری چاروں طرف پھندے ہَیں۔ اَور ناگہانی خوف تُجھے دُکھ دیتا ہے۔
11
اَور نُور ایسی تارِیکی ہو گیا جسےتُو دیکھ نہیں سکتا۔ اَور پانی کا سیلاب تُجھے چھُپا لیتا ہے۔
12
کیا خُدا آسمان پر بُلند نہیں اَور بُلند سِتاروں پر نظر نہیں کرتا۔
13
اَور تُو کہتا ہے کہ خُدا کیا جانتا ہے؟۔ کیا وہ کُہر کے پیچھے سے اِنصاف کر سکتا ہے؟
14
بادل اُس کےلئے پردہ ہے اَور وہ دیکھ نہیں سکتا۔ اَور وہ افلاک کے گُنبد پر چلتا ہے۔
15
کیا تُو اُسی پُرانی راہ پر چلتا رہے گا۔ جس پر شریر لوگ چلتے رہے ہَیں؟۔
16
جو اپنے وقت سے پہلے ہی کاٹ دیئے گئے۔ جب سیلاب اُن کی بُنیادوں پر بہہ گیا۔
17
جِنہوں نے خُدا سے کہا"ہمارے پاس سے چلا جا"اَور کہ "قادرِ مُطلِق ہمارا کیا کر سکتا ہے"؟
18
تو بھی اُس نے اُن کے گھروں کو اچھّی اچھّی چیزوں سے بھر دِیا۔ اَور شریروں کی مشورت اُس سے دُور ہی رہی۔
19
صادِق دیکھیں گے اَور خُوش ہوں گے اَور مَعصُوم اُس پر ہنسی کرے گا۔
20
"دیکھ ہمارے مُخالِف کاٹے گئے ہَیں۔ بلکہ اُن کے بَقیے کو آگ کھاگئی ہے"۔
21
پس اُس کے نزدِیک رہ اَور نیکی کر۔ اِس طرح کرنے سے تُو اچھّی اچھّی چیزیں پائے گا۔
22
اُس کے مُنہ کی شریعت کو قبُول کر۔ اَور اُس کی باتوں کو اپنے دِل میں رکھّ۔
23
کیونکہ اگر تُو قادرِ مُطلِق کی طرف پھِرے تو تُو بحال کیا جائے گا۔ اَور تُو بَدی کو اپنے خَیمےسے دُور کر دے گا۔
24
تب گرد کی طرح تیرے پاس سونا ہوگا اَور وادیوں کے پتّھروں کی طرح اوفؔیر کا سونا۔
25
اَور قادرِ مُطلِق تیرا سونا اَور چاندی کا ذخیرہ ہوگا۔
26
اُس وقت قادرِ مُطلِق میں تیری خوشی ہو گی۔ اَور تُو خُدا کی طرف اپنا مُنہ اُٹھائے گا۔
27
اَور تُو اُس سے دُعا کرے گا اَور وہ سُن لے گا۔ اَور تُو اپنی مَنتّیں ادا کرے گا۔
28
اَور جس بات کا تُو اِرادہ کرے وہ تیرے لئے پورا ہو جائے گا۔اَور تیری راہوں پر روشنی چمکے گی۔
29
کیونکہ جو پست ہُؤا وہ بُلنَد کِیا جائے گا اَور جو حلیم تھا وہ بچایا جائے گا۔
30
اَور وہ بے گُناہ کو نجات دے گا۔ وہ تیرے ہاتھوں کی پاکیزگی کے باعِث نجات پائے گا۔