1
۔ بنی اِسرائیلؔ پر مصرِ میں ظُلم اِسرائیؔل کے بیٹوں کے نام جو مصر میں آئے یہ ہیں۔ ہر ایک اپنے گھرانے کو لے کر یعقُوب کے ساتھ آیا۔
2
۔ رُوبِن اورشمعُون اور لاوی اور یہوُداہ۔
3
۔ اور اشکار اور زبُولون اور بنیمین۔
4
۔ اور دان اور نفتالیؔ اور جدؔ اور آشر۔
5
۔اور ساری جانیں جو یعقُوب کے صُلب سے پیدا ہُوئیں ستّر تھیں۔ اور یوسف مصر میں تھا۔
6
۔ اور یُوسف اور اُس کے سب بھائی اَور سارے لوگ اُس کی پُشت کے مر گئے۔
7
۔ لیکن اِسرئیل ؔ کی اولاد برومند ہُوئی اَور بُہت بڑھی اور نہایت زور آور ہوُئی اور ملک اُن سے بھر گیا۔
8
۔اَور مصر میں ایک نیا بادشاہ اُٹھا۔ جو یوُسف کو نہ جانتا تھا
9
۔ اُس نے اپنے لوگوں سے کہا ۔ دیکھو بنی اِسرائیلؔ کے لوگ ہم سے زیادہ اور قوی تر ہیں۔
10
۔ آؤ ہم اُن کےساتھ چالاکی سے سلوُک کریں تا نہ ہو ۔کہ جب وہ اَور زیادہ بڑھیں۔ اَور جنگ پڑےتو وہ ہمارے دُشمنوں سے مل جائیں۔ اور ہم سے لڑیں اور ملک سے نکل جائیں۔
11
۔ اِس لئے اُنہوں نے اُن پر کاموں کے عامل مقُرر کئے ۔ تاکہ اُنہیں سخت کاموں کے بوجھوں سے ستائیں۔ اور اُنہوں نے فرعون کے لئے ذخیرہ کے شہر پتوم اور رعمسیسؔ بنائے۔
12
۔ لیکن اُنہوں نے جِتنا انہیں دُکھ دِیا وہ زیادہ بڑھتے اور فراوان ہوتے گئے۔ حتی کہ وہ بنی اِسرائیل ؔ سے ڈرنے لگے۔
13
۔ اور مصریوں نے بنی اِسرائیلؔ سے خدمت لینے میں سختی کی ۔
14
۔ اور اُنہوں نے اُس سے سخت محنت سے گارا اور اِینٹ بنوا بنوا کر ۔ اور کھیت میں ہر قِسم کی خدمت لے لے کر اُن کی زندگی تلخ کی۔ یہ اُن کی تمام خدمت گزاری تھی جو وہ مار مار کر اُن سے کرواتے تھے۔
15
۔ تب مصر کے بادشاہ نے عبِرانی عورتوں کی دائیوں سے جِن میں ایک کا نام سفرہ اور دُوسری کا نام فُوعہ تھا کلام کیِا۔
16
۔ اَورکہا کہ عبِرانی عورتوں کے لئے جب تم دائی کا کام کرو ۔ تو تم دیکھو کہ اگر لڑکا ہو تو اُسے ہلاک کرو اَور اگر لڑکی ہو تو اُسے زندہ رہنے دو۔
17
۔پر دائیاں خُدا سے ڈریں اور جیسا کہ مصر کے بادشاہ نے اُنہیں حُکم دِیا تھا، نہ کیِا اور لڑکوں کو زِندہ رہنے دِیا۔
18
۔ تب مصر کے بادشاہ نے دائیوں کو بُلوایا اور اُنہیں کہا ، تم نے ایسا کیوں کیِااور لڑکوں کو کیوں زندہ رہنے دِیا؟
19
۔ اُنہوں نے فرعُون سے کہا ۔ کہ عبِرانی عورتیں مصر کی عورتوں کی مانند نہیں بلکہ وہ مضُبوط ہیں۔ اور پیشتر اِس سے کہ ہم پہنچیں ۔ جَن لیتی ہیں۔
20
۔ اور خُداوند نے دائیوں کے ساتھ احسا ن کیِا۔ اور لوگ بڑھتے رہے اور بُہت زیادہ ہونے لگے۔
21
۔اورچونکہ دائیاں خُدا سے ڈریں اُس نے اُن کے گھروں کو آباد کیِا۔
22
۔ اور فرعُون نے اپنے سب لوگوں کو تاکیدکر کے کہا۔ کہ عبِرانیوں میں جو لڑکاپیدا ہو تم اُسے دریا میں ڈال دو اور جو لڑکی ہو اُسے زندہ رہنے دو۔