1
کاہنوں کی تقدیس اور خُداوند نے موسیٰ سے کلام کر کے فرمایا۔
2
کہ ہارُون اور اُس کے ساتھ بیٹوں کو۔ اور اُن کا لباس اور مَسح کا تیل اور خطا کے لئے بچھڑا اور دو مینڈھے اور بےخمیری روٹیوں کی چنگیر لے۔
3
اور ساری جماعت کو خیَمہ اجتماع کے دروازہ کے پاس اکٹھا کر۔
4
تب موسیٰ نے جیسا خداوند نے فرمایا کیا۔ اور جماعت حضُوری کے خیمہ کے دروازہ کے پاس جمع ہوئی۔
5
تب موسیٰ نے کہا کہ یہ وہ بات ہے جس کے کرنے کا خداوند نے حکم دیا ہے۔
6
اور موسیٰ ہارون اور اُس کے بیٹوں کو آگے لایا اور اُنہیں پانی سے غسل کرایا۔
7
پھر اُسے کُرتہ پہنایا اور اُس پر کمربند باندھا اور اُسے جُبہ پہنایا۔ اور اُس پر افودپہنایا۔ اور افود پٹکا لپیٹا۔اور اُس نے اُسے باندھا۔
8
اور اُس پر سینہ پوش لگایا۔ جس میں اُوریم اور تمیم تھا۔
9
اور اُس کے سر پر عمامہ رکھا اور اُس پر پیشانی کے اُوپر سونے کا مقدس تاج رکھا۔ جیسا کہ خداوند نے موسیٰ کو حکم دیا تھا۔
10
اور موسیٰ نے مسَح کا تیل لیا۔ اور مسکن اور اُس کے اندر کےسب سامان کو مَسح کیا۔ اور اُنہیں پاک کیا۔
11
اور اُس میں سے مذبح پر سات بار چھڑکا اور مذبح اور سب برتنوں اور حوض اور اُس کی چوکی کو مَسح کیا۔ تاکہ وہ پاک ہوں۔
12
اور مسَح کے تیل میں سے ہارون کے سر پر ڈالا اور اُس کی تقدیس کے لئے اُسے مَسح کیا۔
13
تب موسیٰٰ ہارون کے بیٹوں کو آگے لایا اور اُنہیں کرتے پہنائے۔ اُنہیں کمر بند باندھے۔ اور اُنہیں دستاریں پہنائیں۔ جیسا کہ خداوند نے موسیٰ کو حکم دیا تھا۔
14
تب وہ خطا کے لئے بچھڑا آگے لایا اور ہارون اور اُس کے بیٹوں نے اپنے ہاتھ خطا کے بچھڑے کے سر پر رکھے۔
15
اور موسیٰ نے اُسے ذبح کیا۔ اور اُس کا خون لیا اور مذبح کے سینگوں پر سب طرف اپنی اُنگلی سے لگایا۔ اور مذبح کو پاک کیا اور اُس کے پائے کے پاس باقی خون اُنڈیلا اور اُسے پاک کیا تاکہ اُس پر کفارہ دیا جائے۔
16
اور موسیٰ نے سب چربی جو اَنتڑیوں پر تھی اور کلیجہ کی جِھلّی اور دونوں گُردے اور اُن کی چربی لی۔ اور اُنہیں مذبح پر جلایا۔
17
اور بچھڑے کے ساتھ اُس کی کھال اور گوشت اور آلائش کے خیمہ گاہ سے باہر آگ سے جلایا۔ جیسا کہ خداوند نے موسیٰ کو حکم دیا تھا۔
18
پھر وہ سوختنی قُربانی کے مینڈھے کو آگے لایا اور ہارون اور اُس کے بیٹوں نے اپنے ہاتھ اُس کے سر پر رکھے۔
19
اور موسیٰ نے اُسے ذبح کیا اور اُس کا خون مذبح پر سب طرف چھڑکا۔
20
اور موسیٰ نے مینڈھے کو کاٹ کر ٹکڑے کئے۔ اور سر اور ٹکڑوں اور چربی کو جلایا۔
21
اور اَنتڑیاں اور پائے پانی سے دھوئے اور موسیٰ نے مینڈھے کا سب کچھ مذبح پر جلایا۔ یہ سوختنی قُربانی عمدہ خوشبو خداوند کے لئے آتشین قُربانی تھی۔ جیسا کہ خداوند نے موسیٰ کو حکم فرمایا تھا۔
22
تب وہ دوسرے مینڈھے یعنی کاہنوں کی تقدیس کے مینڈھے کو نزدیک لایا۔ اور ہارون اور اُس کے بیٹوں نے اپنے ہاتھ اُس کے سر پر رکھے۔
23
اور موسیٰ نے اُسے ذبح کیا۔ اور خون میں سے کچھ لیا۔ اور ہارون کے دہنے کان کی نوک پر اور اُس کے دہنے ہاتھ کے انگوٹھے پر اور دہنے پائوں کے انگوٹھے پر لگایا۔
24
تب وہ ہارون کے بیٹوں کو آگے لایا۔ اور خون میں سے کچھ اُن کے دہنے کانوں کی نوک پر اور اُن کے دہنے ہاتھوں کے انگوٹھوں پر اور اُن کے دہنے پاؤں کے انگوٹھوں پر لگایا۔ اور موسیٰ نے باقی ماندہ خون مذبح پر سب طرف چھڑکا۔
25
اور چربی اور دُم اور سب چربی جو اَنتڑیوں پرتھی اور کلیجہ کی جِھلّی اور دونوں گُردے اور اُن کی چربی اور دہنی ران کو لیا۔
26
اور بے خمیری روٹیوں کی چنگیر میں سے جو خداوند کے سامنے تھی ایک بے خمیری کُلچہ اور ایک روغنی کُلچہ اور ایک چپاتی لی۔ اور اُنہیں چربی اور دہنی ران کے اوپر رکھا۔
27
اور سب کو ہارون اُس کے بیٹوں کی ہتھیلیوں پر رکھا۔ اور اُنہیں خداوند کے سامنے ہلانے کی قُربانی کے لئے ہلایا۔
28
پھرموسیٰ نے اُنہیں اُن کی ہتھیلیوں سے لیا اور مذبح پر سوختنی قربانی کے اُوپر جلایا۔ کیونکہ یہ تقدیس کی قُربانی خداوند کے لئے عمدہ خوشبودار آتشین قربانی تھی۔
29
پھر موسیٰ نے سینہ کو لیا اور خداوند کے سامنے ہلانے کی قُربانی کے لئے ہلایا۔ اور یہ کاہِن کی مخصُوصیت کے مینڈھے میں سے موسیٰ کا حِصہ ہوا جیسا کہ خداوند نے موسیٰ کو فرمایا تھا۔
30
تب موسیٰ نے مسح کےتیل میں سے اور خون میں سے جو مذبح پر تھا لیا۔ اور ہارون پر اور اُس کے کپڑوں پر اور اُس کے بیٹوں پر اور اُن کے کپڑوں پر چھڑکا اور ہارون کو اور اُس کے کپڑوں کو اور اُس کے بیٹوں کو اور اُن کے کپڑوں کو پاک کیا۔
31
اور موسیٰ نے ہارون اور اُس کے بیٹوں سے کہا۔ کہ خیَمہ اجتماع کے دروازہ کے پاس یہ گوشت پکاؤ۔ اور اُسے وہیں تقدِیس کی ہوئی روٹی کے ساتھ جو چنگیر میں ہے کھائو۔ جیسے خداوند نے مجھے حکم دے کر کہا۔ کہ ہارون اوراُس کے بیٹے اُسے کھائیں۔
32
اور جو کچھ گوشت اور روٹی سے بچ رہے۔ اُسے آگ میں جلاؤ۔
33
اور خیمہ اجتماع کے دروازہ کے نزدیک سے سات دن باہر نہ جاؤ۔ جب تک کہ تمہاری تقدیس کے دن پورے نہ ہوں کیونکہ سات دن میں تمہاری تقدیس تمام ہو گی۔
34
جیسا کہ آج تمہارے ساتھ کیا گیا ہے۔ خُداوند نے حکم دیا کہ تمہارے کفارہ دینے کے لئے ویسا ہی کیا جائے۔
35
اور تم خیمہ اجتماع کے دروازہ کے پاس دن اور رات سات روز تک خدمت کرتے ہوئے ٹھہرے رہو۔ تاکہ تم مر نہ جاؤ۔ کیونکہ ایسا ہی مجھے حکم دیا گیا ہے۔
36
تب ہارون اور اُس کے بیٹوں نے اُن سب حکموں کے مطابق جو خُداوند نے اُنہیں موسیٰ کی زبان سے فرمائے تھے عمل کیا۔