باب

1 ۔ یہوداہ کی شان ِ مستقبل لیکن آخِری دِنوں میں یُوں ہو گا کہ خُداوند کے گھر کا پہاڑ پہاڑوں کی چوٹی پر قائم کِیا جائے گا۔ اَور پہاڑوں سے بُلند کِیا جائے گا اَور اُمّتیں اُس کی طرف روانہ ہوں گی۔ 2 ۔ اَور بُہت سی قومیں آئیں گی اَور کہیں گی۔ آؤ ہم خُداوند کے پہاڑ کی طرف یعنی یَعقُوبؔ کے خُدا کے گھر کی طرف چڑھیں اَور وہ اپنی راہیں ہمیں سکھائے گا تو ہم اُس کے رستوں میں چلیں گے کیونکہ صیوؔن سے شریعت اَور یرُوشلیِؔم سے خُداوند کا کلام صادِر ہو گا۔ 3 ۔ اَور وہ بُہت سی اُمّتوں کے درمیان عدالت کرے گا اَور دُور کی طاقتور قوموں کو ڈانٹے گا تو وہ اپنی تلواروں کو توڑ کر پھالیں اور نیزوں کو درانتیاں بنائیں گی۔پِھر قوم پر قوم تلوار نہ اُٹھائے گی اَور وہ پھِر کبھی جنگ کرنا نہ سیکھیں گے۔ 4 ۔ تب ہر ایک آدمی اپنی تاک اَور اپنے اِنجیر کے درخت کے نیچے بیٹھے گا اَور کوئی اُسے نہ ڈرائے گا اِس لئے کہ ربُّ الا فواج نے اپنے مُنہ سے یہ فرمایا ہَے۔ 5 ۔ کیونکہ دِیگر سب اُمّتیں اپنے اپنے مَعبُود کے نام سے چلیں گی جبکہ ہم اُبدا لآباد تک خُداوند اپنے خُدا کے نام سے چلیں گے۔ 6 اُسے جو لنگڑاتی ہَے جمع کرُوں گا اَور جو ہانکی گئی ہَے اَور جِسے مَیں نے دُکھ دِیا ہَے اُسے فراہم کروں گا۔ 7 ۔ اَور جو لنگڑاتی تھی اُسے بَقیّہ اَور جو آوارہ کی گئی تھی اُسے زور آور قوم بنا دُوں گا اَور خُداوند کوہِ صیوؔن پر اَبدُالآ باد تک اُن پر سلطنت کرے گا۔ 8 ۔ اَور تُو اَے گلّے کے بُرج۔ اَے بیٹی صیوؔن کے عوفِل ۔ قدیم سلطنت یعنی بیٹی یرُوشلیِؔم کی بادشاہی تُجھے ہاں تُجھ ہی کو پھِر مِلے گی۔ 9 ۔اَب تُو اِتنا کیوں چِلّاتی ہَے ؟ کیا تُجھ میں کوئی بادشاہ نہیں؟ کیا تیرا صلاح کار نیست ہو گیا؟ کہ تُجھے دردِزِہ کے سے دُکھ لگے ہیں۔ 10 ۔ اَے بیٹی صیوؔن زَچّہ کی مانند دردِزِہ کے سے دُکھ تُجھے لگیں کیونکہ اَب تُو شہر سے خارِج ہو کر میدان میں رہے گی بلکہ بابؔل تک جائے گی۔ وہاں تُو رہائی پائے گی وہاں خُداوند تُجھے تیرے دُشمنوں کے ہاتھ سے چُھڑائے گا۔ 11 ۔ اِس وقت بُہت سی قومیں تیری مُخالِفت میں جمع ہو کر کہتی ہَیں کہ صیوؔن ناپاک ہو اَور ہم اُس کی رُسوائی پر نظر کریں ۔ 12 ۔ لیکن وہ خُداوند کی تدبیروں سے آگاہ نہیں اَور اُس کی مصلحت کو نہیں سمجھتیں کہ وہ کیسے اُنہیں پُولوں کی طرح کَھلیان میں جمع کرتا ہَے۔ 13 ۔اَے بیٹی صیوؔن۔ اُٹھ اور پامال کر کیونکہ مَیں تیرے سِینگ کو لوہا اَور تیرے کُھروں کو پِیتل بناؤُں گا اور تُو بُہت سی قوموں کو رِیزہ رِیزہ کر دے گی اَور اُن کی غنیمت خُداوند کے لئے اَور اُن کی دولت کو ربُّ العامیِن کے لئے مخصُوص کرے گی۔