1
۔ تین سالہ قحط اَور داؤد کے دِنوں میں پے درپے تین سال قحط پڑا۔ اَور داؤد نے خُداوند کے حضُور سے دریافت کِیا۔ تو خُداوند نے کہا۔ کہ یہ ساؤل اَور اُ س کے خونی گھرانے کے سبب سے ہَے۔ کیونکہ اُس نے جبِعُونیوں کو قتل کِیا۔
2
۔ تب بادشاہ نے جِبعونیوں کو بُلایا۔ اَور اُن سے بات کی اَور جبِعُونی بنی اِسرائیل میں سے نہ تھے۔ بلکہ اَموریوں میں سے باقی ماندہ تھے۔ اَور بنی اِسرائیل نے اُس سے قَسم کھائی ہُوئی تھی۔ پر ساؤل نے بنی اِسرائیل اَور یہوداہ کی غیرت کے لئے اُنہیں قتل کرنا چاہا۔
3
۔ اَور داؤد نے جِبعُونیوں سے کہا۔ مَیں تُمہارے لئے کِیا کرُوں اَور کِس چیز سے کَفّارہ دُوں۔ تاکہ تُم خُداوند کی مِیرَاث کے لئے برکت مانگو۔
4
۔ تو جبِعُونیوں نے اُس سے کہا۔ کہ ساؤل اَور اُس کے گھرانے سے ہمارا چاندی اَور سونے کا جھگڑا نہیں اَور نہ ہم چاہتے ہَیں کہ ہمارے لئے کوئی اِسرائیل میں ماراجائے۔ تو اُس نے اُن سے کہا۔ پِھرتُم کیا کہتے ہو۔ کہ مَیں تُمہارے لئے کرُوں؟
5
۔ تو اُنہوں نے بادشاہ سے کہا۔ کہ وہ آدمی جس نے ہمیں ہلاک کِیا۔ اَور جس نے ہماری بربادی کا منصوبہ باندھا تھا۔ کہ ہم اِسرائیل کی تمام حُدُود میں نہ رہَیں۔
6
۔ تُو اُس کے بیٹوں میں سے سات آدمی ہمارے حوالے کر۔ تاکہ ہم اُنہیں خُداوند کے لئے خُداوند کے پہاڑ پر پھانسی دیں۔ تو بادشاہ نے اُن سے کہا۔ مَیں تُمہیں دُوں گا۔
7
۔ اَوربادشاہ نے مفیبوست بِن یونتن بِن ساؤل پرمہربانی کی۔ خُداوند کی اُس قَسم کی خاطِر جو داؤد اَور یُونتن بِن ساؤل کے درمیان تھی۔
8
۔ اَور داؤد نے اَیّہَ کی بیٹی رِصفہ کے دو بیٹے جو اُس سے ساؤل کے لئے ہُوئے یعنی ارمونی اَور مفیبوست اَور ساؤل کی بیٹی میرب سے پانچ بیٹے جو اُس سے عدری ایل بِن برزلی محولاتی کے لئے ہُوئے۔
9
۔ اَور اُنہیں جِبعُونیوں کے ہاتھوں حوالے کِیا۔ تو اُنہوں نے اُنہیں پہاڑ پر خُداوند کے سامنے پھانسی دِی۔ تو وہ ساتوں ہلاک ہُوئے۔ اَور وہ جَو کی فصل کاٹنے کے شرُوع میں مارے گئے۔
10
۔ تب اَیہَّ کی بیٹی رِصفہَ نے ٹاٹ لِیا۔ اَور فصل کے شرُوع سے اپنے لئے اُسے پتھّر پر بِچھایا۔ جب تک کہ آسمان سے اُن پر پانی نہ پڑا۔ اَور اُس نے دِن کے وقت آسمان کے پرندوں کو اَور رات کے وقت جنگلی درندوں کو اُنہیں پھاڑنے نہ دِیا۔
11
۔ اَور داؤد کو خبر پہنچی۔ کہ ساؤل کی حرم کی بیٹی رِصفہَ نے اِس اِس طرح کِیا۔
12
۔ تب داؤد گیا اَور ساؤل کی ہَڈّیوں کو اَور اُس کے بیٹے یونتن کی ہَڈّیوں کو جِلعادی یبیس کے لوگوں سے لِیا۔ جو اُنہیں بَیت شان کے میدان سے چُرالے گئے تھے۔ جہاںپر اُنہیں فِلستیوں لٹکایا تھا جس روز کہ اُنہوں نے ساؤل کو جلبوعہ میں شِکسَت دی تھی۔
13
۔ سو وہ وہاں سے ساؤل کی ہَڈّیوں کو اَور اُس کے بیٹے یونتن کی ہَڈّیوں کو لے آیا۔ اَور جِنہیں پھانسی دی گئی تھی۔ اُن کی ہَڈّیوں کو جمع کِیا۔
14
۔ اَور اُنہوں نے ساؤل اَور اُس کے بیٹے یونتن کی ہَڈّیوں کو بِنیمِین کی سَرزمین کے ضلع میں اُس کے باپ قِیس کی قبر میں دفن کِیا۔ اَور سب کُچھ جو بادشاہ نے فرمایا اُنہوں نے کِیا۔ اَور بعد اُس کے خُداوند نے اپنا غضب مُلک سے روک لِیا۔
15
۔ بعض رفائیم کا قتل اَور فِلستیوں اَور اِسرائیل کے درمیان پِھر لڑائی ہُوئی۔ اَور داؤداَور اُس کے خادِم گئے۔ اَور فِلستیوں سے لڑے اَور داؤد تھک گیا تھا۔
16
۔ تو دیکھو اشِبی بنوب نے جو رفائیم کی اولاد سے تھا جس کے نیزے کے پَھل کا وزن پِیتل کے تین سَو مِثقال تھا۔ اَور جو ایک نئی تلوار لگائے ہُوئے تھا۔ کوشِش کی کہ داؤد کو قتل کرے۔
17
۔ مگر اِبیشےبِن ضرویاہ نے اُس کی مدد کی اَور فلِستی کو مارا اَور اُسے قتل کِیا۔ تب لوگوں نے داؤد کو قَسم دی اَور کہا کہ تُو لڑائی میں ہمارے ساتھ مت نِکل تاکہ تُو اِسرائیل کا چراغ بُجھا نہ دے۔
18
۔ اِس کے بعد پِھر جوب میں فِلستیوں کے ساتھ دُوسری لڑائی ہُوئی۔ تو اُس وقت حُوشانی سِبکی نے سِفّ کو جو رفائیم کی اولاد میں سے ایک تھا، قتل کِیا۔
19
۔ پِھر جوب میں فِلستیوں کے ساتھ تیسری لڑائی ہُوئی۔ تو الحنان بِن یعِری بیت لحمی نے جاتی جولیت کو قتل کِیا۔ جس کے نیزے کی لکڑی جُلا ہوں کے شہتیر کی مانند تھی۔
20
۔ پِھر جات میں ایک اَور لڑائی ہُوئی اَور وہاں ایک نہایت قد آور آدمی تھا جس کے ہر ہاتھ اَور ہر پاؤں میں چھ چھ اُنگلِیاں سب چوبیس اُنگلِیاں تھیں اَور وہ بھی رفائیم کی اولاد میں سے تھا۔
21
۔ اَور اُس نے اِسرائیل کو ملامت کی۔ تو داؤد کے بھائی سمّعی کے بیٹے یونتن نے اُسے قتل کِیا۔
22
۔ یہ چاروں جات میں رفائیم کی اولاد میں سے تھے۔ اَور داؤد اَور اُس کے خادِموں کے ہاتھوں سے مارے گئے۔