لوقا باب ۳

1 ۱۔تبریاس قیصر کی سلطنت کے پندرویں برس جب یہودیہ کا گورنر پینطس پیلاطس تھا اور ہیرودیس گلیل کا اور اُس کا بھائی فلپ اِتوریہ اور ترخونی تس کا اور لسانیاس اَبلینے کا حاکم تھا، 2 ۲۔ اور اُس وقت حنا اور کائفا سردار کاہن تھے، اُن دِنوں بیابان میں زکریاہ کے بیٹے یوحنا پر خدا کا کلام نازل ہوا۔ 3 ۳۔اُس نے یردن کے گردو نواح میں سفر کرتے ہوئے گناہوں کی معافی اور توبہ کے بپتسمے کی منادی کی۔ 4 ۴ ۔ جیسا کہ یسعیاہ نبی کی کتاب میں لکھا ہے بیابان میں ایک پکارنے والے کی آواز آتی ہے، ’’خداوند کی راہ تیار کرو اور اُس کے راستے سیدھے بنائو۔ 5 ۵۔ ہر وادی بھر دی جائے گی، ہرایک پہاڑ اور گھاٹی برابر کی جائے گی ، ٹیڑھے راستے سیدھے کیے جائیں گے اور ناہموار راہیں ہموار کی جائیں گی۔ 6 ۶۔ تمام لوگ خدا کی نجات دیکھیں گے۔" 7 ۷۔ یوحنا نے اُس بھیڑ سے جو بپتسمہ لینے آ رہی تھی، کہا، ’’اَے سانپ کی نسل، تمہیں کس نے خبردار کیا کہ آنے والے غضب سے بھاگو؟ 8 ۸۔ توبہ کے مطابق پھل لائو، اور اپنے آپ کو یہ کہنا بند کرو کہ’ابرہام ہمارا باپ ہے، کیونکہ مَیں تم سے کہتا ہوں کہ خدا اِن پتھروں سے بھی ابرہام کے لئے اولاد پیدا کرنے کے قدرت رکھتا ہے۔ 9 ۹۔ اب درختوں کی جڑ پر کلہاڑا رکھا ہوا ہے۔ پس جو درخت پھل نہیں لاتا وہ کاٹ کر آگ میں ڈالا جائے گا۔‘‘ 10 ۱۰۔ پھر بھیڑ میں سے لوگوں نے اُس سے کہا ’’پھر ہمیں کیا کرنا چاہئے؟‘‘ 11 ۱۱۔ اُس نے اُن کو جواب میں کہا ’’اگر کسی کے پاس دو چوغے ہوں تو اُسے چاہئے کہ وہ ایک اُس کو جس کے پاس نہیں ہے دے اور جس کے پاس کھانا ہے وہ بھی ایسا ہی کرے۔ 12 ۱۲۔ پھر چند محصول لینے والے بھی بپتسمہ لینے کے لئے آئے، اور اُنہوں نے اُس سے کہا، ’’اُستاد، ہمیں کیا کرنا چاہئے؟‘‘ 13 ۱۳۔ ا’س نے اُن سے کہا، ’’جتنا مقرر کیا گیا ہے اُس سے زیادہ پیسے نہ لو۔‘‘ 14 ۱۴۔ کچھ سپاہیوں نے بھی اُس سے پوچھا، ’’اور ہمارے بارے میں کیا حکم ہے؟ ہمیں کیا کرنا ہو گا؟‘‘ اُس نے اُن سے کہا، ’’کسی سے زبردستی پیسے نہ لو، اور کسی پر جھوٹا الزام نہ لگائو۔ اپنی اجرت پر قناعت کرو۔‘‘ 15 ۱۵۔ اُس وقت لوگ بڑی بے تابی سے مسیح کے آنے کے منتظر تھےاور ہر کوئی اپنے دِل میں یہی سوچ رہا تھا کہ ممکن ہے کہ یوحنا ہی مسیح ہے۔ 16 ۱۶۔ یوحنا نے جواب میں اُن سب سے کہا، ’’مَیں تو تم کو پانی سے بپتسمہ دیتا ہوں، لیکن جو میرے بعد آئے گا وہ مجھ سے زیادہ زور آور ہے، اور مَیں اِس قابل بھی نہیں کہ اُس کی جوتیوں کے تسمے بھی کھولوں۔ وہ تمہیں پاک روح اور آگ سے بپتسمہ دے گا۔ 17 ۱۷۔ اُس کا چھاج اُس کے ہاتھ میں ہے تاکہ اپنے کھلیان کو صاف کرے اور گندم کو تو اپنے کھتے میں جمع کرے۔ لیکن بھوسی کو اُس آگ میں جلائے گا جو کبھی بجھنے والی نہیں۔ 18 ۱۸۔ اُس نے بہت سی نصیحتیوں کے ساتھ لوگوں میں خوش خبری کی منادی کی۔ 19 ۱۹۔ یوحنا نے چوتھائی ملک کے حاکم ہیرودیس کی اُن سب برائیوں کے سبب جو وہ کرتا تھا، اور اِس بات پر بھی کہ ا’س نے اپنے بھائی فلپ کی بیوی ہیرودیاس سے شادی کر رکھی تھی، ملامت کی۔ 20 ۲۰۔ ہیرودیس نے ایک اَور برائی کی کہ یوحنا کو قید میں ڈال دیا۔ 21 ۲۱۔ جب سب لوگ بپتسمہ لینے کے لئے آ رہے تھے، تو یسوع نے بھی بپتسمہ لیا۔ جب وہ دعا کر رہا تھا تو آسمان کھُل گیا۔ 22 ۲۲۔ اور پاک روح جسمانی صورت میں کبوتر کی شکل میں نازل ہوئی، اُسی وقت آسمان سے ایک آواز آئی، ’’تو میرا پیارا بیٹا ہےجس سے میں محبت کرتا ہوں ، تجھ سے میں خوش ہوں‘‘۔ 23 ۲۳۔ جب یسوع نے خود تعلیم دینا شروع کیا تو وہ قریباً تیس برس کا تھا۔ (اور جیسا کہ کہا جاتا تھا) وہ یوسف کا بیٹا تھا،۔ 24 ۲۴ ۔اور وہ عیلی کابیٹا تھا اور وہ متات کا بیٹا تھا اور وہ لاوی کا بیٹا تھا اور وہ ملکی کا بیٹا تھا اور وہ ینا کا بیٹا تھا اور وہ یوسف کا بیٹا تھا، 25 ۲۵۔ اور وہ متیاہ کا بیٹا تھا اور وہ عاموس کا بیٹا تھا اور وہ ناحوم کا بیٹا تھا اور وہ اسلیا کا بیٹا تھا اور وہ نوگہ کا بیٹا تھا، 26 ۲۶۔ اور وہ ماعت کا بیٹا تھا اور وہ متیاہ کا بیٹا تھا اور وہ شمی کا بیٹا تھا اور وہ یوسیخ کا بیٹا تھا اور وہ یوداہ کا بیٹا تھا۔ 27 ۲۷۔ اور وہ یوحناہ کا بیٹا تھا اور وہ ریسا کا بیٹا تھا اور وہ زربابل کا بیٹا تھا اور وہ سیالتی ایل کا بیٹا تھا اور وہ نیری کا بیٹا تھا، 28 ۲۸۔ اور وہ ملکی کا بیٹا تھا اور وہ اَدی کا بیٹا تھا اور وہ قوسام کا بیٹا تھا اور وہ المودام کا بیٹا تھا اور وہ عیر کا بیٹا تھا، 29 ۲۹۔ اور وہ یشوع کا بیٹا تھا اور وہ الیضر کا بیٹا تھا اور وہ یوریم کا بیٹا تھا اور وہ متات کا بیٹا تھا اور وہ لاوی کا بیٹا تھا، 30 ۳۰۔ اور وہ شمعون کا بیٹا تھا اور وہ یہوادہ کا بیٹا تھا اور وہ یوسف کا بیٹا تھا اور وہ یونان کا بیٹا تھا اور وہ الیاقیم کا بیٹا تھا، 31 ۳۱۔ اور ملے آہ کا بیٹا تھا اور وہ مِناہ کا بیٹا تھا اور وہ متتاہ کا بیٹا تھا اور وہ ناتن کا بیٹا تھا اور وہ دائود کا بیٹا تھا، 32 ۳۲۔ اور وہ یسی کا بیٹا تھا اور وہ عوبید کا بیٹا تھا اور وہ بوعز کا بیٹا تھا اور وہ سلمون کا بیٹا تھا اور وہ نحسون کا بیٹا تھا، 33 ۳۳۔ اور وہ عمینداب کا بیٹا تھا اوروہ ادمین کا بیٹا تھا اور وہ ارنی کا بیٹا تھا اور وہ حصرون کا بیٹا تھا اور وہ فارص کا بیٹا تھا اور وہ یہوداہ کا بیٹا تھا، 34 ۳۴۔ اور وہ یعقوب کا بیٹا تھا اور وہ اضحاق کا بیٹا تھا اور وہ ابرہام کا بیٹا تھا اور وہ تاراخ کا بیٹا تھا اور وہ نحور کا بیٹا تھا، 35 ۳۵۔ اور وہ سُروج کا بیٹا تھا اور وہ رَعو کا بیٹا تھا اور وہ فلج کا بیٹا تھا اور وہ عِبر کا بیٹا تھا اور وہ سِلح کا بیٹا تھا، 36 ۳۶۔ اور وہ قینان کا بیٹا تھا اور وہ ارفکسد کا بیٹا تھا اور وہ سِم کا بیٹا تھا اور وہ نُوح کا بیٹا تھا اور وہ لمک کا بیٹا تھا، 37 ۳۷۔ اور وہ متوسلح کا بیٹا تھا اور وہ حنوک کا بیٹا تھا اور وہ یارد کا بیٹا تھا اور وہ محلل ایل کا بیٹا تھا اور وہ قینان کا بیٹا تھا، 38 ۳۸۔ اور وہ انوس کا بیٹا تھا اور وہ سیت کا بیٹا تھا اور وہ آدم کا بیٹا تھا اور وہ خدا کا بیٹا تھا۔