باب

1 عبادت جدید پِھر وہ مُجھے پھاٹک پر لے آیا۔یعنی اُس پھاٹک پر جِس کا رُخ مشرق کی راہ کی طرف ہَے۔ 2 اَور کیا دیکھتا ہُوں کہ اِسرؔائیل کے خُدا کا جلال مشرق کی راہ کی طرف سے آیااَور اُس کی آواز سیلاب کے شور کی سی تھی اَور زمین اُس کے جلال سے مُنّور ہو گئی۔ 3 اَور جو رُؤیا مَیں نے دیکھی وہ اُس رُؤیا کی طرح تھی جو مَیں نے اُس وقت دیکھی جب خُداوند شہر کو برباد کرنے آیا تھااَور وہ تِفصیلاً اُس رُؤیا کی مانند تھی جو مَیں نے نہر کبؔار پر دیکھی ۔تب مَیں مُنہ کے بَل گِرا۔ 4 اَور خُداوند کا جلال اُس پھاٹک کی راہ سے گھر میں داخِل ہُوا جس کا رُخ مشرق کی راہ کی طرف ہَے۔ 5 اَور رُوح نے مُجھے اُٹھا لِیا اَور مُجھے اندرُونی صحن میں پُہنچا دِیا تو کیا دیکھتا ہُوں کی خُداوند کے جلال نے گھر کو پُر کر دِیا۔ 6 اَور مَیں نے گھر میں سے کِسی کو اپنے سامنے کلام کرتے سُنا۔اَور وہ شخص میرے پاس کھڑا تھا۔ 7 اَور اُس نے مُجھ سے کہا۔کہ اَےابنِ بشر! تُو نے میری تخت گاہ اَور میرے پاؤں کے تلوؤں کی جگہ کو دیکھا ہے جہاں مَیں بنی اِسرؔائیل کے درمیان ہمیشہ کے لئے سکوُنت پذیر ہُوں گا۔اَور اِسرؔائیل کے گھرانے کے لوگ کیا رعایا کیا بادشاہ اپنی زِنا کاری اَور اپنے شاہی ستُونوں اَور اپنی اُونچی جگہوں سے پِھر میرے قُدُّوس نام کو داغ نہ لگائیں گے۔ 8 کیونکہ وہ اپنی دہلیز کے ساتھ اَور اپنی چوکھٹ میری چَوکھٹ کے ساتھ لگاتے تھے یہاں تک کہ میرے اَور اُن کے درمیان فَقط دِیوار تھی۔اُنہوں نے اپنے مکرُوہ کاموں سے جو وہ کرتے تھے میرے قُدُّوس نام کو داغ لگایا اَس لئے مَیں نے اپنے غضب میں اُنہیں فنا کر دِیا۔ 9 پس وہ اپنی زِنا کاریاں اَور اپنے بادشاہوں کی لاشیں مُجھ سے دُور کر دیں تو مَیں اَبد تک اُن کے درمیان رہُوں گا۔ 10 اَے ابنِ بشر! تُو اِسرؔائیل کے گھرانے کو یہ گھر دِکھا دے تاکہ وہ اپنی بدکرداری سے شِرمندہ ہو جائیں یعنی اُس کے ناپ اَور اُس کی مُکمل ترتیب۔ 11 اَور اگر وہ اپنے تمام کاموں سے شرمندہ ہوں تو اِس گھرکا نقشہ اَور ترتیب اَور اُس کے مُخارِج و مَداخل اَور اُن کی پُوری شکل۔اَور اُس کی تمام رسُوم اَور تمام قواعد اُنہیں دِکھا دے اَور اُن کی آنکھوں کے سامنے رقم کرتا کہ وہ اُس کا کُل نقشہ اَور اُس کی تمام رسُوم کو حِفظ کر کے عمل میں لائیں۔ 12 اِس گھر کا قانُون یہ ہے۔ اِس کی تمام حُدُود پہاڑ کی چوٹی پر نہایت مُقدّس ہُوں گی۔ 13 اَور مذَبح کی پیمائش ہاتھ کی یعنی ایک ہاتھ چار اُنگل کے ہاتھ کی ناپ سے یہ ہے۔پیندا ایک ہاتھ اُونچا ایک ہاتھ چوڑا ہو گا۔اَور اُس کے اِرد گرد کا حاشیہ ایک بالِشت ہو گا۔مذَبح کا پایہ یہی ہے۔ 14 اور زمین پر کے اُس پیندے سے لے کر نچلی سطح تک دو ہاتھ۔اَور چوڑائی ایک ہاتھ ہو گی اَور چھوٹی سطح سے لے کر بڑی سطح تک چار ہاتھ اَور چوڑائی ایک ہاتھ ہو گی۔ 15 اَور آتشدان چار ہاتھ اُونچا ہو گا اَور آتشدان سے اُوپر کی طرف چار سِینگ ہوں گے۔ 16 اَور آتشدان کی لمبائی بارہ ہاتھ اَورچوڑائی بارہ ہاتھ ہو گی چاروں طرف مُربّع۔ 17 اَور سطح کی لمبائی چودہ ہاتھ اَورچوڑائی چودہ ہاتھ چاروں طرف برابر۔اَور گِرداگِرد کا حاشیہ نصف ہاتھ اَور پیندا گِرداگِرد ایک ہاتھ۔اَور اُس کی سیڑھیاں مشرقی رُو (طرف ) ہو ں گی۔ 18 اَور اُس نے مُجھ سے کہا۔اَے ابنِ بشر! مالِک خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ شرائع مذَبح یہی ہیں۔جس روز وہ بنایا جائےگا۔تاکہ اُس پر سو ختنی قُربانی چڑھائی جائے۔اَور خُون اُس پر چِھڑکا جائے۔ 19 تب تُو صدوؔق کی نسل کے اُن لاوی کاہِنوں کو جو میری خدمت کے لئے میرے حضُور آتے ہیں(مالِک خُداوندکا فرمان ہے)خطا کی قُربانی کے لئے بچھڑا دینا۔ 20 اَور اُس کے خُون میں سے لینا اَور چاروں سیِنگوں پر اَور سطح کے چاروں کونوں پر اَور گِردا گِرد کے حاشیے پر لگا کر اُسے پاک کرنا اَوراُس کے لئے کَفاّرہ دینا۔ 21 تب تُو خطا کے بچھڑے کو لِینا اَور گھر کی مُقرّرہ جگہ میں مَقدِس کے باہر اُسے جَلوادینا۔ 22 اَور دوسرے دِن خطا کی قُربانی کے لئے بکری کا ایک بے عیب بچّہ چڑھانا اَور جس طرح بچھڑے سے کیا گیا اُسی طرح مذَبح کو پاک کروانا۔ 23 اَور پاک کرنے سے فارغ ہو کر ایک بے عیب بچھڑا اَور گلّے کا ایک مینڈھا چڑھانا۔ 24 تُو اِن دونوں کو خُداوند کے حضُور چڑھانا۔اَور کاہِن اِن پر نمک چھڑکیں اَور اِنہیں سو ختنی قُربانی کے طور پر خُداوند کے حضُور چڑھائیں۔ 25 سات دِن تک تُو ہر روز خطا کی قُربانی کے لئے بکرا گُزراننا۔اَور بچھڑا اَور گلّے کا مینڈھا چڑھوانا۔یہ دونوں بے عیب ہوں۔ 26 سات دِن تک مذَبح کے لئے کَفّارہ دِیا جائے اَور وہ پاک کِیا جائے اَور مخصُوص کِیا جائے۔ 27 اَور جب یہ دِن پُورے ہوں گے تو یُوں ہو گا کہ آٹھویں دِن اَور آئندہ کاہِن تُمہاری سوختنی قُربانیاں اَور تُمہارے سلامتی کے دَبیحے گُزرانیں اَور مَیں تُم سے خُوش ہُوں گا۔(مالِک خُداوند کا فرمان یُونہی ہے)۔