1
۱۔ پَولُسؔ، سِلوانُسؔ اور تِیمُتھِیُسؔ کی طرف سے، تھِسّلُنیکیوں کی کَلِیسِیا کے نام جو ہمارے خُدا باپ اور خُداوَند یِسُوعؔ مسِیح میں ہے۔
2
۲۔ فضْل اور اِطمِینان ہمارے خُدا باپ اور خُداوَند یِسُوعؔ مسِیح کی طرف سے تُمھیں حاصِل ہوتا رہَے۔
3
۳۔اَے بھائِیو! تُمھاری بابَت خُدا کا ہر وقت شُکر کرنا ہم پر فرض ہَے اور ایسا کرنا مُناسب بھی ہَے کیوں کہ تُمھارا اِیمان مُسلسل بڑھتا جاتا ہَے اور تُم میں سے ہر ایک کی مُحَبَّت آپس میں ایک دُوسرے کے لیے اَور بھی بڑھتی جاتی ہَے۔
4
۴۔اِسی لیے ہم خُود بھی خُدا کی کَلِیسِیاؤں میں تُمھارے صبْر اور اُس اِیمان کی بابَت تُم پر فَخْر کرتے ہَیں جو تُمھاری اَذِیّتوں اور اُن مُصِیبَتوں میں ظاہِر ہوتا ہَے جو تُمھیں برداشت کرنا پڑتی ہَیں۔
5
۵۔یہ خُدا کی راست عدالت کا ایک واضع نِشان ہَے تاکہ تُم خُدا کی بادشاہی کے لائِق ٹھہرو، جِس کے لیے تُم دُکھ بھی اُٹھاتے ہو۔
6
۶۔کیونکہ فی الحَقِیقَت خُدا کے نزدیک یہ راست ہَے کہ تُم پر مُصِیبت لانے والوں کو بدلے میں مُصِیبت دے۔
7
۷۔ اور تُم مُصِیبت اُٹھانے والوں کو ہمارے ساتھ آرام دے، جب خُداوَند یِسُوعؔ اپنے قَوی فرِشتوں کے ساتھ آسمان سے ظاہِر ہو گا۔
8
۸۔ اور بھڑکتی ہُوئی آگ میں، اُن سے بدلہ لے گا جو خُدا کو نہیں پہچانتے اور ہمارے خُداوَند یِسُوعؔ کی خُوش خبری کو نہیں مانتے۔
9
۹۔ اور وہ خُداوَند کی حُضوری اور اُس کی قُدرت کے جَلال سے دُور ہو کر اَبَدی ہلاکت کی سَزا پائیں گے۔
10
۱۰۔یہ اُس دِن ہوگا جب وہ مُقَدَّسوں میں جَلال پانے اور سب اِیمان لانے والوں کے درمیان باعثِ تَعجُّب ہونے کے لیے آئے گا کیونکہ تُم ہماری گواہی پر اِیمان لائے۔
11
۱۱۔ اِس واسطے ہم تُمھارے لیے ہر وقت دُعا بھی کرتے رہتے ہَیں کہ ہمارا خُدا تُمھیں اِس بُلاوے کے لائِق جانے اور نیکی کی ہر ایک خواہِش اور اِیمان کے ہر ایک کام کو قُدرت سے پُورا کرے۔
12
۱۲۔تا کہ ہمارے خُدا اور خُداوَند یِسُوعؔ مسِیح کے فضْل کے مُوافِق ، ہمارے خُداوَند یِسُوعؔ مسِیح کا نام تُم میں جلال پائے اورتُم اُس میں۔