باب

1 اَور قبائل کے نام یہی ہیں ۔اِنتہائی شِمال پر حِتّلو ؔن کے رستے کے ساتھ حما تؔ کے مَدخِل سے ہوتے ہوئے حصر عیناؔن تک ( جس کے شِمال میں دِمِشقؔ اَور حماتؔ کے علاقے ہیں) مشرق سے مغرب تک دانؔ کے لئے ایک حِصّہ۔ 2 اَور داؔن کے علاقے کے پاس مشرق سے مغرب تک آشر کے لئے ایک حِصّہ۔ 3 اَور آشؔر کے علاقے کے پاس مشرق سے مغرب تک نفتاؔلی کے لئے حِصّہ۔ 4 اَور نفتاؔلی کے علاقے کے پاس مشرق سے مغرب تک مَنسّؔی لئے ایک حِصّہ۔ 5 مَنسّؔی کے علاقے کے پاس مشرؔق سے مغرب تک اِفراؔئیم کے لئے ایک حِصّہ۔ 6 اَور اِفراؔئیم کے علاقے کے پاس مشرق سے مغرب تک روبؔن کے لئے ایک حِصّہ۔ 7 اَور روبؔن کے علاقے کے پاس مشرق سے مغرب تک یہُودؔاہ کے لئے ایک حِصّہ۔ 8 اَور یہُودؔاہ کے علاقے کے پاس مشرق سے مغرب تک ہدیہ کا وہ حِصّہ ہو گا جو تُم وقف کرو گے۔اُس کی چوڑائی پچیس ہزار اَورلمبائی مشرق سے مغرب تک باقی حِصّوں میں سے ایک کے برابر ہو گی۔ اَور مَقدِس اُس کے وسط میں ہو گا۔ 9 اَور نذر کا وہ حصہ جو تُم خُداوند کے لئے وقف کرو گے۔پچیس ہزار لمبا اَور بِیس ہزار چوڑا ہو گا۔ 10 اُس میں کاہِنوں کے لئے مقدّس نذرکا حِصّہ ہو گا۔ شِمالاً پچیس ہزار لمبا۔غرباً دس ہزار چوڑا۔شرقاً دس ہزار چوڑا۔ اَور جنُوباً پچیس ہزار لمبا۔ اَور خُداوند کا مَقدِس اُس کے وسط میں ہو گا۔ 11 اَور یہ بنی صدُوقؔ میں سے سے اُن مخصُوص شُدہ کاہِنوں کے لئے ہو گا۔جو میری خدمت میں قائم رہے اَور لاویوں کی طرح بنی اسرؔائیل کی برگشتگی کے وقت گمُراہ نہ ہُوئے۔ 12 اَور مُلک کی نذر میں سے لاویوں کے علاقے سے مُلحق یہ اُن کے لئے ہدیہ کا حِصّہ ہو گا جو نہایت مُقدّس ٹھہرے گا۔ 13 اَور کاہِنوں کے علاقے سے مُتصّل لاویوں کا حِصْہ ہو گا لمبائی میں پچیس ہزار اَور چوڑائی میں دس ہزار۔کُل لمبائی پچیس ہزار اَور چوڑائی بیس ہزار ہو گی۔ 14 اَور وہ اُس میں سے کُچھ نہ بیچیں گے اَور نہ تبدیل کریں گے۔اَور زمین کے پہلے پھل اِنتقال نہیں کِئے جائیں گے۔کیونکہ وہ خُداوند کے لئے مخصُوص ہیں۔ 15 اَور باقی پانچ ہزار چوڑا ئی کاجو پچیس ہزارلمبائی میں سے رہا۔وہ انواح شہر اَور مقابل بستی کے لئے عام جگہ ہو گا اَور شہر اُس کے وسط میں ہو گا۔ 16 اَور اُس کے ناپ میں شِمال کی طرف چار ہزار پانچ سَو اَور جنُوب کی طرف چار ہزار پانچ سَو۔مشرق کی طرف چار ہزار پانچ سَو اَورمغرب کی طرف چار ہزار پانچ سَو۔ 17 اَور شہر کی نواحی شِمال کی طرف دو سَو پچاس اَور جنُوب کی طرف دو سو پچاس اَور مشرق کی طرف دو سَو پچاس اَور مغرب کی طرف دَو سو پچاس ہو گی۔ 18 اَور لمبائی میں سے باقی جو مُقدّس ہدیہ کے حِصّے کے مُقابل ہے یعنی دس ہزار مشرق کی طرف اَور دَس ہزارمغرب کی طرف۔اُس کا پَھل شہر کے باشِندوں کی خُوراک ہو گا۔ 19 اَور شہر کے باشِندے جو اُس میں رہیں گے اِسرؔائیل کے تمام قبائل میں سے ہوں گے۔ 20 نذر کا پُورا حصّہ پچیس ہزار لمبا اَور پچیس ہزار چوڑا مُربّع ہو گا۔ تُم اُسے مُقدّس ہدیہ اَور شہر کی مِلکیّت کے طور پر وقف کرو گے۔ 21 جو باقی رہا وہ فرمانروا کا ہو گا۔اَور مُقدّس نذر کے حِصّے اَور شہر کی مِلکیّت کی دونوں طرف نذر کے حِصّے کے پچیس ہزار کے مُقابِل مشرق کی طرف اَور پچیس ہزار مغرب کی طرف کا وہ علاقہ جو قبائل کے علاقوں سے جڑاہے وہ فرمانروا کا ہو گا۔ 22 جس علاقے کی ایک طرف لاویوں اَور شہر کی مَلکیّتیں ہیں(جو فرمانروا کے علاقے کے درمیان ہے) اَور دوسری طرف یہُودؔاہ اَور بِنیمِیؔن کے علاقے ہیں ۔وہ فرمانروا کا ہو گا۔ 23 اَب باقی قبائل کی بابت۔ مشرق سے مغرب تک بِنیمِیؔن کے لئے ایک حِصّہ۔ 24 اَور بِنیمیؔن کے علاقے کے پاس مشرق سے مغرب تک شمعُونؔ کے لئے ایک حِصّہ۔ 25 اَور شمعُونؔ کے علاقے کے پاس مشرق سے مغرب تک اشکار کے لئے ایک حِصّہ۔ 26 اَور اشکار کے علاقے کے پاس مشرق سے مغرب تک زبُولُو نؔ کے لئے ایک حِصّہ۔ 27 اَور زبوُلُونؔ کے علاقے کے پاس مشرق سے مغرب تک جد کے لئے ایک حِصّہ۔ 28 اَور جنوب کی طرف جنُوبی سَرحد جد کے علاقے سے مُلحق ہے۔یہ تمؔر سے لے کر مریبوت قادس کے چشمے تک اَور مِصؔر کی وادی سے ہوتی ہُوئی بُحیرہ اعظمؔ تک ہے۔ 29 یہ وہ سَر زمین ہے جِسے تُم اِسرؔائیل کے قبائل کے لئے مِیرَاث کے طور پر بانٹ لو گے اَور یہ اُن کے حِصّے ہیں۔(مالِک خُداوند کا فرمان یُونہی ہے)۔ 30 اَور شہر کے مُخارِج یہ ہیں۔شِمال کی طرف پیمائش ساڑھے چار ہزار۔ 31 (شہر کے پھاٹک اِسرؔائیل کے قبائل سے نامزد ہوں گے) تین پھاٹک شِمال کی طرف یعنی روبؔن کا پھاٹک اَور یہُودؔاہ کا پھاٹک اَور لاوؔی کا پھاٹک۔ 32 اَور مشرق کی طرف کی پیمائش ساڑھے چار ہزاراَور تین پھاٹک۔ یعنی یُوسؔف کا پھاٹک اَور بِنیمِیؔن کا پھاٹک اَور دَاؔن کا پھاٹک۔ 33 اَور جنُوب کی طرف کی پیمائش ساڑھے چار ہزار اَور تین پھاٹک۔ یعنی شمعُون کا پھاٹک اَوراشکار کا پھاٹک اَور زبُولُون کا پھاٹک۔ 34 اَور مغرب کی طرف کی پیمائش ساڑھے ہزاراَور تین پھاٹک۔ یعنی جد کا پھاٹک اَور آشر کا پھاٹک اَور نفتاؔلی کا پھاٹک۔ 35 اَور اُس کا کُل مُحیط اَٹھارہ ہزار۔ اَور اُسی دِن سے شہر کا نام یہ ہو گاکہ " خُداوند وہاں ہے"۔