باب۶

1 ۱۔۔نذرات کی شریعت اور خُداوند نے موسیٰ سے کلا م کر کے فرمایا۔ 2 ۲۔۔ بنی اِسرائیل سے سے خطاب کر اور اُن سے کہہ ۔ جب کوئی مرد یا عورت نذیر کی منّت مانے کہ اپنے آپ کو خُداوند کے لئے نَذیر ٹھہرائے ۔ 3 ۳۔۔ تو وہ شراب اور نشے دار چیز سے پرہیز کرے اور شراب کا سرِکہ یا نشہ دار سرِکہ نہ پئیے۔اور انگور کا کوئی رس نہ پیئے اور نہ تازہ اور نہ سُوکھے انگور کھائے۔ 4 ۴۔۔ اور اپنی نَذرات کے تمام ایام میں کوئی چیز جو تاکِستان سے نکلتی ہے کشمش سے لے کر چھلکے تک نہ کھائے ۔ 5 ۵۔۔ اور اُس کے نَذرات کی منّت کے تمام ایام میں اُس کے سر پر اُسترہ نہ پھیرا جائے ۔ جب تک کہ وہ ایام جن میں وہ خُداوند کے لئے نَذیر ٹھہرایا گیا ہے ۔ ختم نہ ہوجائیں۔ وہ مقُدس رہے وہ اپنے سر کی بالوں کی لٹوں کو بڑھنے دے۔ 6 ۶۔۔ اور خُداوند کے لئے نَذیر ہونے کے تما م ایام میں وہ مرُدہ کی لاش کے نزدِیک نہ جائے۔ 7 ۷۔۔ وہ اپنے باپ اور اپنی ماں اور اپنے بھائی اوراپنی بہن کی موت پر اپنے آپ کو ناپاک نہ کرے۔ کیونکہ اُس کے خُدا کی نَذرات اُس کے سر پر ہے۔ 8 ۸۔۔ وہ اپنی نَذرات کے تمام ایام میں خُداوند کے لئے مخصُوص ہے۔ 9 ۹۔۔ اگر کوئی شخص اُس کے نزدِیک ناگہانی مر جائے ۔ اور اُس کی نَذرا ت کے سر کو ناپاک کرے۔ تو وہ اپنے پاک ہونے کے اُسی دِن اپنا سر منُڈائےاور پھر ساتویں دِن میں اُسے منُڈائے۔ 10 ۱۰۔۔ اور آٹھویں روز دو فاختائیں یا کبُوتر کے دو بچے خیمہ اجتماع کے دروازہ پر کاہِن کے پاس لائے ۔ 11 ۱۱۔۔تو کاہِن اُن میں سے ایک کو خطا کی قُربانی اور دُوسرے کو سوختنی قُربانی گزُرانے او راُس کے لئے اُس خطا کا جو مرُدہ کے سبب ہُوئی کفّارہ دے اور اُس کے سر کو اُسی دِن مقُدس کرے۔ 12 ۱۲۔۔ تب وہ اپنی نَذرات کے ایام کو خُداوند نے لئے نَذر مانے ۔ اور تقصیر کی قُربانی کے لئے ایک یک سالہ نر بّرہ لائے ۔ اور اُس کے پہلے ایام شُمار نہ ہوں گے۔ کیونکہ اُس کی نَذرات ناپاک ہوگئی تھی۔ 13 ۱۳۔۔اور یہ نَذیر کی شریعت ہے۔ جب اُس کی نَذرات کے ایام ختم ہوجائیں تو وہ خیمہ اجتماع کے دروازہ پر لایا جائے۔ 14 ۱۴۔۔اور وہ خُداوند کے لئے اپنی قُربانی گزُرانے۔ سوختنی قُربانی کے لئے ایک بےعیب یک سالہ نربّرہ اورخطا کی قربانی کے لئے ایک بے عیب یک سالہ مادہ برہ اور سلامتی کی قُربانی کے لئے ایک بے عیب مینڈھا۔ 15 ۱۵۔۔اور میدے کی فطیری روٹیوں اور تیل سے ملے ہُوئے فطیری کلچوں اور تیل سے چُپڑی ہُوئی چپاتیوں کی ایک چنگیر اور نَذر کی قُربانی اور تپاوَن۔ 16 ۱۶۔۔تب کاہِن اُنہیں خُداوند کے سامنے لائے اور اُس کی خطا کی قُربانی اور اُس کی سوختنی قُربانی گزُرانے۔ 17 ۱۷۔۔اور مینڈھے کو مع فطیری روٹیوں کی چنگیر کے خُداوند کے لئے سلامتی کی قُربانی گزُرانے۔ تب کاہن اُس کی نذر کی قربانی اور اُس کا تپاون گزرانے۔ 18 ۱۸۔۔پھر نَذیر خیمہ اجتماع کے دروازہ کے پاس اپنی نَذرات کا سر منُڈائےاور اپنی نَذرات کے سر کے بالوں کو سلامتی کے ذبیحے کے نیچے کی آگ میں ڈال دے۔ 19 ۱۹۔۔ اور کاہِن مینڈھے کا پکایا ہُؤا شانہ اور چنگیر میں سے ایک فطیری کلچہ اور ایک فطیری چپاتی لے۔ اور اُنہیں نَذیر کے ہاتھوں پر اُس کی نَذرات کے بال منُڈانے کے بعد رکھے ۔ 20 ۲۰۔۔ اور کاہِن اُنہیں ہِلانے کی قُربانی کے لئے خُداوند کے آگے ہِلائے یہ کاہِن کے لئے مع ہِلانے کے سینے اور اُٹھانے کے شانہ کے پاک ہو۔اِس کے بعد نَذیر مے پی سکتا ہے۔ 21 ۲۱۔۔جوکوئی نذیر کی منت مانے۔ اُس کی اور اُس کی نذرات کے لئے خداوند کے حضور اُس کی قربانی کی ۔ ماسوا اِس کے جس نذر کی اُسے اپنی منت کے موافق توفیق ہے۔ یہ شریعت ہے ایسے ہی وہ اپنی نذرات کی شریعت کے مطابق عمل کرے۔ 22 ۲۲۔ اور خداوند نے موسیٰ سے کلام کرکے فرمایا۔ 23 ۲۳۔۔ کہ ہارون اور اُس کے بیٹوں سے مخُاطب ہو اور اُن سے کہہ کہ تم بنی اِسرائیل کو اِس طرح سے برکت دو اور اُن سے کہو۔ 24 ۲۴۔۔ خُداند تجھے برکت دے اور تیری حِفاظت کرے۔ 25 ۲۵۔۔ خُداوند تجھ پر اپنے چہرہ کا نُور چمکائے اور تجھ پر رحم فرمائے۔ 26 ۲۶۔۔اور اپنا چہرہ تیری طرف متوجہ کرےاور تجھے سلامتی بخشے۔ 27 ۲۷۔۔اور وہ میرا نام بنی اِسرائیل پر پُکاریں اور میَں اُنہیں برکت دُوں گا۔