باب

1 چٹان سے پانی تب بنی اِسرائیل کی ساری جماعت نے خُداوند کے حکم کےمطُابق صیِن کے بیِابان سے منزل بہ منزل کوُچ کیِا ۔ اور رفیدیم میں ڈیرا لگایا جہا ں لوگوں کے پینے کے لئے پانی نہ تھا ۔ 2 ۔تب موسیٰ نے لوگوں سے جھگڑا کیِا اور کہا ۔ کہ پینے کے لئے ہمیں پانی دے ۔ موُسیٰ نے کہا۔ تم میرے ساتھ کیوں جھگڑتے ہو۔ اور کیوں خُداوند کو آزماتے ہو ؟۔ 3 ۔اَور وہاں لوگ پانی کے پیاسے ہوئے ۔ اَور موُسیٰ پر کُڑکُڑائے اور کہا ۔ تُو ہمیں مصر سے یہاں کیوں لایا ؟ تاکہ ہمیں اور ہمارے لڑکے اور مویشی کو پیاس سے ہلاک کرے ۔ 4 ۔تب موُسیٰ نے خُداوند سے فریا د کر کے کہا ۔ میَں اِن لوگوں سے کیا کرُوں؟ ابھی تھوڑی دیر میں وہ مجھے سنگسار کریں گے ۔ 5 ۔ تب خُداوند نے اُس سے فرمایا ۔ لوگوں کے آگے جا ۔ اور اِسرائیل کے بزرگوں کو ساتھ لے ۔ اَور اپنا وہ عصا جو تُونے دریا پر مارا تھا ۔ اپنے ہاتھ میں لے کر چل دے۔ 6 ۔دیکھ ۔میَں وہاں تیرے آگے حورب میں چٹان پر کھڑا ہُوں گا ۔ تُو اُس چٹان پر مارنا ۔ تب اُس میں سے پانی نکلے گا۔ تو لوگ اُسے پیئیں گے۔ چُنانچہ موُسیٰ نے بنی اِسرائیل کے بزرگوں کے رُوبرُو ایسا ہی کیِا۔ 7 ۔ اَور اُس جگہ کا نام مَسہ اَور مرَیبہ رکھا۔ کیونکہ بنی اِسرائیل نے جھگڑا کیِا اور خُداوند کو آزمایا یہ کہہ کر، کہ آیا خُداوند ہمارے درمیان ہے یا نہیں؟ 8 عمالیق پر فتح تب عمالیق آئے اَور رفیدیم میں اِسرائیل کے ساتھ لڑے ۔ 9 ۔تو موُسیٰ نے یشُوع سے کہا۔ ہمارے لئے مرد چُن اور عمالیق کے ساتھ لڑائی لڑنے کو نکل۔ اور کل میَں خُداوند کا عصا ہاتھ میں لے کر پہاڑی کی چوٹی پر کھڑ ا ہُوں گا۔ 10 ۔تو یشُوع نے جیسا اُس سےموُسیٰ نے کہا تھا کیِا اَور عمالیق کے ساتھ لڑائی لڑی ۔ اَور موُسیٰ اور ہارون اَورحور پہاڑی کی چوٹی پر چڑھے۔ 11 ۔اَو ر ایسا ہُؤا ۔ کہ جب موُسیٰ اپنے ہاتھ اُوپر اُٹھاتا تھا۔ اِسرائیل غالب ہوتا تھا ۔ اَور جب نیچے کرتا تھا عمالیق غالب ہوتا تھا۔ 12 ۔اور جب موُسیٰ کے ہاتھ بھاری ہو گئے ۔ اُنہوں نے ایک پتھر لیِااَور اُس کے نیچے رکھا ۔ اور وہ اُس پر بیٹھ گیا ۔ اور ہارون اور حُور نے اُس کے ہاتھوں کو ، ایک نے اِدھر اور ایک نے اُدھر سہارا دِیا تو اُس کے ہاتھ سورج کے غُروب ہونے تک قائم رہے ۔ 13 ۔اَور یشُوع نے عمالیق اور اُس کے لوگوں کو تلوار کی دھار سے شکست دی۔ 14 ۔ اور خُداوند نے موُسیٰ سے فرمایا ۔ کہ یاداشت کے لئے اُسے کتاب میں لکھ رکھ۔۔ اور یشُوع کے کان میں کہہ دے ۔ کیونکہ میں عمالیق کا ذکر آسمان کے نیچے سے مِٹا دُوں گا۔ 15 ۔ اور موُسیٰ نے ایک قُربان گاہ بنائی اور اُس کا نام یَہوواہ نِسّی رکھا ۔ 16 ۔اور کہا کہ تختِ خُداوند کی طرف ہاتھ بُلند ! خُداوند کی جنگ عمالیق سے پُشت در پُشت۔