1
میری جان میری زندگی سے تنگ ہے۔ مَیں شِکایت کرتا جاؤں گا۔ اَور اپنے دِل کی تلخی میں بولُوں گا۔
2
مَیں خُدا سے کُہوں گا۔ تُو مُجھے اِلزام نہ دے۔ مُجھے بتا۔ کہ تُو کیوں میرے ساتھ جھگڑتا ہے۔
3
کیا تیرے لئے یہ فائدہ مند ہے کہ تُو ظُلم کرے اَور اپنے ہاتھوں کی صنعت کی حقارت کرے ۔ اَور شریروں کی مشورت کی مدد کرے؟
4
کیا تیری آنکھیں جِسمانی ہیں؟کیا تُو بشر کی نِگاہ سے دیکھتا ہے؟۔
5
کیا تیرے دِن اِنسان کے دِنوں کی مانند ہَیں۔ یا تیرے برس آدمی کے برسوں کی طرح ہَیں؟
6
کہ تُو میری بَدی کو کھوجتا ہے۔ اَور میرے گُناہ کی بابت تحِقیق کرتا ہے۔
7
اگرچہ تُو جانتا ہے کہ مَیں شریر نہیں۔ اَور کہ تیرے ہاتھ سے مُجھے کوئی نہیں چُھڑا سکتا۔
8
تیرے ہی ہاتھوں نے مُجھے پیدا کر کے سراسر بنایا۔ کیا اَب تُو مُجھے تباہ کرے گا؟۔
9
یاد فرما۔ کہ تُو نے مُجھے گُندھی مَٹّی کا سا بنایا۔ کیا تُو مُجھے خاک میں لَوٹا دے گا؟
10
کیا تُو نے مُجھے دُودھ کی طرں نہیں اُنڈیلا؟ اَور دہی کی مانِند نہیں جمایا۔
11
تُو نے مُجھے چمڑا اَور گوشت پہنایا۔ تُو نے ہَڈّیوں اَور پٹّھوں کی مُجھے جالی لگائی۔
12
تُو نے مُجھے زِندگی کی آسائش بخشی۔ اَور تیری پرودگاری نے میرح رُوح کی حِفاظت کی۔
13
تُو نے یہ باتیں اپنے دِل میں چُھپائیں۔ لیکن مَیں جانتا ہُوں ۔ کہ تُو یہ اِرادہ رکھتا ہے۔
14
کہ اگر مَین گُناہ کرُوں تو تُو مُجھ پر نِگران ہو گا اَور تُو میری بَدی کو مُعاف نہیں کرے گا۔
15
اگر مَیں نے بَدی کی تو مُجھ پر افسوس ہے۔ اگر نیکی کی تو بھی مَیں اپنا سر نہ اُٹھاؤں گا۔ کیونکہ مَیں شرم سے بھرا ہُؤا ہُوں اَور دُکھ کا جام پی کر سیر ہُؤا ہُوں۔
16
اَور اگر مَیں سر اُٹھاؤں تو تُو شیر بَبر کی مانِند مُجھے شِکار کرے گا اَور بار بارمُجھے عجیب طور سے دُکھ دے گا۔
17
تُو میرے خلاف اپنی دُشمنی تارزہ کرے گا۔ اَور اپنا غضب مُجھ پر بڑھائے گا۔ اَور تیرے لشکر میرے مُقابلہ میں چڑھ آئیں گے۔
18
تُو نے مُجھے رِحِم سے نِکالا ہی کیوں ہے۔ پیشتر اِس کے کہ کوئی آنکھ مُجھے دیکھتی میری جان کیوں نہ نِکل گئی؟
19
تو مَیں ایسا ہوتا جیسا کہ مَیں کبھی تھا ہی نہیں۔ اَور رَحَم ہی سے قبر میں پُہنچا دیا جاتا۔
20
کیا میرے دِن تھوڑے نہیں؟ پس بس کر اَور مُجھے چھوڑ دے۔ تاکہ مَیں ذرا سانس لے لُوں۔
21
پیشتر اس کے کہ مَیں وہاں چلا جاؤں جہاں سے واپس نہ پِھرُوں گا۔ یعنی تارِیکی اَور سایہء مَوت کے مُلک میں۔
22
وہ تارِیکی کا مُلک جس میں ترتیب نہیں اَور جس کا نُور بھی سخت تارِیکی ہی ہے۔