1
۱۔اِن واقِعَات کے بعد مَیں نے آسمان پر گویا بڑے ہُجُوم کو بُلند آواز میں یہ کہتے سُنا کہ ہلّلُویاہ! نجات اور جلال اور قُدرت ہمارے خُدا ہی کی ہَے۔
2
۲۔کیونکہ اُس کی عدالتیں برَحَق اور راست ہَیں۔ اِس لیے کہ اُس نے بڑی کسبی کی عدالت کی ہَے جِس نے اپنی حرام کاری سے زمِین کو خراب کر دِیا۔ اُس نے اپنے بندوں کے خُون کا بدلہ اُس سے لے لِیا ہَے۔
3
۳۔پِھر دُوسری بار اُنھوں نے کہاکہ ہلّلُویاہ! اُس کا دُھواں اَبدُالآباد تک اُٹھتا رہے گا۔
4
۴۔اور وہ چَوبِیسوں بزُرگان اور وہ چاروں جاندار گِرے اور خُدا کو جو تَخْت نشِین ہَے سِجدَہ کر کے کہا، ’’آمِین۔ ہلّلُویاہ!‘‘
5
۵۔اور تَخْت میں سے آواز آئی کہ تُم سب جو اُس کے بندے اور وہ جو اُس سے ڈرتے ہو، خواہ چھوٹے! خواہ بڑے! ہمارے خُدا کی حَمْد کرو۔
6
۶۔اور مَیں نے ایک بڑے ہُجُوم کی سی آواز اور بُہت سی ندِیوں کے پانی کی سی آواز اور بڑی گرجوں کی سی آواز سُنی کہ ہلّلُویاہ! کیونکہ خُداوَند ہمارا خُدائے قادِر بادشاہی کرتا ہَے۔
7
۷۔ آؤ ہم خُوشی منائیں اور شادمانی کے ساتھ اُس کی تمجِید کریں۔ اِس لیے کہ برّہ کی شادی آ پَہُن٘چی اور اُس کی دُلہن نے اپنے آپ کو آراستہ کر لِیا ہَے۔
8
۸۔ اور اُسے یہ اِختِیار دِیا گیا کہ چمک دار اور صاف مہِین کِتانی کپڑا پہنے کیونکہ مہِین کَتانی کپڑا مُقَدّسِین کی صداقت کے اَعمال ہَیں۔
9
۹۔اور اُس نے مُجھ سے کہا کہ لِکھ مُبارَک ہَیں وہ جو برّہ کی شادی کی ضِیافت میں بُلائے گَئے ہَیں۔ پِھر اُس نے مُجھ سے کہا کہ یہ خُدا کی سچّی باتیں ہَیں۔
10
۱۰۔ اور مَیں اُسے سِجدَہ کرنے کے لیے اُس کے پاؤں پر گِرا اور اُس نے مُجھ سے کہا کہ خَبَردار! ایسا نہ کر کیونکہ مَیں تیرا اور تیرے اُن بھائِیوں کا ہم خِدمت ہُوں جِن کے پاس یِسُوعؔ کی گَواہی ہَے۔ خُدا کو سِجدَہ کر کیونکہ یِسُوعؔ کی گَواہی نبُوّ ت کی رُوح ہَے۔
11
۱۱۔پِھر مَیں نے آسمان کو کُھلا ہُوا دیکھا اور کیا دیکھتا ہُوں کہ ایک سفید گھوڑا ہَے اور اُس پر ایک سوار ہَے جو معتَبَر اور برحق کہلاتا ہَے اور وہ صداقت سے عدالت کرتا اور لڑتا ہَے۔
12
۱۲۔اور اُس کی آنکھیں آگ کے شُعلہِ آتِش کی سی ہَیں اور اُس کے سر پر مُتَعَدِّد تاج ہَیں اور اُس کا ایک نام لِکھا ہُوا ہَے جِسے اُس کے سِوا اَور کوئی نہیں جانتا۔
13
۱۳۔اور وہ خُون سے رَن٘گا ہُوا لِباس زیب تن کیے ہُوئے ہَے اور اُس کا نام کلامِ خُدا ہَے۔
14
۱۴۔اور آسمانی اَفواج مہِین کَتانی سفید اور خالص لِباس زیب تن کیے ہُوئے سفید گھوڑوں پر سوار ہو کر اُس کے پیچھے پیچھے چل رہی تھیں۔
15
۱۵۔اور اَقوام کے مارنے کے لیے اُس کے مُنہ سے ایک تیز تلوار نِکلتی ہَے اور وہ لوہے کے عصا سے اُن پر حُکومت کرے گا اور وہ قادِرِ مُطْلَق خُدا کے سَخْت غَضَب کی مَے کے کولُھو میں رَوندے گا۔
16
۱۶۔اور اُس کے لِباس اور ران پر یہ لِکھا ہَے، ’’بادشاہوں کا بادشاہ اور خُداوَندوں کا خُداوَند۔‘‘
17
۱۷۔پِھر مَیں نے ایک فرِشتہ سُورج میں کھڑا دیکھا اور اُس نے تمام پرِندوں کو جو آسمان کے بِیچوں بِیچ اُڑتے ہَیں یہ کہہ کر بُلند آواز سے پُکارا کہ آؤ اور خُدا کی بڑی ضِیافت کے لیے جمع ہو جاؤ۔
18
۱۸۔تاکہ تُم بادشاہوں، سِپّہ سالاروں، زور آوروں، گھوڑوں اور اُن کے سواروں اور سب آدمِیوں کا گوشت کھاؤ خواہ وہ آزاد ہوں خواہ غُلام خواہ چھوٹے ہوں خواہ بڑے۔
19
۱۹۔ پِھر مَیں نے اُس حَیوان اور زمِین کے بادشاہوں اور اُن کی اَفواج کو اُس گھوڑے کے سَوار اور اُس کی فوج سے جَن٘گ کرنے کے لیے اِکٹّھے ہوتے ہُوئے دیکھا۔
20
۲۰۔اور وہ حَیوان پکڑا گیا اور اُس کے ساتھ ہی وہ جُھوٹا نبی بھی جِس نے اُس کے سامنے وہ کرشمے دِکھائے تھے جِن سے اُس نے حَیوان کی چھاپ لینے والوں اور اُس کی مُورت کی پرستِش کرنے والوں کو گُمراہ کر دِیا تھا۔ وہ دونوں اُس آگ کی جِھیل میں زِندہ ڈالے گَئے جو گندھک سے جَلتی ہَے۔
21
۲۱۔اور جو باقی تھے وہ گھوڑے کے سَوار کی اُس تلوار سے قتْل کیے گَئے جو اُس کے مُنہ سے نِکلتی تھی اور سب پرِندے اُن کے گوشت سے سیر ہو گَئے۔