1
جو اِنسان عورت سے پیدا ہوتا وہ چند روزہ ہے اَور دُکھ سے بھرا ہُؤا ہے۔
2
وہ پُھول کی طرح کِھلتا اَور مُرجھاتا ہے۔ وہ سائے کی مانند جاتا رہتا ہے اَور ٹھہرتا نہیں۔
3
کیا ایسے پر تُو اپنی آنکھیں کھولتا ہے؟ اَور مُجھے اپنے ساتھ عدالت میں لاتا ہے۔
4
کون ہے جو ناپاک سے پاک چیز نِکالے؟ کوئی نہیں۔
5
حالانکہ اُس کے ایاّم ٹھہرائے گئے اَور اُس کے مہینوں کا شُمار تیرے پاس مُقرّر ہے۔ تُو نے اُس کی حدُود مُقرّر کی ہیں جِنہیں وہ پار نہیں کر سکتا۔
6
اِس لئے تُو اپنی نظر اُس سے ہٹا ۔ تاکہ وہ آرام کرے۔ جب تک کہ مزدُور کی طرح وہ اپنا دِن پُورا نہ کر لے۔
7
پس۔ درخت کے لئے اُمید رہتی ہے۔ کہ اگر وہ کاٹا جائے ۔ تو پھِر پُھوٹ نِکلے گا اَور اُس کی نرم ڈالی ختم نہیں ہو جائے گی۔
8
اَور اگرچہ اُس کی جڑ زمین میں پُرانی ہو جائے اَور اُس کا تنا مِٹّی میں مَر جائے۔
9
تو بھی پانی کی خُوشبو سے بڑھے گا۔ اَور پودے کی مانند شاخیں نِکالے گا۔
10
لیکن آدمی جب مَرتا ہے تو وَیں پڑا رہتا ہے۔ بلکہ دَم دے دیتا ہے اَور پھر وہ کہاں رہا؟
11
جیسے کہ سمُندر کا پانی جاتا رہے۔ اَور دریا خالی ہو کر سُوکھ جائے۔
12
ویسے ہی اِنسان لیٹ جاتا ہے اَور نہیں اُٹھتا۔ جب تک کہ آسمان تباہ نہ ہو جائے وہ جاگیں گے نہیں۔ اَور اپنی نیند سے نہیں چونکیں گے۔
13
کاش!تُو مُجھے پاتال میں چُھپائے اَور جب تک کہ تیرا غضب جاتا نہ رہے مُجھے پوشِیدہ رکھّے۔ اَور میرے لئے وقت نہ ٹھہرائے اَور مُجھے یاد نہ فرمائے۔
14
اگر آدمی مَر کر پھر زِندہ ہو جائے تو مَیں اپنی جنگ کے سب ایّام میں اِنتظار کرُوں گا جب تک میری رہائی کا وقت نہ آئے۔
15
تو تُو مُجھے بُلائے گا۔ اَور مَیں جَواب دُوں گا اَور تُو اپنے ہاتھ کی صنعت کی طرف توجُّہ کرے گا۔
16
کیونکہ تُو میرے قدم گِنے گا اور میری خطاؤں کو تاکتا نہ رہے گا۔
17
تُو میرے گُناہوں کو تھیلی میں ڈال کر اُن پر مُہر لگائے گا اَور میری خطا کو سِی رکھے گا۔
18
پہاڑ گِر کر مِٹ جاتا ہے اَور چٹان اپنی جگہ سے سرکا دِی جاتی ہے۔
19
اَور پانی پتّھروں کو گِھسا دیتا ہے اَور اُس کا سیلاب زمین کی مِٹّی کو بہا لے جاتا ہے۔ پر تُو اِنسان کی اُمّید کو مِٹا دیتا ہے۔
20
تُو ہمیشہ اُسے دَبائے رکھتا ہے۔ سو وہ جاتا رہتا ہے۔ تُو اُس کا چہرہ بدل دیتا اَور اُسے نِکال دیتا ہے۔
21
اگرچہ اُس کے فرزند عِزّت پاتے ہیں تو بھی وہ نہیں جانتا۔ یا اگرچہ وہ ذلیل ہوتے ہَیں تو بھی اُسے معلُوم نہیں ہوتا۔
22
لیکن اُس کا گوشت اُس کے اُوپر دُکھتا رہتا ہے اَور اُس کی رُوح اُس کے اندر ماتم کرتی رہتی ہے۔