باب

1 ۔ اور سارہ کی عمر ایک سو ستائیس برس کی ہُوئی ۔ سارہ کی زندگی کے اتنے ہی سال تھے۔ 2 ۔اور سارہ نے ملک کِنعان میں قریت اربع میں جو آجکل حبرون ہے ،وفات پائی اور ابرہام سارہ کے لئے ماتم اور نوحہ کرنے اندر گیا۔ 3 ۔اور ابرہام اپنی مرحومہ بیوی کے پاس سے اُٹھ کر بنی حت سے باتیں کرنے گیا۔ 4 ۔ اور کہا ۔ کہ میَں تمہارے پاس پردیسی اور غریب الوطن ہُوں ۔تم اپنے ہاں قبرکے لئے کوئی ملکیت مجھے دو تاکہ میَں اپنی مرحومہ کو آنکھ کے سامنے سے ہٹا کردفن کردوں۔ 5 ۔تب بنی حت نے ابرہام سے جواب میں کہا ۔ 6 ۔کہ اے میرے آقا ہماری سُن ۔ تُو ہمارےدرمیان ایک زبردست سردار ہے ۔ہماری قبروں میں سے جو سب سے اچھی ہے ۔اِس میں اپنی مرحومہ کو دفنا ۔ اور ہم میں کوئی نہیں جو تجھے اپنی قبر سے منع کرے ۔ کہ تُو اپنی مرحومہ کو وہاں نہ دفنا ۔ 7 ۔ تب ابرہام نے اُٹھ کر اُس ملک کے لوگوں بنی حت کے سامنے اپنا سر جھکایا۔ 8 ۔اور اُن سے یُوں بولا ۔اگر تمہاری مرضی ہو۔کہ میَں اپنی مرحومہ کو آنکھوں کے سامنے سے ہٹا کردفناؤں تو میری سُنو۔عفرون بن صحر سے میر ی سفارش کرو۔ 9 ۔ کہ وہ مکفیلہ کے غار کو جو اُس کا ہے۔ اور اُس کے کھیت کے کنارے پر ہے۔ اُس کی پُوری قیمت لے کر مجھے دے۔ تاکہ تمہارے بیچ ایک قبر میری ملکیت ہو۔ 10 ۔اور عفرون بنی حت کے درمیان بیٹھا تھا ۔ تب عفرون حتی نے بنی حِت کے سامنے اُن سب لوگوں کے رُوبرو جو اُس شہر کے دروازے سے داخل ہوتے تھے ابرہام کے جواب میں کہا ۔ 11 ۔نہیں میر ے آقا سُن ۔میَں یہ کھیت تجھے دیتا ہوں ۔ اور وہ غار بھی، جو اُس میں ہے ، اپنی قوم کے فرزندوں کی موجودگی میں تجھے دیتا ہُوں۔ تُو اپنی مرحومہ کو دفنا ۔ 12 ۔تب ابرہام نے اُس ملک کے لوگوں کے سامنے سر جھکایا ۔ 13 ۔اور اُس ملک کے لوگوں کے سُنتے ہُوئے عفرون سے ہمکلام ہو کر کہا ۔ میَں عرض کرتا ہوں ۔ میری سُن ۔ میَں تجھے اِس کھیت کی قیمت دُوں گا۔ تُو مجھ سے لے۔ تو میَں اپنی مرحومہ کو وہاں دفناؤں گا۔ 14 ۔عفرون نے ابرہام کے جواب میں کہا ۔ 15 ۔اے میرے آقا میری سُن ۔یہ زمین چاندی کے چار سو مثقال کی ہے ۔یہ تیرے او ر میرے درمیان کیا ہے ؟ پس تُو اپنی مرحومہ اُس میں دفنا ۔ 16 ۔جب ابرہام نے یہ سُنا ۔تو اُس نے اتنی چاندی عفرون کے لئے تول دی۔ جتنی اُس نے بنی حِت کے سامنے کہی تھی ۔یعنی چار سو مثقال چاندی جو سوداگروں میں رائج تھی۔ 17 ۔ سو عفرون کا وہ کھیت جو مکفیلہ میں ممرے کے مشرق میں تھا ۔ وہ کھیت او ر وہ غار جو اُس میں تھا ۔ اور سارے درخت جو اُس کھیت میں اور اُس کی چاروں طرف کی حدود میں تھے ۔ 18 ۔ بنی حِت کے اور اُن سب کے رُوبرُو جو اُس شہر کے دروازے سے داخل ہوتے تھے۔ یہ سب ابرہام کی ملکیت ہو گئے ۔ 19 ۔بعد اُس کے ابرہام نے اپنی بیوی سار ہ کو مکفیلہ کے کھیت کے غار میں جو ممرے کے مشرق میں ہے ، دفنایا۔اور کِنعان کی زمین جو آجکل حبرون ہے ۔ 20 ۔چُنانچہ وہ کھیت اور وہ غار جو اُس میں تھا ۔ بنی حِت نے قبرستان کے لئے ابرہام کی ملکیت ٹھہرا۔