1
کاہنوں کی پاکیزگی اور خُدا نے موسیٰ سے فرمایا کہ ہارون کے بیٹوں سے جو کاہِن ہیں خطاب کر اور اُن سے کہہ۔ کہ اپنے لوگوں کے مردہ سے تم میں سے کوئی اپنے آپ کو ناپاک نہ کرے۔
2
مگر اُس کے لئے جو قریبی رشتہ دار ہو۔ اپنی ماں کے لئے اور اپنے باپ کے لئے اور اپنے بیٹے کے لئے اور اپنی بیٹی کے لئے اور اپنے بھائی کے لئے۔
3
اور اپنی کنواری بہن کے لئے جو اُس کے ساتھ ہے اورمرد سے واقف نہیں ہوئی وہ ناپاک بن سکتا ہے۔
4
مالک اپنے لوگوں میں اپنے آپ کو ناپاک نہ کرے کہ آلودہ ہو۔
5
وہ اپنے سروں کے بال اور اپنی داڑھیوں کے کونے نہ مونڈیں اور اپنے بدنوں پر چیر نہ لگائیں۔
6
اور وہ اپنے خدا کے لئے مقدس ہوں اور اُس کے نام کو داغ نہ لگائیں۔ کیونکہ وہ خداوند کے لئے آتشین قربانیاں جو اُن کے خدا کی غذا ہے گزرانتے ہیں۔ پس وہ پاک رہیں۔
7
وہ فاحشہ یا بے حُرمت کی ہوئی عورت کو اپنی بیوی نہ بنائیں۔ اور نہ اُس عورت کو جسے اُس کے خاوند نے طلاق دے دی ہو۔ کیونکہ وہ اپنے خُدا کے لئے مقدس ہیں۔
8
پس تم اُنہیں مقُدس جانو۔ کیونکہ وہ تیرے خُدا کی غذا گزرانتے ہیں۔ وہ تیرے نزدیک مقدس ہوں۔ کیونکہ میَں خداوند تمہیں مقدس کرنے والا قدوس ہوں۔
9
اگر کسی کاہِن کی بیٹی اپنے آپ کو بے حُرمت کرے۔ اُس نے اپنے باپ کو ذلیل کیا۔ وہ آگ میں جلائی جائے۔
10
وہ جو اپنے بھائیوں میں سردار کاہن ہے۔ جس کے سر پر مَسح کا تیل ڈالا گیا ہو اور جس کے ہاتھوں کی تقدیس کی گئی ہو کہ لباس پہنے وہ اپنا سر ننگا نہ کرے اور اپنے کپڑے نہ پھاڑے۔
11
وہ کسی مردہ کے پاس اندر نہ جائے۔ یہاں تک کہ اپنے باپ اور اپنی ماں کے لئے اپنے آپ کو ناپاک نہ کرے۔
12
اور مقدِس سے باہر نہ نکلے۔ اور اپنے خُدا کے مقدِس کو بے حُرمت نہ کرے۔ کیونکہ اُس کے سر پر اُس کے خدا کے مَسح کا تاج ہے۔ میَں خُداوند ہوں۔
13
اور وہ کنُواری عورت کے ساتھ بیاہ کرے۔
14
وہ کسی بیوہ یا طلاق دی ہوئی یا بے حُرمت کی ہوئی یا فاحشہ عورت سے نہیں بلکہ اپنے لوگوں میں سے کنُواری کے ساتھ بیاہ کرے۔
15
وہ اپنی نسل کو اپنے لوگوں میں بے حُرمت نہ کرے۔ کیونکہ میَں خداوند اُس کا مقدس کرنے والا ہوں۔
16
اور خُداوند نے موسیٰ سے کلام کر کے فرمایا۔
17
ہارُون سے خطاب کر اور کہہ ۔کہ تیری نسل میں سے پُشتوں کے دوران اگر کسی مرد میں کوئی نقص ہو۔ تو وہ خُدا کی غذا گزراننے کے لئے نزدیک نہ آئے۔
18
اور کوئی آدمی جس میں نقص ہو نزدیک نہ آئے۔ جیسے کہ اندھا یا لنگڑا یا چپٹی ناک والا یا جس کے اعضا میں کمی بیشی ہو۔
19
اور وہ جس کا پاؤں یا ہاتھ ٹُوٹا ہوا ہو۔
20
یا کبُڑا یا باؤنا اور وہ جس کی آنکھ میں سفیدی ہو اور داد والا اور کھجلی بھرا اور جس کے خُصیے کُچلے گئے ہوں۔
21
ہارون کاہن کی نسل میں سے کوئی آدمی جس میں عیب ہو نزدیک نہ آئے کہ خداوند کے لئے آتشین قُربانیاں گُزرانے۔ وہ عیب دار ہے وہ خداوند کی غذا گزراننے کے لئے بھی نزدیک نہ آئے۔
22
لیکن وہ خدا کی غذا خواہ پاک ترین ہو خواہ پاک کھا سکتا ہے۔
23
وہ پردے کے اندر داخل نہ ہو اور مذبح کے نزدیک نہ آئے۔ کیونکہ وہ عیب دار ہے۔ وہ میرے مقُدس مقاموں کو بے حُرمت نہ کرے۔ کیونکہ میَں خُداوند اُن کا مقدس کرنے والا ہوں۔
24
تب موسیٰ نے ہارون اور اُس کے بیٹوں اور تمام بنی اِسرائیل کو یہ سنایا۔