1
۔اخیتفل اَور حُوسی کے مشورات اَور اخیتفل نے ابی سلوم سے کہا۔ مُجھے اِجازت دے کہ مَیں بارہ ہزار آدمی چُن لُوں اَور اُٹھ کر داؤد کے تَعاقُب میں آج ہی کی رات دوڑوں۔
2
۔ اَور اُس پر جا پڑُوں۔ کیونکہ وہ اِس وقت تھکا ہُوا ہَے اَور اُس کے ہاتھ کمزور ہَیں سو مَیں اُسے دہشت دِلاوُں گا۔ اَور سب لوگ جو اُس کے ساتھ ہَیں بھاگ جائیں گے۔ تو مَیں اکیلے بادشاہ کو مار لُوں گا۔
3
۔ اَور سب لوگوں کو تیرے پاس پھیرلاؤں گا جیسے کہ دُلہن اپنے خاوند کے پاس واپس آتی ہَے۔ صِرف ایک شخص تیرا مطلُوب ہَے۔ سو باقی لوگ سلامتی سے رہَیں۔
4
۔ سو یہ بات ابی سلوم اَور اِسرائیل کے تمام بزُرگوں کی نظر میں اچھّی معلُوم ہُوئی۔
5
۔ اَور ابی سلوم نے کہا۔ کہ حُوسی اَر کی کو بھی میرے پاس بُلاؤ۔ تاکہ سُنیں کہ وہ کیا کہتاہَے۔
6
۔ تب حُوسی ابی سلوم کے پاس آیا۔ اَور ابی سلوم نے اُس سے بات کرکے کہا۔ کہ اخیتفل نے ہم سے ایسا ایسا کہا ہَے۔ کیا ہم اُس کے کہنے کے مُطابِق عمل کریں یا نہیں تیری کیا رائے ہَے؟
7
۔ تو حُوسی نے ابی سلوم سے کہا۔ کہ اخیتفل نے جو اِس دفعہ صلاح دی ہَے وہ اچھّی نہیں۔
8
۔ اَور حُوسی نے کہا۔ تُو جانتا ہَے۔ کہ تیرا باپ اَور اُس کے آدمی بڑے بَہادُر ہَیں اَور وہ رنجیدہ دِل ہَیں جیسے کہ بِیابان کی ریچھنی جس کے بچّے گُم ہوگئے ہوں۔ اَور تیرا باپ جنگی مَرد ہَے وہ لوگوں کے ساتھ رات نہیں کاٹے گا۔
9
۔ اَور اِس وقت وہ کِسی گڑھے میں یا کِسی اَور جگہ میں چُھپا ہُوا ہوگا۔ اَور ایسا ہوگا۔ کہ جب اِن میں سے بعض شرُوع میں ہی گِر جائیں تو سُننے والا جو سُنے گا کہے گا۔ کہ اُن لوگوں کو جو ابی سلوم کے پَیرو ہَیں شِکسَت ہُوئی۔
10
۔ اُس وقت بَہادُر آدمی بھی جس کا دِل شیر کے دِل کی مانند ہَے ضرُور پِگھل جائے گا۔ کیونکہ سب اِسرائیل جانتا ہَے تیرا باپ بڑا بَہادُر ہَے اَور وہ جو اُس کے ساتھ ہَیں دلیر آدمی ہَیں۔
11
۔ اِس لئے مَیں تُجھے یہ مشورت دیتا ہُوں۔ کہ تمام اِسرائیل دان سے لے کر بیرسبع تک کثرت میں سمُندر کی ریت کی مانند تیرے پاس جمع ہوجائے۔ اَور تُو بذَاتِ خُود اُن کے درمیان جائے۔
12
۔ تو ہم ہر ایک جگہ میں جہاں کہیں وہ ہو، پُہنچیں گے۔ اَور جس طرح شبنم زمین پر پڑتی ہَے اُس پر جائیں گے۔ تب ہم اُن سب آدمیوں میں سے جو اُس کے ساتھ ہَیں ایک کو بھی باقی نہ چھوڑیں گے۔
13
۔ اَور اگر وہ کِسی شہر کے اندر چلا جائے۔ تو تمام اِسرائیل اُس شہر کے گِرد رسّے ڈالے گا اَور اُسے دریا میں کھینچ کر لائے گا یہاں تک کہ اُس کا ایک سنگریزہ باقی نہ رہے گا۔
14
۔ تب ابی سلوم اَور اِسرائیل کے سب آدمیوں نے کہا۔ کہ بے شک حُوسی اَر کی کی صلاح اخیتفل کی صلاح سے بہتر ہَے۔ کیونکہ خُداوند کی مرضی تھی۔ کہ اخیتفل کی اچھّی صلاح باطِل ہو جائے۔ تاکہ خُداوند ابی سلوم پر آفت نازِل کرے۔
15
۔ پِھر حُوسی نے صدوق اَور اَبیاتر کاہِنوں سے کہا کہ اخیتفل نے ابی سلوم اَور اِسرائیل کے بزُرگوں کو ایسی ایسی صلاح دی اَور مَیں نے یُوں یُوں صلاح دی۔
16
۔ اَب تُم کِسی کو بھیجُو اَور داؤد کو خبر دو اَور کہو۔ کہ وہ آج کی رات دشت کے میدان میں نہ کاٹے۔ لیکن جلدی سے پار چلا جائے۔ تاکہ بادشاہ اَور سب لوگ جو اُس کے ساتھ ہَیں،نِگلے نہ جائیں۔
17
۔ اَور یونتن اَور اَخیمعض عَین راجل کے پاس ٹھہرے ہُوئے تھے۔ تُو اُن کے پاس ایک لڑکی گئی۔ اَور اُنہیں خبر دی۔ سو وہ چل پڑے تاکہ داؤد بادشاہ کو پیغام پُہنچائیں۔ کیونکہ مُناسِب نہ تھا۔ کہ وہ شہر کے اندر دیکھے جائیں۔
18
۔ مگر ایک لڑکے نے اُنہیں دیکھا اَور ابی سلوم کو خبر دی۔ لیکن وہ جلدی سے چل کر بحُوریم میں ایک آدمی کے گھر آئے۔ جس کے صحن میں ایک کُنواں تھا۔ سو وہ اُس کے اندر اُتر گئے۔
19
۔ اَور ایک عورت نے چادَر لی اَور کُنویں کے مُنہ پر بِچھائی۔ اَور اُس پر دَلا ہُوا غلّہ پھیلا دِیا۔ سو بات معلُوم نہ ہُوئی۔
20
۔ جب ابی سلوم کے خادِم اُس گھر میں عورت کے پاس آئے اَور کہا۔ کہ اَخیمَعض اَور یونتن کہاں ہَیں؟ تو اُس نے اُن سے کہا۔ کہ وہ پانی کے نالے کے پار چلے گئے تو اُنہوں نے اُنہیں ڈُھونڈا پر نہ پایا۔ تب وہ یرُوشلیِم کو واپس گئے۔
21
۔ اَور اُن کے چلے جانے کے بعد وہ دونوں کنُویں سے نِکل کر روانہ ہُوئے اَور داؤد بادشاہ کو خبر دی اَور کہا۔ اُٹھو اَور جلدی سے دریا کے پار چلے جاﺅ۔ کیونکہ اخیتفل نے ایسی ایسی صلاح دی ہَے۔
22
۔ تب داؤد اَور سب لوگ جو اُس کے ساتھ تھے، اُٹھے اَور صُبح کی روشنی تک اُن میں سے کوئی نہ تھا جو یردن کے پارنہ ہو گیا ہو۔
23
۔ جب اخیتفل نے دیکھا۔ کہ اُس کی صلاح پرعمل نہیں کِیا گیا۔ اُس نے اپنے گدھے پر زِین کَسی اَور اُٹھا اَور شہر میں اپنے گھر چلا گیا۔ اَور اپنے گھر کا اِنتظام کرکے اپنے آپ کو پھانسی دی اَور مَر گیا۔ اَور اپنے باپ کی قبر میں دفن ہوا ۔
24
۔ لیکن داؤد مَحنَایم میں گیا۔ اَور ابی سلوم اَور اِسرائیل کے تمام آدمی اُس کے ساتھ یردن کے پار گئے۔
25
۔ اَور ابی سلوم نے یوآب کے عِوض عماسا کو لشکر پر مُقرّر کِیا۔ اَور عماسا ایک اِسمعیلی اِترا نامی کا بیٹا تھا۔ جس کی شادی ناحس کی بیٹی یوآب کی ماں ضرویاہ کی بہن اَبیجیل سے ہُوئی تھی۔
26
۔ اَور اِسرائیل اَور ابی سلوم نے جِلعاد کے مُلک میں ڈیرا کِیا۔
27
۔ اَور جب داؤد مَحنَایم میں پُہنچا۔ تُو بنی عمّون کے ربہّ سے سوبی بِن ناحس اَور لودبار سے مکیربِن عمّی ایل اَور راجلیم سے برزلی جِلعادی اُس کے پاس آئے۔
28
۔ اَورپلنگ اَورچارپائیاں اَور مِٹی کے برتن اَور گیہوں اور جَو اَور آٹا اَور بُھنا ہُوا اَناج اَور لوئیے کی پھلیاں َ اَور مُسور اَور بُھنے ہُوئے چَنے۔
29
۔ اَور شہد اَور مکھن اَور بھیڑ۔ گائے کا پنیَر داؤد اَور اُس کے ساتھ کے لوگوں کے کھانے کے لئے لائے۔ کیونکہ اُنہوں نے خیال کِیا۔ کہ لوگ بِیابان میں بُھوک اَور پِیاس سے ماندے ہوگئے ہَیں۔