باب

1 ایوب کی راستی عوؔض کی سرزمین میں اَیُّوبؔ نامی ایک شخص تھا۔ اَور یہ شخص کامل اور راستباز اَور خُدا سے ڈرتا اَور بَدی سے دور رہتا تھا۔ 2 اُس کی ہاں سات بیٹے اَور تین بیٹیاں پیدا ہُوئیں۔ 3 اَور وہ سات ہزار بھیڑوں اور تین ہزار اُونٹوں اَور پانچ سَو جوڑے بَیلوں اَور پانچ سَو گدھیوں کا مالِک تھا۔ اَور اُس کے بُہت سے نوکر تھے۔ اَوہ وہ اہلِ مشرق میں سب سے بڑا آدمی تھا۔ 4 اَور اُس کے بیٹے اپنے اپنے دِن میں اپنے گھروں میں ضِیافت کِیا کرتے تھے اَور اپنی تینوں بہنوں کو بُلوا بھیجتے تھے تاکہ اُن کے ساتھ کھائیں اَور پئیں۔ 5 اَور جب اُن کی ضِیافت کے دن پورے ہو جاتے تھے تو اَیُّوبؔ اُنہیں بُلوا بھیجتا اَور اُنہیں پاک کرتا۔ اَور صُبح کو اُٹھ کر اُن سب کے شُمار کے مُطابِق سوختنی قُربانیاں گُزرانتا تھا۔ کیونکہ اَیُّوبؔ کہتا تھا کہ شاید میرے بچّوں نے کُچھ گُناہ کِیا ہو اَور اپنے دِل میں خُدا پر کُفر بَکا ہو۔ اَیُّوبؔ ہمیشہ ایسا ہی کِیا کرتا تھا۔ 6 اَیُّوبؔ کا آزمایا جانا اَور ایک دن خُدا کے بیٹے خُداوند کے حضُور حاضِر ہونے کےلئے آئے اَور شیطان بھی اُن کے درمیان آیا۔ 7 تب خُداوندنے شیطان سے کہا۔تو کہاں سے آیا ہے؟ شیطان نے جواب میں خداوند سے کہا۔ کہ زمین میں گھُوم کر اَور اُس میں چل پھر کر آیا ہُوں۔ 8 پھِر خُداوند نے شیطان سے کہا۔ تُو نے میرے بندے اَیُّوبؔ پر غور کِیا۔ کہ زمین میں اُس کی مانند کوئی نہیں ۔ وہ کامل اور راستباز آدمی ہے۔ جو خُدا سے ڈرتا اَور بَدی سے کَنارہ کرتا ہے۔ 9 شیطان نے جَواب میں خُداوند سے کہا۔ کِیا اَیُّوبؔ خُدا سے یُوں ہی ڈرتا ہے؟ 10 کیا تُو نے اُس کے گِرد اَور اُس کے گھر کے گِرد اَور اُس کی ہر ایک چیز کے گِرد چاروں طرف باڑ نہیں لگائی ہے؟ تُو نے اُس کے ہاتھ کے کاموں میں برکت دی ہے۔ اَور اُس کا گلہ زمین پربڑھ گیا ہے۔ 11 مگر اپنا ہاتھ ذرا سا بڑھا۔ اَور اُس کے سب کُچھ کو چُھو۔ تو دیکھ کہ وہ تیرے مُنہ پر تیرے خلاف کُفر کہے گا۔ 12 تب خُداوند نے شیطان سے کہا۔ دیکھ اُس کا سب کُچھ تیرے ہاتھ میں ہے۔ صرِف اُسے ہاتھ نہ لگا۔ اَور شیطان خُداوند کے حضُور سے باہر نِکل گیا۔ 13 پس ایک دِن جب اُس کے بیٹے اَور اُس کی بیٹیاں اپنے بڑے بھائی کے گھر میں کھانا کھا رہے تھے اَور مَے پی رہے تھے۔ 14 تو ایک قاصِد نے اُس کے پاس آ کر کہا۔ کہ بَیل ہَل چلا رہے تھے اَور گدھیاں اُن کے نزدیک چَر رہی تھیں۔ 15 کہ اہلِ سَؔبا اُن پر آ پڑے۔ اَور اُنہیں لے گئے ہیں اَور نوکروں کو تلوار کی دھار سے قتل کر دیا ہے۔ اَور مَیں ہی اکیلا بچا ہُوں کہ تُجھے خبر دُوں ۔ 16 وہ ابھی بول ہی رہا تھا ۔ کہ ایک اَور نے آکر کہا کہ خُدا کی آگ آسمان سے گِری ہے۔ اَور بھیڑوں اَور غُلاموں کو جَلا کر فنا کر گئی ہے۔ اَور مَیں ہی اکیلا بچا ہُوں کہ تجھے خبر دُوں۔ 17 وہ ابھی بول ہی رہا تھا۔ کہ ایک اَور نے آ کر کہا۔ کہ کسدی تین غول کر کے اُونٹوں پر جھپٹے اَور اُنہیں پکڑ کر لے گئے ہیں۔ اَور نوکروں کو تلوار کی دھار سے قتل کر دیا ہے۔ اَور مَیں ہی اکیلا بچا ہُوں کہ تُجھے خبر دُوں۔ 18 وہ یہ کہہ ہی رہا تھا کہ ایک اَور آ نِکلا اَور کہنے لگا۔ کہ تیرے بیٹے اَور تیری بیٹیاں اپنے بڑے بھائی کے گھر میں کھانا کھا رہے تھے اَور مَے پی رہے تھے۔ 19 اَور دیکھ کہ تُند ہَوا بیابان کی طرف سے آئی۔ اَور گھر کے چاروں کونوں پر زور سے لگی تو وہ جوانوں پر گِر پڑا اَور وہ مَر گئے ہیں۔ اَور مَیں ہی اکیلا بچ گیا ہُوں کہ تُجھے خبر دُوں۔ 20 اَیُّوبؔ کا صبر تب اَیُّوبؔ اُٹھا اَور اپنے کپڑے چاک کِئے۔اَور اپنے سر کے بال مُنڈا کر زمین پر گِر کر سجدَہ کِیا۔ 21 اَور کہا۔ مَیں اپنی ماں کے پیٹ سے ننگانِکلا۔ اَور پِھر وہاں ننگا ہی چلا جاؤں گا۔ خُداوند نے دِیا تھا خُداوندہی نے لے لِیا ہے۔ خُداوند کا نام مُبارَک ہو۔ 22 اِن سب باتوں میں اَیُّوبؔ نے گُناہ نہ کِیا۔ اَور نہ خُدا پر بیجاالزام لگایا۔