باب ۱

1 ۱۔یَہُوداؔہ کی جانِب سے جو یسُوعؔ مسِیح کا بندہ اور یعقُوبؔ کا بھائی ہَےاُن بُلائے ہُوؤں کے نام جو خُدا باپ میں عزِیز اور یسُوع مسِیح کے لیے محفُوظ ہَیں۔ ‫ 2 ۲۔ تُمھارے لیے رَحم، اِطمِینان اور مُحَبَّت میں اِضافہ جاری رہَے۔ ‬‬ 3 ۳۔اَے عزِیزو! جب مَیں تُمھیں اُس نَجات کے مُتَعَلِّق تحرِیرکرنے میں بھَرپُور کوشِش کر رہا تھا جِس میں ہم سب شرِیک ہَیں تو مَیں نے تُمھیں یہ نصِیحت کرنا ضرُوری سمجھا کہ تُم اُس اِیمان کے لیے جان٘فشانی کرو جو ایک ہی بار قَطْعِی طور پر مُقدّسِین کو سون٘پ دِیا گیا ۔ 4 ۴۔کیونکہ ہم میں کَئی ایسے اَشخاص چُپکے سے شامِل ہو گَئے ہَیں جِنھیں زمانہِ قدِیم میں پہلے ہی مُجرِم ٹھہرا دِیا گیا تھا۔اُن کے مُتَعَلِّق لِکھا ہَے۔ وہ بے دِین ہَیں اور ہمارے خُدا کے فَضْل کو شَہْوَت سے بدل ڈالتے ہَیں اور ہمارے واحِد مالِک اور خُداوَند یسُوعؔ مسِیح کا اِنکار کرتے ہَیں۔ ‬‬ 5 ۵۔اگرچہ تُم پہلےہی سے پُورے طور پر آگاہ ہو تو بھی مَیں تُمھیں یاددِہانی کروانا چاہتا ہُوں کہ خُداوَند ایک قوم کو سرزمِینِ مِصؔر سے بچا کر لے آیا۔ مگر بعدمیں اِیمان نہ لانے والوں کو ہلاک کر ڈالا۔ 6 ۶۔اور جِن فرِشتگان نے اپنے اِختِیار کو قائِم نہ رکھّا بلکہ اپنے خاص رہائشی مقام کو چھوڑ دِیا تو اُس نے اُنھیں ابدی زنجِیروں میں تارِیکی کے اندر روزِ عظِیم کی عدالت تک باندھ رکھّا ہَے۔ 7 ۷۔ اِسی طرح سدُوؔم اور عمُورہؔ اور اُن کے گِردونواح کے شہر جو اُن کی طرح جِنسی بَداِخلاقی کا شِکار ہوکر غیر فِطری صُحبت کی طرف راغِب ہو گَئے نتِیجتاً اَبدی آگ کی سزا میں بُبتلا ہو کر نشانِ عِبرت ٹھہرے ہَیں۔ 8 ۸۔ اِسی طرح یہ لوگ بھی توہمات میں مُبتلا ہو کر اُن کی طرح جِسْم کو ناپاک کرتے، حُکُومَت کو ناچِیز جانتے اور عِزّت داروں پر لَعْن طَعْن کرتے ہَیں۔ 9 ۹۔لیکِن مُقَرَّب فَرِشْتَہ میکائیلؔ کے رَوَیّہ پر غور کرو جو اِبْلِیس سے جھگڑتے وقت مُوسیٰؔ کی لاش کے مُتَعَلِّق بحث و مُباحَثہ کررہا تھا مگر اُس نے اِبْلِیس پر لَعْن طَعْن کرنے کا فَیصْلَہ کرنے کی جُرأت نہ کی بلکہ صِرف اِتنا کہا کہ خُدا ہی تُجھے مَلامَت کرے۔ 10 ۱۰۔لیکِن یہ ہر اُس بات پر لَعْن طَعْن کرتے ہَیں جو اُن کی سَمجھ سے بالاتر ہَے۔ جو باتیں وہ فِطری طور پر نا سمجھ جانوروں کی طرح سَمجھتے ہَیں وُہی اُنھیں تباہ کرتی ہَیں۔ 11 ۱۱۔اُن پر اَفسوس جِنھوں نے قائِنؔ کی پیروی کی اور مُنافع کے لیے بڑی حِرْص سے بِلعاؔم کی سی گُمراہی اِخْتِیار کی اور قورحؔ کی طرح بغاوت کر کے ہلاک ہُوئے۔ 12 ۱۲۔یہ تُمھاری رفاقتی ضِیافتوں میں تُمھارے ساتھ کھاتے پِیتے وقت دریا کی خطرناک چٹانوں کی مانِن٘د ہیں۔ یہ گَلّہ بان محض اپنا پیٹ بھرنے والے ہَیں۔ یہ بے پانی کے بادِل ہَیں جو ہَواؤں کے بَل پر اُڑتے پِھرتے ہَیں۔ یہ خِزاں کے بے پَھل دَرَخْت ہَیں جو دونوں طرح سے مُردہ اور جَڑ سے اُکھڑے ہُوئے ہَیں۔ 13 ۱۳۔یہ سَمُنْدَر کی پُرجوش مَوجیں ہَیں جو اپنی بے شرمی کے جھاگ اُچھالتی رہتی ہَیں۔ یہ وہ آوارہ سِتارے ہَیں جِن کے لیے مُکمل تارِیکی اَبد تک رکھی گَئی ہَے۔‬‬ 14 ۱۴۔اِن کے تَعَلُّق سے حنُوکؔ نے بھی جو آدمؔ کی ساتوِیں پُشت میں سے تھا یہ پیش گوئی کی تھی کہ دیکھو خُداوَند اپنے لاکھوں مُقدّسِین کے ساتھ آیا۔ 15 ۱۵۔تاکہ سب آدمِیوں کی عدالت کرے اور سب بے دِینوں کو اُن کی بے دِینی کے اُن سب کاموں کےمُطابِق جو اُنھوں نے بے دِینی سے کیے ہَیں اور اُن سب سَخْت باتوں کے سبب سے جو بے دِین گُنہگاروں نے اُس کی مُخالِفت میں کَہی ہَیں مُجرم ٹھہرائے۔ 16 ۱۶۔یہ بُڑبُڑانے اور شِکایت کرنے والے ہَیں اور اپنی خواہِشات کے مُطابِق زِندگی گُزارتے ہَیں اور اپنے مُنہ سے بڑے بول بولتے ہَیں اور نَفع کے لیے دُوسروں کی خُوشامَد کرتے ہَیں۔ 17 ۱۷۔لیکِن اَے پیارو! تُم اُن باتوں کو یاد رکھّو جو ہمارے خُداوَند یسُوعؔ مسِیح کے رُسُل پہلے کہہ چُکے ہَیں۔ 18 ۱۸۔وُہ تُم سے کہا کرتے تھے کہ آخری زمانہ میں اَیسے ٹَھٹّھا باز ہوں گے جو اپنی بے دِینی کی خواہِشات کےمُوَافِق زِندگی گُزاریں گے۔ 19 ۱۹۔یہ وہ اَشخاص ہَیں جو تفِرقوں کا باعِث ہَیں وُہ نَفْسانی ہَیں اور اُن میں رُوحُ القُدس نہیں ہَے۔ 20 ۲۰۔مگر اَے عزِیزو! تُم خُود کو اپنے پاک ترِین اِیمان میں تعمِیر کر کے، رُوحُ القُدس میں دُعا کر کے، 21 ۲۱۔خُود کو خُدا کی مُحَبَّت میں قائِم رَکھّو اور اَبدی زِندگی کے لیے ہمارے خُداوَند یسُوعؔ مسِیح کی رَحْمَت کے مُنتَظِر رہو۔ 22 ۲۲۔جو شک میں مُبتلا ہَیں اُن پر رَحم کرو۔ 23 ۲۳۔بَعض کو آگ میں سےجِھپٹتے ہُوئے بچاؤ، بَعض پر خَوف کھا کر رَحم کرو اور اُس پوشاک سے بھی نَفرَت کرو جِسے جِسْم نے داغ دار کر دِیا ہو۔ 24 ۲۴۔اَب جو تُمھیں ٹھوکر لگنے سے محفُوظ رکھ سکتا ہَے اور اپنی پُرجلال حضُوری میں بڑی خُوشی کے ساتھ بے عَیب بنا کر پیش کر سکتا ہے، 25 ۲۵۔اُس خُدائے واحِد کا جو ہمارا مُنّجی ہَے، جلال اور عَظْمَت اور سلْطنَت اور اِختِیار ہمارے خُداوَند یسُوعؔ مسِیح کے وسِیلے سے جیسا اَزَل سے ہَے ،اَب بھی ہو اور اَبدُالآباد رہے۔ آمِین۔