1
۱۔اور سردِیسؔ کی کلِیسِیاء کے فرِشتے کو یہ لِکھ کہ جِس کے پاس خُدا کی سات رُوحیں اور سات سِتارے ہَیں وہ یہ فرماتا ہَے کہ مَیں تیرے اَعمال کو جانتا ہُوں کہ توکہلاتا تو زِندہ ہَے لیکِن ہَے مُردہ۔
2
۲۔جاگتا رہ اور اُن چِیزوں کو جو باقی ہَیں اور جو مِٹنے کو ہَیں مضبُوط کر کِیُونکہ مَیں نے تیرے اَعمال کو اپنے خُدا کی نَظَر میں کامِل نہیں پایا۔
3
۳۔چُنان٘چِہ یاد کر کہ تُو نے کیاپایا اور سُنا ہَے ۔ اُس پر قائِم رہ اور تَوبہ کر۔اوراگر تُو جاگتا نہ رہا تو مَیں چور کی مانِن٘د تیرے پاس آ جاوُں گا اور تُجھے ہرگِز معلُوم نہ ہو گا کہ کِس لمحے تُجھ پر آ پڑوُں گا۔
4
۴۔البتّہ سردِیسؔ میں تیرے ہاں کُچھ ایسے اَشخاص ہَیں جِنھوں نے اپنی پوشاک آلُودہ نہیں کی۔ وہ سفید پوشاک پہن کر میرے ساتھ سیر کریں گے کِیُونکہ وہ اِس لائِق ہَیں۔
5
۵۔جو غالِب آئے اُسے اِسی طرح سفید پوشاک پہنائی جائے گی اور مَیں اُس کا نام کِتابِ حَیات سے ہرگِز نہ مِٹاوُں گا بلکہ اپنے باپ اور اُس کے فرِشتگان کے رُوبرُو اُس کے نام کا اِقرار کرُوں گا۔
6
۶۔جِس کے کان ہوں وہ سُن لے کہ رُوح کلِیسِیاؤں سے کیا فرماتا ہَے۔
7
۷۔اور فِلدِلفیہؔ کی کلِیسِیاء کے فرِشتے کو یہ لِکھ کہ جو قدُّ وس اور حق ہَے۔ جو داؤدؔ کی کُن٘جی رکھتا ہَے جِس کے کھولے ہُوئے کو کوئی بند نہ کرے گا اور بند کیے ہُوئے کو کوئی نہیں کھولتا۔ وہ یہ فرماتا ہَے کہ
8
۸۔مَیں تیرے اَعمال کو جانتا ہُوں۔ دیکھ! مَیں نے تیرے سامنے ایک دروازہ کھول رکھّا ہَے جِسے کوئی بند نہیں کر سکتا۔ تُو کمزور ہَے تو بھی تُو نےمیرے کلام پر عَمَل کِیا ہَے اور میرے نام کا اِنکار نہیں کِیا۔
9
۹۔دیکھ! مَیں شَیطان کی جماعت میں سے اُنھیں تیرے ہاتھ میں کردُوں گا جو یہُودی کہلاتے ہَیں پر ہَیں نہیں بلکہ جُھوٹ بولتے ہَیں۔ دیکھ! مَیں اُن کے ساتھ ایسا کرُوں گا کہ وہ آ کر تیرے قدموں پر سِجدَہ کریں گے اور جانیں گے کہ مُجھے تُجھ سے مُحَبَّت ہَے۔
10
۱۰۔اِس لیے کہ تُونے میرے صبْر کے کلام پر عَمَل کِیا ہَے، مَیں بھی آزمایش کی اُس گھڑی سے تُجھے بچاؤں گا جو تمام دُنیا پر آنے والی ہَے تاکہ زِمین کے باشِن٘دوں کی آزمایش کرے۔
11
۱۱۔مَیں جلد آنے کو ہُوں ۔ جُو کُچھ تیرے پاس ہَے اُسے تھامے رکھّ ایسا نہ ہو کہ کوئی تیرا تاج چِھین لے۔
12
۱۲۔جو غالِب آئے مَیں اُسے اپنے خُدا کے مَقدِس میں ایک سُتُون بنا دُوں گا اور وہ پِھر کبھی باہِر نہ نِکلے گا اور مَیں اپنے خُدا کا نام اور اپنے خُدا کے شہر یعنی اُس نئے یرُوشلِیمؔ کا نام جو میرے خُدا کے حُضور سے آسمان پر سے اُترتا ہَے اور اپنا نیا نام اُس پر لِکھُوں گا۔
13
۱۳۔جِس کے کان ہوں وہ سُن لے کہ رُوح کلِیسِیاؤں سے کیا فرماتا ہَے۔
14
۱۴۔اور لَودِیکیہؔ کی کلِیسِیاء کے فرِشتے کو یہ لِکھ کہ جو آمِین، سچّا اور وفادار گواہ ہَے اور خُدا کی خِلْقَت کی اِبتدا ہَے وہ یہ فرماتا ہَے
15
۱۵۔مَیں تیرے اَعمال سے واقِف ہُوں کہ تُو نہ سرد ہَے اور نہ گرم۔ کاش! تُو سرد یا گرم ہوتا۔
16
۱۶۔پس چُونکہ تُو نِیم گرم ہَے ، نہ سرد ہَے نہ گرم۔اِس لیے مَیں تُجھے اپنے مُنہ سے نِکال پَھینکنے کو ہُوں۔
17
۱۷۔چُونکہ تیرا کہنا ہَے کہ تُو دَولت مند اور مال دار بن گیا ہَے اور کِسی چِیز کا مُحتاج نہیں پر یہ نہیں جانتا کہ تُو بے کَس اور ناچار اور غرِیب اور اَندھا اور نَن٘گا ہَے۔
18
۱۸۔مَیں تُجھے صلاح دیتا ہُوں کہ تُو مُجھ سے آگ میں تپایا ہُوا سونا خرِید لے تاکہ دَولت مند ہو جائے اور پہننے کو سفید پوشاک لے لے تاکہ تُو ننگے پن کی شرمِندگی نہ اُٹھائے اور آنکھوں میں لگانے کے لیے سُرمہ لے لے تاکہ تُو بِینا ہو جائے۔
19
۱۹۔مَیں جِتنوں سے مُحبَّت رکھتا ہُوں اُن سب کو ملامت اور تَن٘بِیہ کرتا ہُوں۔ اِس لیے سرگرم ہو اور توبہ کر۔
20
۲۰۔دیکھ مَیں دروازہ پر کھڑا ہُوا کھٹکھٹاتا ہُوں۔ اگر کوئی میری آواز سُن کر دروازہ کھولے تو مَیں اُس کے پاس اندر آ کر اُس کے ساتھ کھانا کھاؤں گا اور وہ میرے ساتھ۔
21
۲۱۔جو غالِب آئے مَیں اُسے اپنے ساتھ اپنے تَخْت پر بِٹھاؤُں گا ۔ اِس لیے کہ مَیں بھی غالِب آیا اور اپنے باپ کے ساتھ اُس کے تَخْت پر بیٹھ گیا۔
22
۲۲۔جِس کے کان ہوں وہ سُن لے کہ رُوح کلِیسِیاؤں سے کیا فرماتا ہَے۔